Back to Languages

Urdu - Chapter 23 - Al-Muminun

Translation by Fateh Muhammad Jalandhry — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Muminun 23:1

بےشک ایمان والے رستگار ہوگئے

Verse 2 — Surah Al-Muminun 23:2

جو نماز میں عجزو نیاز کرتے ہیں

Verse 3 — Surah Al-Muminun 23:3

اور جو بیہودہ باتوں سے منہ موڑے رہتے ہیں

Verse 4 — Surah Al-Muminun 23:4

اور جو زکوٰة ادا کرتے ہیں

Verse 5 — Surah Al-Muminun 23:5

اور جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں

Verse 6 — Surah Al-Muminun 23:6

مگر اپنی بیویوں سے یا (کنیزوں سے) جو ان کی مِلک ہوتی ہیں کہ (ان سے) مباشرت کرنے سے انہیں ملامت نہیں

Verse 7 — Surah Al-Muminun 23:7

اور جو ان کے سوا اوروں کے طالب ہوں وہ (خدا کی مقرر کی ہوئی حد سے) نکل جانے والے ہیں

Verse 8 — Surah Al-Muminun 23:8

اور جو امانتوں اور اقراروں کو ملحوظ رکھتے ہیں

Verse 9 — Surah Al-Muminun 23:9

اور جو نمازوں کی پابندی کرتے ہیں

Verse 10 — Surah Al-Muminun 23:10

یہ ہی لوگ میراث حاصل کرنے والے ہیں

Verse 11 — Surah Al-Muminun 23:11

(یعنی) جو بہشت کی میراث حاصل کریں گے۔ اور اس میں ہمیشہ رہیں گے

Verse 12 — Surah Al-Muminun 23:12

اور ہم نے انسان کو مٹی کے خلاصے سے پیدا کیا ہے

Verse 13 — Surah Al-Muminun 23:13

پھر اس کو ایک مضبوط (اور محفوظ) جگہ میں نطفہ بنا کر رکھا

Verse 14 — Surah Al-Muminun 23:14

پھر نطفے کا لوتھڑا بنایا۔ پھر لوتھڑے کی بوٹی بنائی پھر بوٹی کی ہڈیاں بنائیں پھر ہڈیوں پر گوشت (پوست) چڑھایا۔ پھر اس کو نئی صورت میں بنا دیا۔ تو خدا جو سب سے بہتر بنانے والا بڑا بابرکت ہے

Verse 15 — Surah Al-Muminun 23:15

پھر اس کے بعد تم مرجاتے ہو

Verse 16 — Surah Al-Muminun 23:16

پھر قیامت کے روز اُٹھا کھڑے کئے جاؤ گے

Verse 17 — Surah Al-Muminun 23:17

اور ہم نے تمہارے اوپر (کی جانب) سات آسمان پیدا کئے۔ اور ہم خلقت سے غافل نہیں ہیں

Verse 18 — Surah Al-Muminun 23:18

اور ہم ہی نے آسمان سے ایک اندازے کے ساتھ پانی نازل کیا۔ پھر اس کو زمین میں ٹھہرا دیا اور ہم اس کے نابود کردینے پر بھی قادر ہیں

Verse 19 — Surah Al-Muminun 23:19

پھر ہم نے اس سے تمہارے لئے کھجوروں اور انگوروں کے باغ بنائے، ان میں تمہارے لئے بہت سے میوے پیدا ہوتے ہیں۔ اور ان میں سے تم کھاتے بھی ہو

Verse 20 — Surah Al-Muminun 23:20

اور وہ درخت بھی (ہم ہی نے پیدا کیا) جو طور سینا میں پیدا ہوتا ہے (یعنی زیتون کا درخت کہ) کھانے کے لئے روغن اور سالن لئے ہوئے اُگتا ہے

Verse 21 — Surah Al-Muminun 23:21

اور تمہارے لئے چارپایوں میں بھی عبرت (اور نشانی) ہے کہ ان کے پیٹوں میں ہے اس سے ہم تمہیں (دودھ) پلاتے ہیں اور تمہارے لئے ان میں اور بھی بہت سے فائدے ہیں اور بعض کو تم کھاتے بھی ہو

Verse 22 — Surah Al-Muminun 23:22

اور ان پر اور کشتیوں پر تم سوار ہوتے ہو

Verse 23 — Surah Al-Muminun 23:23

اور ہم نے نوح کو ان کی قوم کی طرف بھیجا تو انہوں نے ان سے کہا کہ اے قوم! خدا ہی کی عبادت کرو اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، کیا تم ڈرتے نہیں

Verse 24 — Surah Al-Muminun 23:24

تو ان کی قوم کے سردار جو کافر تھے کہنے لگے کہ یہ تو تم ہی جیسا آدمی ہے۔ تم پر بڑائی حاصل کرنی چاہتا ہے۔ اور اگر خدا چاہتا تو فرشتے اُتار دیتا۔ ہم نے اپنے اگلے باپ دادا میں تو یہ بات کبھی سنی نہیں تھی

Verse 25 — Surah Al-Muminun 23:25

اس آدمی کو تو دیوانگی (کا عارضہ) ہے تو اس کے بارے میں کچھ مدت انتظار کرو

Verse 26 — Surah Al-Muminun 23:26

نوح نے کہا کہ پروردگار انہوں نے مجھے جھٹلایا ہے تو میری مدد کر

Verse 27 — Surah Al-Muminun 23:27

پس ہم نے ان کی طرف وحی بھیجی کہ ہمارے سامنے اور ہمارے حکم سے ایک کشتی بناؤ۔ پھر جب ہمارا حکم آ پہنچے اور تنور (پانی سے بھر کر) جوش مارنے لگے تو سب (قسم کے حیوانات) میں جوڑا جوڑا (یعنی نر اور مادہ) دو دو کشتی میں بٹھا دو اور اپنے گھر والوں کو بھی، سو ان کے جن کی نسبت ان میں سے (ہلاک ہونے کا) حکم پہلے صادر ہوچکا ہے۔ اور ظالموں کے بارے میں ہم سے کچھ نہ کہنا، وہ ضرور ڈبو دیئے جائیں گے

Verse 28 — Surah Al-Muminun 23:28

اور جب تم اور تمہارے ساتھی کشتی میں بیٹھ جاؤ تو (خدا کا شکر کرنا اور) کہنا کہ سب تعریف خدا ہی کو (سزاوار) ہے۔ جس نے ہم کو نجات بخشی ظالم لوگوں سے

Verse 29 — Surah Al-Muminun 23:29

اور (یہ بھی) دعا کرنا کہ اے پروردگار ہم کو مبارک جگہ اُتاریو اور تو سب سے بہتر اُتارنے والا ہے

Verse 30 — Surah Al-Muminun 23:30

بےشک اس (قصے) میں نشانیاں ہیں اور ہمیں تو آزمائش کرنی تھی

Verse 31 — Surah Al-Muminun 23:31

پھر ان کے بعد ہم نے ایک اور جماعت پیدا کی

Verse 32 — Surah Al-Muminun 23:32

اور ان ہی میں سے ان میں ایک پیغمبر بھیجا (جس نے ان سے کہا) کہ خدا ہی کی عبادت کرو (کہ) اس کے سوا تمہارا کوئی معبود نہیں، تو کیا تم ڈرتے نہیں

Verse 33 — Surah Al-Muminun 23:33

تو ان کی قوم کے سردار جو کافر تھے اور آخرت کے آنے کو جھوٹ سمجھتے تھے اور دنیا کی زندگی میں ہم نے ان کو آسودگی دے رکھی تھی۔ کہنے لگے کہ یہ تو تم ہی جیسا آدمی ہے، جس قسم کا کھانا تم کھاتے ہو، اسی طرح کا یہ بھی کھاتا ہے اور جو پانی تم پیتے ہو اسی قسم کا یہ بھی پیتا ہے

Verse 34 — Surah Al-Muminun 23:34

اور اگر تم اپنے ہی جیسے آدمی کا کہا مان لیا تو گھاٹے میں پڑ گئے

Verse 35 — Surah Al-Muminun 23:35

کیا یہ تم سے یہ کہتا ہے کہ جب تم مر جاؤ گے اور مٹی ہو جاؤ گے اور استخوان (کے سوا کچھ نہ رہے گا) تو تم (زمین سے) نکالے جاؤ گے

Verse 36 — Surah Al-Muminun 23:36

جس بات کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے (بہت) بعید اور (بہت) بعید ہے

Verse 37 — Surah Al-Muminun 23:37

زندگی تو یہی ہماری دنیا کی زندگی ہے کہ (اسی میں) ہم مرتے اور جیتے ہیں، اور ہم پھر نہیں اُٹھائے جائیں گے

Verse 38 — Surah Al-Muminun 23:38

یہ تو ایک ایسا آدمی ہے جس نے خدا پر جھوٹ افتراء کیا ہے اور ہم اس کو ماننے والے نہیں

Verse 39 — Surah Al-Muminun 23:39

پیغمبر نے کہا کہ اے پروردگار انہوں نے مجھے جھوٹا سمجھا ہے تو میری مدد کر

Verse 40 — Surah Al-Muminun 23:40

فرمایا کہ یہ تھوڑے ہی عرصے میں پشیمان ہو کر رہ جائیں گے

Verse 41 — Surah Al-Muminun 23:41

تو ان کو (وعدہٴ برحق کے مطابق) زور کی آواز نے آپکڑا، تو ہم نے ان کو کوڑا کرڈالا۔ پس ظالم لوگوں پر لعنت ہے

Verse 42 — Surah Al-Muminun 23:42

پھر ان کے بعد ہم نے اور جماعتیں پیدا کیں

Verse 43 — Surah Al-Muminun 23:43

کوئی جماعت اپنے وقت سے نہ آگے جاسکتی ہے نہ پیچھے رہ سکتی ہے

Verse 44 — Surah Al-Muminun 23:44

پھر ہم نے پے درپے اپنے پیغمبر بھیجتے رہے۔ جب کسی اُمت کے پاس اس کا پیغمبر آتا تھا تو وہ اسے جھٹلاتے تھے تو ہم بھی بعض کو بعض کے پیچھے (ہلاک کرتے اور ان پر عذاب) لاتے رہے اور ان کے افسانے بناتے رہے۔ پس جو لوگ ایمان نہیں لاتے ان پر لعنت

Verse 45 — Surah Al-Muminun 23:45

پھر ہم نے موسیٰ اور ان کے بھائی ہارون کو اپنی نشانیاں اور دلیل ظاہر دے کر بھیجا

Verse 46 — Surah Al-Muminun 23:46

(یعنی) فرعون اور اس کی جماعت کی طرف، تو انہوں نے تکبر کیا اور وہ سرکش لوگ تھے

Verse 47 — Surah Al-Muminun 23:47

کہنے لگے کہ کیا ہم ان اپنے جیسے دو آدمیوں پر ایمان لے آئیں اور اُن کو قوم کے لوگ ہمارے خدمت گار ہیں

Verse 48 — Surah Al-Muminun 23:48

تو اُن لوگوں نے اُن کی تکذیب کی سو (آخر) ہلاک کر دیئے گئے

Verse 49 — Surah Al-Muminun 23:49

اور ہم نے موسیٰ کو کتاب دی تھی تاکہ وہ لوگ ہدایت پائیں

Verse 50 — Surah Al-Muminun 23:50

اور ہم نے مریم کے بیٹے (عیسیٰ) اور ان کی ماں کو (اپنی) نشانی بنایا تھا اور ان کو ایک اونچی جگہ پر جو رہنے کے لائق تھی اور جہاں (نتھرا ہوا) پانی جاری تھا، پناہ دی تھی

Verse 51 — Surah Al-Muminun 23:51

اے پیغمبرو! پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور عمل نیک کرو۔ جو عمل تم کرتے ہو میں ان سے واقف ہوں

Verse 52 — Surah Al-Muminun 23:52

اور یہ تمہاری جماعت (حقیقت میں) ایک ہی جماعت ہے اور میں تمہارا پروردگار ہوں تو مجھ سے ڈرو

Verse 53 — Surah Al-Muminun 23:53

تو پھر آپس میں اپنے کام کو متفرق کرکے جدا جدا کردیا۔ جو چیزیں جس فرقے کے پاس ہے وہ اس سے خوش ہو رہا ہے

Verse 54 — Surah Al-Muminun 23:54

تو ان کو ایک مدت تک ان کی غفلت میں رہنے دو

Verse 55 — Surah Al-Muminun 23:55

کیا یہ لوگ خیال کرتے ہیں کہ ہم جو دنیا میں ان کو مال اور بیٹوں سے مدد دیتے ہیں

Verse 56 — Surah Al-Muminun 23:56

تو (اس سے) ان کی بھلائی میں جلدی کر رہے ہیں (نہیں) بلکہ یہ سمجھتے ہی نہیں

Verse 57 — Surah Al-Muminun 23:57

جو اپنے پروردگار کے خوف سے ڈرتے ہیں

Verse 58 — Surah Al-Muminun 23:58

اور جو اپنے پروردگار کی آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں

Verse 59 — Surah Al-Muminun 23:59

اور جو اپنے پروردگار کے ساتھ شریک نہیں کرتے

Verse 60 — Surah Al-Muminun 23:60

اور جو دے سکتے ہیں دیتے ہیں اور ان کے دل اس بات سے ڈرتے رہتے ہیں کہ ان کو اپنے پروردگار کی لوٹ کر جانا ہے

Verse 61 — Surah Al-Muminun 23:61

یہی لوگ نیکیوں میں جلدی کرے اور یہی اُن کے لئے آگے نکل جاتے ہیں

Verse 62 — Surah Al-Muminun 23:62

اور ہم کسی شخص کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتے اور ہمارے پاس کتاب ہے جو سچ سچ کہہ دیتی ہے اور ان لوگوں پر ظلم نہیں کیا جائے گا

Verse 63 — Surah Al-Muminun 23:63

مگر ان کے دل ان (باتوں) کی طرف سے غفلت میں (پڑے ہوئے) ہیں، اور ان کے سوا اور اعمال بھی ہیں جو یہ کرتے رہتے ہیں

Verse 64 — Surah Al-Muminun 23:64

یہاں تک کہ جب ہم نے ان میں سے آسودہ حال لوگوں کو پکڑ لیا تو وہ اس وقت چلاّئیں گے

Verse 65 — Surah Al-Muminun 23:65

آج مت چلاّؤ! تم کو ہم سے کچھ مدد نہیں ملے گی

Verse 66 — Surah Al-Muminun 23:66

میری آیتیں تم کو پڑھ پڑھ کر سنائی جاتی تھیں اور تم الٹے پاؤں پھر پھر جاتے تھے

Verse 67 — Surah Al-Muminun 23:67

ان سے سرکشی کرتے، کہانیوں میں مشغول ہوتے اور بیہودہ بکواس کرتے تھے

Verse 68 — Surah Al-Muminun 23:68

کیا انہوں نے اس کلام میں غور نہیں کیا یا ان کے پاس کوئی ایسی چیز آئی ہے جو ان کے اگلے باپ دادا کے پاس نہیں تھی

Verse 69 — Surah Al-Muminun 23:69

یا یہ اپنے پیغمبر کو جانتے پہنچانتے نہیں، اس وجہ سے ان کو نہیں مانتے

Verse 70 — Surah Al-Muminun 23:70

کیا یہ کہتے ہیں کہ اسے سودا ہے (نہیں) بلکہ وہ ان کے پاس حق کو لے کر آئے ہیں اور ان میں سے اکثر حق کو ناپسند کرتے ہیں

Verse 71 — Surah Al-Muminun 23:71

اور خدائے (برحق) ان کی خواہشوں پر چلے تو آسمان اور زمین اور جو ان میں ہیں سب درہم برہم ہوجائیں۔ بلکہ ہم نے ان کے پاس ان کی نصیحت (کی کتاب) پہنچا دی ہے اور وہ اپنی (کتاب) نصیحت سے منہ پھیر رہے ہیں

Verse 72 — Surah Al-Muminun 23:72

کیا تم ان سے (تبلیغ کے صلے میں) کچھ مال مانگتے ہو، تو تمہارا پروردگار کا مال بہت اچھا ہے اور وہ سب سے بہتر رزق دینے والا ہے

Verse 73 — Surah Al-Muminun 23:73

اور تم تو ان کو سیدھے راستے کی طرف بلاتے ہو

Verse 74 — Surah Al-Muminun 23:74

اور جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں لاتے وہ رستے سے الگ ہو رہے ہیں

Verse 75 — Surah Al-Muminun 23:75

اور اگر ہم ان پر رحم کریں اور جو تکلیفیں ان کو پہنچ رہی ہیں، وہ دور کردیں تو اپنی سرکشی پر اڑے رہیں (اور) بھٹکتے (پھریں)

Verse 76 — Surah Al-Muminun 23:76

اور ہم نے ان کو عذاب میں پکڑا تو بھی انہوں نے خدا کے آگے عاجزی نہ کی اور وہ عاجزی کرتے ہی نہیں

Verse 77 — Surah Al-Muminun 23:77

یہاں تک کہ جب ہم نے پر عذاب شدید کا دروازہ کھول دیا تو اس وقت وہاں ناامید ہوگئے

Verse 78 — Surah Al-Muminun 23:78

اور وہی تو ہے جس نے تمہارے کان اور آنکھیں اور دل بنائے۔ (لیکن) تم کم شکرگزاری کرتے ہو

Verse 79 — Surah Al-Muminun 23:79

اور وہی تو ہے جس نے تم کو زمین میں پیدا کیا اور اسی کی طرف تم جمع ہو کر جاؤ گے

Verse 80 — Surah Al-Muminun 23:80

اور وہی ہے جو زندگی بخشتا ہے اور موت دیتا ہے اور رات اور دن کا بدلتے رہنا اسی کا تصرف ہے، کیا تم سمجھتے نہیں

Verse 81 — Surah Al-Muminun 23:81

بات یہ ہے کہ جو بات اگلے (کافر) کہتے تھے اسی طرح کی (بات یہ) کہتے ہیں

Verse 82 — Surah Al-Muminun 23:82

کہتے ہیں کہ جب ہم مر جائیں گے اور مٹی ہو جائیں گے اور استخوان (بوسیدہ کے سوا کچھ) نہ رہے گا تو کیا ہم پھر اٹھائے جائیں گے؟

Verse 83 — Surah Al-Muminun 23:83

یہ وعدہ ہم سے اور ہم سے پہلے ہمارے باپ دادا سے بھی ہوتا چلا آیا ہے (اجی) یہ تو صرف اگلے لوگوں کی کہانیاں ہیں

Verse 84 — Surah Al-Muminun 23:84

کہو کہ اگر تم جانتے ہو تو بتاؤ کہ زمین اور جو کچھ زمین میں ہے سب کس کا مال ہے؟

Verse 85 — Surah Al-Muminun 23:85

جھٹ بول اٹھیں گے کہ خدا کا۔ کہو کہ پھر تم سوچتے کیوں نہیں؟

Verse 86 — Surah Al-Muminun 23:86

(ان سے) پوچھو کہ سات آسمانوں کا کون مالک ہے اور عرش عظیم کا (کون) مالک (ہے؟)

Verse 87 — Surah Al-Muminun 23:87

بےساختہ کہہ دیں گے کہ یہ (چیزیں) خدا ہی کی ہیں، کہو کہ پھر تم ڈرتے کیوں نہیں؟

Verse 88 — Surah Al-Muminun 23:88

کہو کہ اگر تم جانتے ہو تو بتاؤ کہ وہ کون ہے جس کے ہاتھ میں ہر چیز کی بادشاہی ہے اور وہ پناہ دیتا ہے اور اس کے مقابل کوئی کسی کو پناہ نہیں دے سکتا

Verse 89 — Surah Al-Muminun 23:89

فوراً کہہ دیں گے کہ (ایسی بادشاہی تو) خدا ہی کی ہے، تو کہو پھر تم پر جادو کہاں سے پڑ جاتا ہے؟

Verse 90 — Surah Al-Muminun 23:90

بات یہ ہے کہ ہم نے ان کے پاس حق پہنچا دیا ہے اور جو (بت پرستی کئے جاتے ہیں) بےشک جھوٹے ہیں

Verse 91 — Surah Al-Muminun 23:91

خدا نے نہ تو (اپنا) کسی کو بیٹا بنایا ہے اور نہ اس کے ساتھ کوئی معبود ہے، ایسا ہوتا تو ہر معبود اپنی اپنی مخلوقات کو لے کر چل دیتا اور ایک دوسرے پر غالب آجاتا۔ یہ لوگ جو کچھ خدا کے بارے میں بیان کرتے ہیں خدا اس سے پاک ہے

Verse 92 — Surah Al-Muminun 23:92

وہ پوشیدہ اور ظاہر کو جانتا ہے اور (مشرک) جو اس کے ساتھ شریک کرتے ہیں اس کی شان اس سے اونچی ہے

Verse 93 — Surah Al-Muminun 23:93

(اے محمدﷺ) کہو کہ اے پروردگار جس عذاب کا ان (کفار) سے وعدہ ہو رہا ہے، اگر تو میری زندگی میں ان پر نازل کرکے مجھے بھی دکھادے

Verse 94 — Surah Al-Muminun 23:94

تو اے پروردگار مجھے (اس سے محفوظ رکھیئے اور) ان ظالموں میں شامل نہ کیجیئے

Verse 95 — Surah Al-Muminun 23:95

اور جو وعدہ ہم ان سے کر رہے ہیں ہم تم کو دکھا کر ان پر نازل کرنے پر قادر ہیں

Verse 96 — Surah Al-Muminun 23:96

اور بری بات کے جواب میں ایسی بات کہو جو نہایت اچھی ہو۔ اور یہ جو کچھ بیان کرتے ہیں ہمیں خوب معلوم ہے

Verse 97 — Surah Al-Muminun 23:97

اور کہو کہ اے پروردگار! میں شیطانوں کے وسوسوں سے تیری پناہ مانگتا ہو

Verse 98 — Surah Al-Muminun 23:98

اور اے پروردگار! اس سے بھی تیری پناہ مانگتا ہوں کہ وہ میرے پاس آموجود ہوں

Verse 99 — Surah Al-Muminun 23:99

(یہ لوگ اسی طرح غفلت میں رہیں گے) یہاں تک کہ جب ان میں سے کسی کے پاس موت آجائے گی تو کہے گا کہ اے پروردگار! مجھے پھر (دنیا میں) واپس بھیج دے

Verse 100 — Surah Al-Muminun 23:100

تاکہ میں اس میں جسے چھوڑ آیا ہوں نیک کام کیا کروں۔ ہرگز نہیں۔ یہ ایک ایسی بات ہے کہ وہ اسے زبان سے کہہ رہا ہوگا (اور اس کے ساتھ عمل نہیں ہوگا) اور اس کے پیچھے برزخ ہے (جہاں وہ) اس دن تک کہ (دوبارہ) اٹھائے جائیں گے، (رہیں گے)

Verse 101 — Surah Al-Muminun 23:101

پھر جب صور پھونکا جائے گا تو نہ تو ان میں قرابتیں ہوں گی اور نہ ایک دوسرے کو پوچھیں گے

Verse 102 — Surah Al-Muminun 23:102

تو جن کے (عملوں کے) بوجھ بھاری ہوں گے۔ وہ فلاح پانے والے ہیں

Verse 103 — Surah Al-Muminun 23:103

اور جن کے بوجھ ہلکے ہوں گے وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے تئیں خسارے میں ڈالا، ہمیشہ دوزخ میں رہیں گے

Verse 104 — Surah Al-Muminun 23:104

آگ ان کے مونہوں کو جھلس دے گی اور وہ اس میں تیوری چڑھائے ہوں گے

Verse 105 — Surah Al-Muminun 23:105

کیا تم کو میری آیتیں پڑھ کر نہیں سنائی جاتیں تھیں (نہیں) تم ان کو سنتے تھے (اور) جھٹلاتے تھے

Verse 106 — Surah Al-Muminun 23:106

اے ہمارے پروردگار! ہم پر ہماری کم بختی غالب ہوگئی اور ہم رستے سے بھٹک گئے

Verse 107 — Surah Al-Muminun 23:107

اے پروردگار! ہم کو اس میں سے نکال دے، اگر ہم پھر (ایسے کام) کریں تو ظالم ہوں گے

Verse 108 — Surah Al-Muminun 23:108

(خدا) فرمائے گا کہ اسی میں ذلت کے ساتھ پڑے رہو اور مجھ سے بات نہ کرو

Verse 109 — Surah Al-Muminun 23:109

میرے بندوں میں ایک گروہ تھا جو دعا کیا کرتا تھا کہ اے ہمارے پروردگار ہم ایمان لائے تو تُو ہم کو بخش دے اور ہم پر رحم کر اور تو سب سے بہتر رحم کرنے والا ہے

Verse 110 — Surah Al-Muminun 23:110

تو تم ان سے تمسخر کرتے رہے یہاں تک کہ ان کے پیچھے میری یاد بھی بھول گئے اور تم (ہمیشہ) ان سے ہنسی کیا کرتے تھے

Verse 111 — Surah Al-Muminun 23:111

آج میں نے اُن کو اُن کے صبر کا بدلہ دیا، کہ وہ کامیاب ہوگئے

Verse 112 — Surah Al-Muminun 23:112

(خدا) پوچھے گا کہ تم زمین میں کتنے برس رہے؟

Verse 113 — Surah Al-Muminun 23:113

وہ کہیں گے کہ ہم ایک روز یا ایک روز سے بھی کم رہے تھے، شمار کرنے والوں سے پوچھ لیجیئے

Verse 114 — Surah Al-Muminun 23:114

(خدا) فرمائے گا کہ (وہاں) تم (بہت ہی) کم رہے۔ کاش تم جانتے ہوتے

Verse 115 — Surah Al-Muminun 23:115

کیا تم یہ خیال کرتے ہو کہ ہم نے تم کو بےفائدہ پیدا کیا ہے اور یہ تم ہماری طرف لوٹ کر نہیں آؤ گے؟

Verse 116 — Surah Al-Muminun 23:116

تو خدا جو سچا بادشاہ ہے (اس کی شان) اس سے اونچی ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی عرش بزرگ کا مالک ہے

Verse 117 — Surah Al-Muminun 23:117

اور جو شخص خدا کے ساتھ اور معبود کو پکارتا ہے جس کی اس کے پاس کچھ بھی سند نہیں تو اس کا حساب خدا ہی کے ہاں ہوگا۔ کچھ شک نہیں کہ کافر رستگاری نہیں پائیں گے

Verse 118 — Surah Al-Muminun 23:118

اور خدا سے دعا کرو کہ میرے پروردگار مجھے بخش دے اور (مجھ پر) رحم کر اور تو سب سے بہتر رحم کرنے والا ہے