Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 15 - Al-Hijr
Translation by Fateh Muhammad Jalandhry — Permalink
Verse 1 — Surah Al-Hijr 15:1
آلرا۔ یہ خدا کی کتاب اور قرآن روشن کی آیتیں ہیں
Verse 2 — Surah Al-Hijr 15:2
کسی وقت کافر لوگ آرزو کریں گے کہ اے کاش وہ مسلمان ہوتے
Verse 3 — Surah Al-Hijr 15:3
(اے محمد) ان کو اُن کے حال پر رہنے دو کہ کھالیں اور فائدے اُٹھالیں اور (طول) امل ان کو دنیا میں مشغول کئے رہے عنقریب ان کو (اس کا انجام) معلوم ہو جائے گا
Verse 4 — Surah Al-Hijr 15:4
اور ہم نے کوئی بستی ہلاک نہیں کی۔ مگر اس کا وقت مرقوم ومعین تھا
Verse 5 — Surah Al-Hijr 15:5
کوئی جماعت اپنی مدت (وفات) سے نہ آگے نکل سکتی ہے نہ پیچھے رہ سکتی ہے
Verse 6 — Surah Al-Hijr 15:6
اور کفار کہتے ہیں کہ اے شخص جس پر نصیحت (کی کتاب) نازل ہوئی ہے تُو تو دیوانہ ہے
Verse 7 — Surah Al-Hijr 15:7
اگر تو سچا ہے تو ہمارے پاس فرشتوں کو کیوں نہیں لے آتا
Verse 8 — Surah Al-Hijr 15:8
(کہہ دو) ہم فرشتوں کو نازل نہیں کیا کرتے مگر حق کے ساتھ اور اس وقت ان کو مہلت نہیں ملتی
Verse 9 — Surah Al-Hijr 15:9
بےشک یہ (کتاب) نصیحت ہمیں نے اُتاری ہے اور ہم ہی اس کے نگہبان ہیں
Verse 10 — Surah Al-Hijr 15:10
اور ہم نے تم سے پہلے لوگوں میں بھی پیغمبر بھیجے تھے
Verse 11 — Surah Al-Hijr 15:11
اور اُن کے پاس کوئی پیغمبر نہیں آتا تھا مگر وہ اُس کے ساتھ استہزاء کرتے تھے
Verse 12 — Surah Al-Hijr 15:12
اسی طرح ہم اس (تکذیب وضلال) کو گنہگاروں کے دلوں میں داخل کر دیتے ہیں
Verse 13 — Surah Al-Hijr 15:13
سو وہ اس پر ایمان نہیں لاتے اور پہلوں کی روش بھی یہی رہی ہے
Verse 14 — Surah Al-Hijr 15:14
اوراگر ہم آسمان کا کوئی دروازہ اُن پر کھول دیں اور وہ اس میں چڑھنے بھی لگیں
Verse 15 — Surah Al-Hijr 15:15
تو بھی یہی کہیں کہ ہماری آنکھیں مخمور ہوگئی ہیں بلکہ ہم پر جادو کر دیا گیا ہے
Verse 16 — Surah Al-Hijr 15:16
اور ہم ہی نے آسمان میں برج بنائے اور دیکھنے والوں کے لیے اُس کو سجا دیا
Verse 17 — Surah Al-Hijr 15:17
اور ہر شیطان راندہٴ درگاہ سے اُسے محفوظ کر دیا
Verse 18 — Surah Al-Hijr 15:18
ہاں اگر کوئی چوری سے سننا چاہے تو چمکتا ہوا انگارہ اس کے پیچھے لپکتا ہے
Verse 19 — Surah Al-Hijr 15:19
اور زمین کو بھی ہم ہی نے پھیلایا اور اس پر پہاڑ (بنا کر) رکھ دیئے اور اس میں ہر ایک سنجیدہ چیز اُگائی
Verse 20 — Surah Al-Hijr 15:20
اور ہم ہی نے تمہارے لیے اور ان لوگوں کے لیے جن کو تم روزی نہیں دیتے اس میں معاش کے سامان پیدا کئے
Verse 21 — Surah Al-Hijr 15:21
اور ہمارے ہاں ہر چیز کے خزانے ہیں اور ہم ان کو بمقدار مناسب اُتارتے رہتے ہیں
Verse 22 — Surah Al-Hijr 15:22
اور ہم ہی ہوائیں چلاتے ہیں (جو بادلوں کے پانی سے) بھری ہوئی ہوتی ہیں اور ہم ہی آسمان سے مینہ برساتے ہیں اور ہم ہی تم کو اس کا پانی پلاتے ہیں اور تم تو اس کا خرانہ نہیں رکھتے
Verse 23 — Surah Al-Hijr 15:23
اور ہم ہی حیات بخشتے اور ہم ہی موت دیتے ہیں۔ اور ہم سب کے وارث (مالک) ہیں
Verse 24 — Surah Al-Hijr 15:24
اور جو لوگ تم میں پہلے گزر چکے ہیں ہم کو معلوم ہیں اور جو پیچھے آنے والے ہیں وہ بھی ہم کو معلوم ہیں
Verse 25 — Surah Al-Hijr 15:25
اور تمہارا پروردگار (قیامت کے دن) ان سب کو جمع کرے گا وہ بڑا دانا (اور) خبردار ہے
Verse 26 — Surah Al-Hijr 15:26
اور ہم نے انسان کو کھنکھناتے سڑے ہوئے گارے سے پیدا کیا ہے
Verse 27 — Surah Al-Hijr 15:27
اور جنوں کو اس سے بھی پہلے بےدھوئیں کی آگ سے پیدا کیا تھا
Verse 28 — Surah Al-Hijr 15:28
اور جب تمہارے پروردگار نے فرشتوں سے فرمایا کہ میں کھنکھناتے سڑے ہوئے گارے سے ایک بشر بنانے والا ہوں
Verse 29 — Surah Al-Hijr 15:29
جب اس کو (صورت انسانیہ میں) درست کر لوں اور اس میں اپنی (بےبہا چیز یعنی) روح پھونک دوں تو اس کے آگے سجدے میں گر پڑنا
Verse 30 — Surah Al-Hijr 15:30
تو فرشتے تو سب کے سب سجدے میں گر پڑے
Verse 31 — Surah Al-Hijr 15:31
مگر شیطان کہ اس نے سجدہ کرنے والوں کے ساتھ ہونے سے انکار کر دیا
Verse 32 — Surah Al-Hijr 15:32
(خدا نے فرمایا) کہ ابلیس! تجھے کیا ہوا کہ تو سجدہ کرنے والوں میں شامل نہ ہوا
Verse 33 — Surah Al-Hijr 15:33
(اس نے) کہا کہ میں ایسا نہیں ہوں کہ انسان کو جس کو تو نے کھنکھناتے سڑے ہوئے گارے سے بنایا ہے سجدہ کروں
Verse 34 — Surah Al-Hijr 15:34
(خدا نے) فرمایا یہاں سے نکل جا۔ تو مردود ہے
Verse 35 — Surah Al-Hijr 15:35
اور تجھ پر قیامت کے دن تک لعنت (برسے گی)
Verse 36 — Surah Al-Hijr 15:36
(اس نے) کہا کہ پروردگار مجھے اس دن تک مہلت دے جب لوگ (مرنے کے بعد) زندہ کئے جائیں گے
Verse 37 — Surah Al-Hijr 15:37
فرمایا کہ تجھے مہلت دی جاتی ہے
Verse 38 — Surah Al-Hijr 15:38
وقت مقرر (یعنی قیامت) کے دن تک
Verse 39 — Surah Al-Hijr 15:39
(اس نے) کہا کہ پروردگار جیسا تونے مجھے رستے سے الگ کیا ہے میں بھی زمین میں لوگوں کے لیے (گناہوں) کو آراستہ کر دکھاؤں گا اور سب کو بہکاؤں گا
Verse 40 — Surah Al-Hijr 15:40
ہاں ان میں جو تیرے مخلص بندے ہیں (ان پر قابو چلنا مشکل ہے)
Verse 41 — Surah Al-Hijr 15:41
(خدا نے) فرمایا کہ مجھ تک (پہنچنے کا) یہی سیدھا رستہ ہے
Verse 42 — Surah Al-Hijr 15:42
جو میرے (مخلص) بندے ہیں ان پر تجھے کچھ قدرت نہیں (کہ ان کو گناہ میں ڈال سکے) ہاں بد راہوں میں سے جو تیرے پیچھے چل پڑے
Verse 43 — Surah Al-Hijr 15:43
اور ان سب کے وعدے کی جگہ جہنم ہے
Verse 44 — Surah Al-Hijr 15:44
اس کے سات دروازے ہیں۔ ہر ایک دروازے کے لیے ان میں سے جماعتیں تقسیم کردی گئی ہیں
Verse 45 — Surah Al-Hijr 15:45
جو متقی ہیں وہ باغوں اور چشموں میں ہوں گے
Verse 46 — Surah Al-Hijr 15:46
(ان سے کہا جائے گا کہ) ان میں سلامتی (اور خاطر جمع سے) داخل ہوجاؤ
Verse 47 — Surah Al-Hijr 15:47
اور ان کے دلوں میں جو کدورت ہوگی ان کو ہم نکال کر (صاف کر) دیں گے (گویا) بھائی بھائی تختوں پر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے ہوئے ہیں
Verse 48 — Surah Al-Hijr 15:48
نہ ان کو وہاں کوئی تکلیف پہنچے گی اور نہ وہاں سے نکالے جائیں گے
Verse 49 — Surah Al-Hijr 15:49
(اے پیغمبر) میرے بندوں کو بتادو کہ میں بڑا بخشنے والا (اور) مہربان ہوں
Verse 50 — Surah Al-Hijr 15:50
اور یہ کہ میرا عذاب بھی درد دینے والا عذاب ہے
Verse 51 — Surah Al-Hijr 15:51
اور ان کو ابراہیم کے مہمانوں کا احوال سنادو
Verse 52 — Surah Al-Hijr 15:52
جب وہ ابراہیم کے پاس آئے تو سلام کہا۔ (انہوں نے) کہا کہ ہمیں تو تم سے ڈر لگتا ہے
Verse 53 — Surah Al-Hijr 15:53
(مہمانوں نے) کہا کہ ڈریئے نہیں ہم آپ کو ایک دانشمند لڑکے کی خوشخبری دیتے ہیں
Verse 54 — Surah Al-Hijr 15:54
بولے کہ جب مجھے بڑھاپے نے آ پکڑا تو تم خوشخبری دینے لگے۔ اب کاہے کی خوشخبری دیتے ہو
Verse 55 — Surah Al-Hijr 15:55
(انہوں نے) کہا ہم آپ کو سچی خوشخبری دیتے ہیں آپ مایوس نہ ہوئیے
Verse 56 — Surah Al-Hijr 15:56
(ابراہیم نے) کہا کہ خدا کی رحمت سے (میں مایوس کیوں ہونے لگا اس سے) مایوس ہونا گمراہوں کا کام ہے
Verse 57 — Surah Al-Hijr 15:57
پھر کہنے لگے کہ فرشتو! تمہیں (اور) کیا کام ہے
Verse 58 — Surah Al-Hijr 15:58
(انہوں نے) کہا کہ ہم ایک گنہگار قوم کی طرف بھیجے گئے ہیں (کہ اس کو عذاب کریں)
Verse 59 — Surah Al-Hijr 15:59
مگر لوط کے گھر والے کہ ان سب کو ہم بچالیں گے
Verse 60 — Surah Al-Hijr 15:60
البتہ ان کی عورت (کہ) اس کے لیے ہم نے ٹھہرا دیا ہے کہ وہ پیچھے رہ جائے گی
Verse 61 — Surah Al-Hijr 15:61
پھر جب فرشتے لوط کے گھر گئے
Verse 62 — Surah Al-Hijr 15:62
تو لوط نے کہا تم تو ناآشنا سے لوگ ہو
Verse 63 — Surah Al-Hijr 15:63
وہ بولے کہ نہیں بلکہ ہم آپ کے پاس وہ چیز لے کر آئے ہیں جس میں لوگ شک کرتے تھے
Verse 64 — Surah Al-Hijr 15:64
اور ہم آپ کے پاس یقینی بات لے کر آئے ہیں اور ہم سچ کہتے ہیں
Verse 65 — Surah Al-Hijr 15:65
تو آپ کچھ رات رہے سے اپنے گھر والوں کو لے نکلیں اور خود ان کے پیچھے چلیں اور اور آپ میں سے کوئی شخص مڑ کر نہ دیکھے۔ اور جہاں آپ کو حکم ہو وہاں چلے جایئے
Verse 66 — Surah Al-Hijr 15:66
اور ہم نے لوط کی طرف وحی بھیجی کہ ان لوگوں کی جڑ صبح ہوتے ہوتے کاٹ دی جائے گی
Verse 67 — Surah Al-Hijr 15:67
اور اہل شہر (لوط کے پاس) خوش خوش (دوڑے) آئے
Verse 68 — Surah Al-Hijr 15:68
(لوط نے) کہا کہ یہ میرے مہمان ہیں (کہیں ان کے بارے میں) مجھے رسوا نہ کرنا
Verse 69 — Surah Al-Hijr 15:69
اور خدا سے ڈرو۔ اور میری بےآبروئی نہ کیجو
Verse 70 — Surah Al-Hijr 15:70
وہ بولے کیا ہم نے تم کو سارے جہان (کی حمایت وطرفداری) سے منع نہیں کیا
Verse 71 — Surah Al-Hijr 15:71
(انہوں نے) کہا کہ اگر تمہیں کرنا ہی ہے تو یہ میری (قوم کی) لڑکیاں ہیں (ان سے شادی کرلو)
Verse 72 — Surah Al-Hijr 15:72
(اے محمد) تمہاری جان کی قسم وہ اپنی مستی میں مدہوش (ہو رہے) تھے
Verse 73 — Surah Al-Hijr 15:73
سو ان کو سورج نکلتے نکلتے چنگھاڑ نے آپکڑا
Verse 74 — Surah Al-Hijr 15:74
اور ہم نے اس شہر کو (الٹ کر) نیچے اوپر کردیا۔ اور ان پر کھنگر کی پتھریاں برسائیں
Verse 75 — Surah Al-Hijr 15:75
بےشک اس (قصے) میں اہل فراست کے لیے نشانی ہے
Verse 76 — Surah Al-Hijr 15:76
اور وہ (شہر) اب تک سیدھے رستے پر (موجود) ہے
Verse 77 — Surah Al-Hijr 15:77
بےشک اس میں ایمان لانے والوں کے لیے نشانی ہے
Verse 78 — Surah Al-Hijr 15:78
اور بَن کے رہنے والے (یعنی قوم شعیب کے لوگ) بھی گنہگار تھے
Verse 79 — Surah Al-Hijr 15:79
تو ہم نے ان سے بھی بدلہ لیا۔ اور یہ دونوں شہر کھلے رستے پر (موجود) ہیں
Verse 80 — Surah Al-Hijr 15:80
اور (وادی) حجر کے رہنے والوں نے بھی پیغمبروں کی تکذیب کی
Verse 81 — Surah Al-Hijr 15:81
ہم نے ان کو اپنی نشانیاں دیں اور وہ ان سے منہ پھرتے رہے
Verse 82 — Surah Al-Hijr 15:82
اور وہ پہاڑوں کو تراش تراش کر گھر بناتے تھے (کہ) امن (واطمینان) سے رہیں گے
Verse 83 — Surah Al-Hijr 15:83
تو چیخ نے ان کو صبح ہوتے ہوتے آپکڑا
Verse 84 — Surah Al-Hijr 15:84
اور جو کام وہ کرتے تھے وہ ان کے کچھ بھی کام نہ آئے
Verse 85 — Surah Al-Hijr 15:85
اور ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو (مخلوقات) ان میں ہے اس کو تدبیر کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ اور قیامت تو ضرور آکر رہے گی تو تم (ان لوگوں سے) اچھی طرح سے درگزر کرو
Verse 86 — Surah Al-Hijr 15:86
کچھ شک نہیں کہ تمہارا پروردگار (سب کچھ) پیدا کرنے والا (اور) جاننے والا ہے
Verse 87 — Surah Al-Hijr 15:87
اور ہم نے تم کو سات (آیتیں) جو (نماز میں) دہرا کر پڑھی جاتی ہیں (یعنی سورہٴ الحمد) اور عظمت والا قرآن عطا فرمایا ہے
Verse 88 — Surah Al-Hijr 15:88
اور ہم نے کفار کی کئی جماعتوں کو جو (فوائد دنیاوی سے) متمتع کیا ہے تم ان کی طرف (رغبت سے) آنکھ اٹھا کر نہ دیکھنا اور نہ ان کے حال پر تاسف کرنا اور مومنوں سے خاطر اور تواضع سے پیش آنا
Verse 89 — Surah Al-Hijr 15:89
اور کہہ دو کہ میں تو علانیہ ڈر سنانے والا ہوں
Verse 90 — Surah Al-Hijr 15:90
(اور ہم ان کفار پر اسی طرح عذاب نازل کریں گے) جس طرح ان لوگوں پر نازل کیا جنہوں نے تقسیم کردیا
Verse 91 — Surah Al-Hijr 15:91
یعنی قرآن کو (کچھ ماننے اور کچھ نہ ماننے سے) ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا
Verse 92 — Surah Al-Hijr 15:92
تمہارے پروردگار کی قسم ہم ان سے ضرور پرسش کریں گے
Verse 93 — Surah Al-Hijr 15:93
ان کاموں کی جو وہ کرتے رہے
Verse 94 — Surah Al-Hijr 15:94
پس جو حکم تم کو (خدا کی طرف سے) ملا ہے وہ (لوگوں کو) سنا دو اور مشرکوں کا (ذرا) خیال نہ کرو
Verse 95 — Surah Al-Hijr 15:95
ہم تمہیں ان لوگوں (کے شر) سے بچانے کے لیے جو تم سے استہزاء کرتے ہیں کافی ہیں
Verse 96 — Surah Al-Hijr 15:96
جو خدا کے ساتھ معبود قرار دیتے ہیں۔ سو عنقریب ان کو (ان باتوں کا انجام) معلوم ہوجائے گا
Verse 97 — Surah Al-Hijr 15:97
اور ہم جانتے ہیں کہ ان باتوں سے تمہارا دل تنگ ہوتا ہے
Verse 98 — Surah Al-Hijr 15:98
تو تم اپنے پروردگار کی تسبیح کہتے اور (اس کی) خوبیاں بیان کرتے رہو اور سجدہ کرنے والوں میں داخل رہو
Verse 99 — Surah Al-Hijr 15:99
اور اپنے پروردگار کی عبادت کئے جاؤ یہاں تک کہ تمہاری موت (کا وقت) آجائے