Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 38 - Sad
Translation by Fateh Muhammad Jalandhry — Permalink
Verse 1 — Surah Sad 38:1
ص۔ قسم ہے اس قرآن کی جو نصیحت دینے والا ہے (کہ تم حق پر ہو)
Verse 2 — Surah Sad 38:2
مگر جو لوگ کافر ہیں وہ غرور اور مخالفت میں ہیں
Verse 3 — Surah Sad 38:3
ہم نے ان سے پہلے بہت سی اُمتوں کو ہلاک کردیا تو وہ (عذاب کے وقت) لگے فریاد کرنے اور وہ رہائی کا وقت نہیں تھا
Verse 4 — Surah Sad 38:4
اور انہوں نے تعجب کیا کہ ان کے پاس ان ہی میں سے ہدایت کرنے والا آیا اور کافر کہنے لگے کہ یہ تو جادوگر ہے جھوٹا
Verse 5 — Surah Sad 38:5
کیا اس نے اتنے معبودوں کی جگہ ایک ہی معبود بنا دیا۔ یہ تو بڑی عجیب بات ہے
Verse 6 — Surah Sad 38:6
تو ان میں جو معزز تھے وہ چل کھڑے ہوئے (اور بولے) کہ چلو اور اپنے معبودوں (کی پوجا) پر قائم رہو۔ بےشک یہ ایسی بات ہے جس سے (تم پر شرف وفضلیت) مقصود ہے
Verse 7 — Surah Sad 38:7
یہ پچھلے مذہب میں ہم نے کبھی سنی ہی نہیں۔ یہ بالکل بنائی ہوئی بات ہے
Verse 8 — Surah Sad 38:8
کیا ہم سب میں سے اسی پر نصیحت (کی کتاب) اُتری ہے؟ (نہیں) بلکہ یہ میری نصیحت کی کتاب سے شک میں ہیں۔ بلکہ انہوں نے ابھی میرے عذاب کا مزہ نہیں چکھا
Verse 9 — Surah Sad 38:9
کیا ان کے پاس تمہارے پروردگار کی رحمت کے خزانے ہیں جو غالب اور بہت عطا کرنے والا ہے
Verse 10 — Surah Sad 38:10
یا آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان میں ہے ان (سب) پر ان ہی کی حکومت ہے۔ تو چاہیئے کہ رسیاں تان کر (آسمانوں) پر چڑھ جائیں
Verse 11 — Surah Sad 38:11
یہاں شکست کھائے ہوئے گروہوں میں سے یہ بھی ایک لشکر ہے
Verse 12 — Surah Sad 38:12
ان سے پہلے نوح کی قوم اور عاد اور میخوں والا فرعون (اور اس کی قوم کے لوگ) بھی جھٹلا چکے ہیں
Verse 13 — Surah Sad 38:13
اور ثمود اور لوط کی قوم اور بن کے رہنے والے بھی۔ یہی وہ گروہ ہیں
Verse 14 — Surah Sad 38:14
(ان) سب نے پیغمبروں کو جھٹلایا تو میرا عذاب (ان پر) آ واقع ہوا
Verse 15 — Surah Sad 38:15
اور یہ لوگ تو صرف ایک زور کی آواز کا جس میں (شروع ہوئے پیچھے) کچھ وقفہ نہیں ہوگا، انتظار کرتے ہیں
Verse 16 — Surah Sad 38:16
اور کہتے ہیں کہ اے ہمارے پروردگار ہم کو ہمارا حصہ حساب کے دن سے پہلے ہی دے دے
Verse 17 — Surah Sad 38:17
(اے پیغمبر) یہ جو کچھ کہتے ہیں اس پر صبر کرو۔ اور ہمارے بندے داؤد کو یاد کرو جو صاحب قوت تھے (اور) بےشک وہ رجوع کرنے والے تھے
Verse 18 — Surah Sad 38:18
ہم نے پہاڑوں کو ان کے زیر فرمان کردیا تھا کہ صبح وشام ان کے ساتھ (خدائے) پاک (کا) ذکر کرتے تھے
Verse 19 — Surah Sad 38:19
اور پرندوں کو بھی کہ جمع رہتے تھے۔ سب ان کے فرمانبردار تھے
Verse 20 — Surah Sad 38:20
اور ہم نے ان کی بادشاہی کو مستحکم کیا اور ان کو حکمت عطا کی اور (خصومت کی) بات کا فیصلہ (سکھایا)
Verse 21 — Surah Sad 38:21
بھلا تمہارے پاس ان جھگڑنے والوں کی بھی خبر آئی ہے جب وہ دیوار پھاند کر عبادت خانے میں داخل ہوئے
Verse 22 — Surah Sad 38:22
جس وقت وہ داؤد کے پاس آئے تو وہ ان سے گھبرا گئے انہوں نے کہا کہ خوف نہ کیجیئے۔ ہم دونوں کا ایک مقدمہ ہے کہ ہم میں سے ایک نے دوسرے پر زیادتی کی ہے تو آپ ہم میں انصاف کا فیصلہ کر دیجیئے اور بےانصافی نہ کیجیئے گا اور ہم کو سیدھا رستہ دکھا دیجیئے
Verse 23 — Surah Sad 38:23
(کیفیت یہ ہے کہ) یہ میرا بھائی ہے اس کے (ہاں) ننانوے دنبیاں ہیں اور میرے (پاس) ایک دُنبی ہے۔ یہ کہتا ہے کہ یہ بھی میرے حوالے کردے اور گفتگو میں مجھ پر زبردستی کرتا ہے
Verse 24 — Surah Sad 38:24
انہوں نے کہا کہ یہ جو تیری دنبی مانگتا ہے کہ اپنی دنبیوں میں ملالے بےشک تجھ پر ظلم کرتا ہے۔ اور اکثر شریک ایک دوسرے پر زیادتی ہی کیا کرتے ہیں۔ ہاں جو ایمان لائے اور عمل نیک کرتے رہے اور ایسے لوگ بہت کم ہیں۔ اور داؤد نے خیال کیا کہ (اس واقعے سے) ہم نے ان کو آزمایا ہے تو انہوں نے اپنے پروردگار سے مغفرت مانگی اور جھک کر گڑ پڑے اور (خدا کی طرف) رجوع کیا
Verse 25 — Surah Sad 38:25
تو ہم نے ان کو بخش دیا۔ اور بےشک ان کے لئے ہمارے ہاں قرب اور عمدہ مقام ہے
Verse 26 — Surah Sad 38:26
اے داؤد ہم نے تم کو زمین میں بادشاہ بنایا ہے تو لوگوں میں انصاف کے فیصلے کیا کرو اور خواہش کی پیروی نہ کرنا کہ وہ تمہیں خدا کے رستے سے بھٹکا دے گی۔ جو لوگ خدا کے رستے سے بھٹکتے ہیں ان کے لئے سخت عذاب (تیار) ہے کہ انہوں نے حساب کے دن کو بھلا دیا
Verse 27 — Surah Sad 38:27
اور ہم نے آسمان اور زمین کو اور جو کائنات ان میں ہے اس کو خالی از مصلحت نہیں پیدا کیا۔ یہ ان کا گمان ہے جو کافر ہیں۔ سو کافروں کے لئے دوزخ کا عذاب ہے
Verse 28 — Surah Sad 38:28
جو لوگ ایمان لائے اور عمل نیک کرتے رہے۔ کیا ان کو ہم ان کی طرح کر دیں گے جو ملک میں فساد کرتے ہیں۔ یا پرہیزگاروں کو بدکاروں کی طرح کر دیں گے
Verse 29 — Surah Sad 38:29
(یہ) کتاب جو ہم نے تم پر نازل کی ہے بابرکت ہے تاکہ لوگ اس کی آیتوں میں غور کریں اور تاکہ اہل عقل نصیحت پکڑیں
Verse 30 — Surah Sad 38:30
اور ہم نے داؤد کو سلیمان عطا کئے۔ بہت خوب بندے (تھے اور) وہ (خدا کی طرف) رجوع کرنے والے تھے
Verse 31 — Surah Sad 38:31
جب ان کے سامنے شام کو خاصے کے گھوڑے پیش کئے گئے
Verse 32 — Surah Sad 38:32
تو کہنے لگے کہ میں نے اپنے پروردگار کی یاد سے (غافل ہو کر) مال کی محبت اختیار کی۔ یہاں تک کہ (آفتاب) پردے میں چھپ گیا
Verse 33 — Surah Sad 38:33
(بولے کہ) ان کو میرے پاس واپس لے آؤ۔ پھر ان کی ٹانگوں اور گردنوں پر ہاتھ پھیرنے لگے
Verse 34 — Surah Sad 38:34
اور ہم نے سلیمان کی آزمائش کی اور ان کے تخت پر ایک دھڑ ڈال دیا پھر انہوں نے (خدا کی طرف) رجوع کیا
Verse 35 — Surah Sad 38:35
(اور) دعا کی کہ اے پروردگار مجھے مغفرت کر اور مجھ کو ایسی بادشاہی عطا کر کہ میرے بعد کسی کو شایاں نہ ہو۔ بےشک تو بڑا عطا فرمانے والا ہے
Verse 36 — Surah Sad 38:36
پھر ہم نے ہوا کو ان کے زیرفرمان کردیا کہ جہاں وہ پہنچنا چاہتے ان کے حکم سے نرم نرم چلنے لگتی
Verse 37 — Surah Sad 38:37
اَور دیووں کو بھی (ان کے زیرفرمان کیا) وہ سب عمارتیں بنانے والے اور غوطہ مارنے والے تھے
Verse 38 — Surah Sad 38:38
اور اَوروں کو بھی جو زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے
Verse 39 — Surah Sad 38:39
(ہم نے کہا) یہ ہماری بخشش ہے (چاہو) تو احسان کرو یا (چاہو تو) رکھ چھوڑو (تم سے) کچھ حساب نہیں ہے
Verse 40 — Surah Sad 38:40
اور بےشک ان کے لئے ہمارے ہاں قُرب اور عمدہ مقام ہے
Verse 41 — Surah Sad 38:41
اور ہمارے بندے ایوب کو یاد کرو جب انہوں نے اپنے رب کو پکارا کہ (بار الہٰا) شیطان نے مجھ کو ایذا اور تکلیف دے رکھی ہے
Verse 42 — Surah Sad 38:42
(ہم نے کہا کہ زمین پر) لات مارو (دیکھو) یہ (چشمہ نکل آیا) نہانے کو ٹھنڈا اور پینے کو (شیریں)
Verse 43 — Surah Sad 38:43
اور ہم نے ان کو اہل و عیال اور ان کے ساتھ ان کے برابر اور بخشے۔ (یہ) ہماری طرف سے رحمت اور عقل والوں کے لئے نصیحت تھی
Verse 44 — Surah Sad 38:44
اور اپنے ہاتھ میں جھاڑو لو اور اس سے مارو اور قسم نہ توڑو۔ بےشک ہم نے ان کو ثابت قدم پایا۔ بہت خوب بندے تھے بےشک وہ رجوع کرنے والے تھے
Verse 45 — Surah Sad 38:45
اور ہمارے بندوں ابراہیم اور اسحاق اور یعقوب کو یاد کرو جو ہاتھوں والے اور آنکھوں والے تھے
Verse 46 — Surah Sad 38:46
ہم نے ان کو ایک (صفت) خاص (آخرت کے) گھر کی یاد سے ممتاز کیا تھا
Verse 47 — Surah Sad 38:47
اور ہمارے نزدیک منتخب اور نیک لوگوں میں سے تھے
Verse 48 — Surah Sad 38:48
اور اسمٰعیل اور الیسع اور ذوالکفل کو یاد کرو۔ وہ سب نیک لوگوں میں سے تھے
Verse 49 — Surah Sad 38:49
یہ نصیحت ہے اور پرہیزگاروں کے لئے تو عمدہ مقام ہے
Verse 50 — Surah Sad 38:50
ہمیشہ رہنے کے باغ جن کے دروازے ان کے لئے کھلے ہوں گے
Verse 51 — Surah Sad 38:51
ان میں تکیٴے لگائے بیٹھے ہوں گے اور (کھانے پینے کے لئے) بہت سے میوے اور شراب منگواتے رہیں گے
Verse 52 — Surah Sad 38:52
اور ان کے پاس نیچی نگاہ رکھنے والی (اور) ہم عمر (عورتیں) ہوں گی
Verse 53 — Surah Sad 38:53
یہ وہ چیزیں ہیں جن کا حساب کے دن کے لئے تم سے وعدہ کیا جاتا تھا
Verse 54 — Surah Sad 38:54
یہ ہمارا رزق ہے جو کبھی ختم نہیں ہوگا
Verse 55 — Surah Sad 38:55
یہ (نعمتیں تو فرمانبرداروں کے لئے ہیں) اور سرکشوں کے لئے برا ٹھکانا ہے
Verse 56 — Surah Sad 38:56
(یعنی) دوزخ۔ جس میں وہ داخل ہوں گے اور وہ بری آرام گاہ ہے
Verse 57 — Surah Sad 38:57
یہ کھولتا ہوا گرم پانی اور پیپ (ہے) اب اس کے مزے چکھیں
Verse 58 — Surah Sad 38:58
اور اسی طرح کے اور بہت سے (عذاب ہوں گے)
Verse 59 — Surah Sad 38:59
یہ ایک فوج ہے جو تمہارے ساتھ داخل ہوگی۔ ان کو خوشی نہ ہو یہ دوزخ میں جانے والے ہیں
Verse 60 — Surah Sad 38:60
کہیں گے بلکہ تم ہی کو خوشی نہ ہو۔ تم ہی تو یہ (بلا) ہمارے سامنے لائے سو (یہ) برا ٹھکانا ہے
Verse 61 — Surah Sad 38:61
وہ کہیں گے اے پروردگار جو اس کو ہمارے سامنے لایا ہے اس کو دوزخ میں دونا عذاب دے
Verse 62 — Surah Sad 38:62
اور کہیں گے کیا سبب ہے کہ (یہاں) ہم ان شخصوں کو نہیں دیکھتے جن کو بروں میں شمار کرتے تھے
Verse 63 — Surah Sad 38:63
کیا ہم نے ان سے ٹھٹھا کیا ہے یا (ہماری) آنکھیں ان (کی طرف) سے پھر گئی ہیں؟
Verse 64 — Surah Sad 38:64
بےشک یہ اہل دوزخ کا جھگڑنا برحق ہے
Verse 65 — Surah Sad 38:65
کہہ دو کہ میں تو صرف ہدایت کرنے والا ہوں۔ اور خدائے یکتا اور غالب کے سوا کوئی معبود نہیں
Verse 66 — Surah Sad 38:66
جو آسمانوں اور زمین اور جو مخلوق ان میں ہے سب کا مالک ہے غالب (اور) بخشنے والا
Verse 67 — Surah Sad 38:67
کہہ دو کہ یہ ایک بڑی (ہولناک چیز کی) خبر ہے
Verse 68 — Surah Sad 38:68
جس کو تم دھیان میں نہیں لاتے
Verse 69 — Surah Sad 38:69
مجھ کو اوپر کی مجلس (والوں) کا جب وہ جھگڑتے تھے کچھ بھی علم نہ تھا
Verse 70 — Surah Sad 38:70
میری طرف تو یہی وحی کی جاتی ہے کہ میں کھلم کھلا ہدایت کرنے والا ہوں
Verse 71 — Surah Sad 38:71
جب تمہارے پروردگار نے فرشتوں سے کہا کہ میں مٹی سے انسان بنانے والا ہوں
Verse 72 — Surah Sad 38:72
جب اس کو درست کرلوں اور اس میں اپنی روح پھونک دوں تو اس کے آگے سجدے میں گر پڑنا
Verse 73 — Surah Sad 38:73
تو تمام فرشتوں نے سجدہ کیا
Verse 74 — Surah Sad 38:74
مگر شیطان اکڑ بیٹھا اور کافروں میں ہوگیا
Verse 75 — Surah Sad 38:75
(خدا نے) فرمایا کہ اے ابلیس جس شخص کو میں نے اپنے ہاتھوں سے بنایا اس کے آگے سجدہ کرنے سے تجھے کس چیز نے منع کیا۔ کیا تو غرور میں آگیا یا اونچے درجے والوں میں تھا؟
Verse 76 — Surah Sad 38:76
بولا کہ میں اس سے بہتر ہوں (کہ) تو نے مجھ کو کو آگ سے پیدا کیا اور اِسے مٹی سے بنایا
Verse 77 — Surah Sad 38:77
فرمایا یہاں سے نکل جا تو مردود ہے
Verse 78 — Surah Sad 38:78
اور تجھ پر قیامت کے دن تک میری لعنت (پڑتی) رہے گی
Verse 79 — Surah Sad 38:79
کہنے لگا کہ میرے پروردگار مجھے اس روز تک کہ لوگ اٹھائے جائیں مہلت دے
Verse 80 — Surah Sad 38:80
فرمایا کہ تجھ کو مہلت دی جاتی ہے
Verse 81 — Surah Sad 38:81
اس روز تک جس کا وقت مقرر ہے
Verse 82 — Surah Sad 38:82
کہنے لگا کہ مجھے تیری عزت کی قسم میں ان سب کو بہکاتا رہوں گا
Verse 83 — Surah Sad 38:83
سوا ان کے جو تیرے خالص بندے ہیں
Verse 84 — Surah Sad 38:84
فرمایا سچ (ہے) اور میں بھی سچ کہتا ہوں
Verse 85 — Surah Sad 38:85
کہ میں تجھ سے اور جو ان میں سے تیری پیروی کریں گے سب سے جہنم کو بھر دوں گا
Verse 86 — Surah Sad 38:86
اے پیغمبر کہہ دو کہ میں تم سے اس کا صلہ نہیں مانگتا اور نہ میں بناوٹ کرنے والوں میں ہوں
Verse 87 — Surah Sad 38:87
یہ قرآن تو اہل عالم کے لئے نصیحت ہے
Verse 88 — Surah Sad 38:88
اور تم کو اس کا حال ایک وقت کے بعد معلوم ہوجائے گا