Back to Languages

Urdu - Chapter 71 - Nuh

Translation by Ahmed Ali — Permalink

Verse 1 — Surah Nuh 71:1

بے شک ہم نے نوح کو اس کی قوم کی طرف بھیجا تھا کہ اپنی قوم کو ڈرا اس سے پہلے کہ ان پر دردناک عذاب آ پڑے

Verse 2 — Surah Nuh 71:2

اس نے کہا کہ اے میری قوم بے شک میں تمہارے لیے کھلم کھلا ڈرانے والا ہوں

Verse 3 — Surah Nuh 71:3

کہ الله کی عبادت کرو اور اس سے ڈرو اور میرا کہا مانو

Verse 4 — Surah Nuh 71:4

وہ تمہارے لیے تمہارے گناہ بخش دے گا اور تمہیں ایک وقت مقرر تک مہلت دے گا بے شک الله کا وقت ٹھیرایا ہوا ہے جب آجائے گا تو اس میں تاخیر نہ ہوگی کا ش تم جانتے

Verse 5 — Surah Nuh 71:5

کہا اے میرے رب میں نے اپنی قوم کو رات اور دن بلایا

Verse 6 — Surah Nuh 71:6

پھر وہ میرے بلانے سے اوربھی زيادہ بھاگتے رہے

Verse 7 — Surah Nuh 71:7

اور بے شک جب کبھی میں نے انہیں بلایا تاکہ تو انہیں معاف کر دے تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں میں رکھ لیں اور انہوں نے اپنے کپڑے اوڑھ لیے اور ضد کی اوربہت بڑا تکبر کیا

Verse 8 — Surah Nuh 71:8

پھر میں نے انہیں کھلم کھلا بھی بلایا

Verse 9 — Surah Nuh 71:9

پھر میں نے انہیں علانیہ بھی کہا اور مخفی طور پر بھی کہا

Verse 10 — Surah Nuh 71:10

پس میں نے کہا اپنے رب سے بخشش مانگو بے شک وہ بڑا بخشنے والا ہے

Verse 11 — Surah Nuh 71:11

وہ آسمان سے تم پر (موسلا داھار) مینہ برسائے گا

Verse 12 — Surah Nuh 71:12

اور مال اور اولاد سے تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے لیے باغ بنادے گا اور تمہارے لیے نہریں بنا دے گا

Verse 13 — Surah Nuh 71:13

تمہیں کیا ہو گیا تم الله کی عظمت کا خیال نہیں رکھتے

Verse 14 — Surah Nuh 71:14

حالانکہ اس نے تمہیں کئی طرح سے بنا یا ہے

Verse 15 — Surah Nuh 71:15

کیا تم نہیں دیکھتے کہ الله نے سات آسمان اوپر تلے (کیسے) بنائے ہیں

Verse 16 — Surah Nuh 71:16

اوران میں چاند کو چمکتا ہوا بنایا اور آفتاب کو چراغ بنا دیا

Verse 17 — Surah Nuh 71:17

اور الله ہی نے تمہیں زمین میں سے ایک خاص طور پر پیدا کیا

Verse 18 — Surah Nuh 71:18

پھر وہ تمہیں اسی میں لوٹائے گا اور اسی میں سے (پھر) باہر نکالے گا

Verse 19 — Surah Nuh 71:19

اور الله ہی نے تمہارے لیے زمین کو فرش بنایا ہے

Verse 20 — Surah Nuh 71:20

تاکہ تم اس کے کھلے راستوں میں چلو

Verse 21 — Surah Nuh 71:21

نوح نے کہا اے میرے رب بے شک انہوں نے میرا کہنا نہ مانا اور اس کو مانا جس کو اس کے مال اور اولاد نے نقصان کے سوا کچھ بھی فائد نہں دیا

Verse 22 — Surah Nuh 71:22

اور انہوں نے بڑی زبردست چال چلی

Verse 23 — Surah Nuh 71:23

اور کہا تم اپنے معبودوں کوہرگز نہ چھوڑو اور نہ ودّ اور سواع اور یغوث اور یعوق اورنسرکو چھوڑو

Verse 24 — Surah Nuh 71:24

اور انہوں نے بہتوں کو گمراہ کر دیا اور (اب آپ) ان ظالموں کی گمراہی اور بڑھا دیجیئے

Verse 25 — Surah Nuh 71:25

وہ اپنے گناہوں کے سبب سے غرق کر دیئے گئے پھر دوزخ میں داخل کیے گئے پس انہوں نے اپنے لیے سوائے الله کے کوئی مددگار نہ پایا

Verse 26 — Surah Nuh 71:26

اور نوح نے کہا اے میرے رب زمین پر کافروں میں سے کوئی رہنے والا نہ چھوڑ

Verse 27 — Surah Nuh 71:27

اگر تو نے ان کو چھوڑ دیا تو تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے اور نسل بھی جو ہو گی تو فاجر اور کافر ہی ہو گی

Verse 28 — Surah Nuh 71:28

اے میرے رب مجھے اور میرے ماں باپ کو بخش دے اور اس کی جو میرے گھر میں ایماندار ہو کر داخل ہوجائے اور ایماندار مردوں اور عورتوں کو اور ظالموں کو تو بربادی کے سوا اور کچھ زیادہ نہ کر