Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 68 - Al-Qalam
Translation by Muhammad Hussain Najafi — Permalink
Verse 1 — Surah Al-Qalam 68:1
نون! قَسم ہے قلم کی اور اس کی جو کچھ لوگ لکھتے ہیں۔
Verse 2 — Surah Al-Qalam 68:2
کہ آپ(ص) اپنے پروردگار کے فضل و کرم سے دیوانے نہیں ہیں۔
Verse 3 — Surah Al-Qalam 68:3
اور بےشک آپ(ص) کے لئے ایسا اجر ہے جو کبھی ختم ہو نے والانہیں ہے۔
Verse 4 — Surah Al-Qalam 68:4
اور بےشک آپ(ص) خلقِ عظیم کے مالک ہیں۔
Verse 5 — Surah Al-Qalam 68:5
عنقریب آپ بھی دیکھیں گے اور وہ بھی دیکھ لیں گے۔
Verse 6 — Surah Al-Qalam 68:6
کہ تم میں سے کون جُنون میں مبتلا ہے۔
Verse 7 — Surah Al-Qalam 68:7
بےشک آپ(ص) کا پروردگار بہتر جانتا ہے کہ اس کی راہ سے بھٹکا ہواکون ہے؟ اور وہی انہیں خوب جانتا ہے جو ہدایت یافتہ ہیں۔
Verse 8 — Surah Al-Qalam 68:8
تو آپ(ص) جھٹلانے والوں کا کہنا نہ مانیں۔
Verse 9 — Surah Al-Qalam 68:9
وہ (کفار) تو چاہتے ہیں کہ آپ(ص) (اپنے فرضِ منصبی کی ادائیگی میں) ڈھیلے پڑجائیں تو وہ بھی (مخالفت میں) ڈھیلے ہو جائیں۔
Verse 10 — Surah Al-Qalam 68:10
اور آپ(ص) ہرگز ہر اس شخص کا کہنا نہ مانیں جو بہت (جھوٹی) قَسمیں کھانے والا ہے (اور) ذلیل ہے۔
Verse 11 — Surah Al-Qalam 68:11
جو بڑی نکتہ چینی کرنے والا (اور) چلتا پھرتا چغل خور ہے۔
Verse 12 — Surah Al-Qalam 68:12
کارِ خیر سے بڑا منع کرنے والا، حد سے بڑھنے والا (اور) بڑا گنہگار ہے۔
Verse 13 — Surah Al-Qalam 68:13
سخت مزاج ہے اور ان (سب بری صفتوں) کے علاوہ وہ بداصل بھی ہے۔
Verse 14 — Surah Al-Qalam 68:14
یہ سب کچھ اس بناء پر ہے کہ وہ مالدار اور اولاد والا ہے۔
Verse 15 — Surah Al-Qalam 68:15
جب اس کو ہماری آیتیں پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو وہ کہتا ہے کہ یہ تو اگلے لوگوں کے افسانے ہیں۔
Verse 16 — Surah Al-Qalam 68:16
ہم عنقریب اس کی سونڈ (نا ک) پر داغ لگائیں گے۔
Verse 17 — Surah Al-Qalam 68:17
ہم نے ان (کفارِ مکہ) کو اسی طرح آزمائش میں ڈالا ہے جس طرح ایک باغ والوں کو آزمائش میں ڈالا تھا جب انہوں نے قَسم کھائی تھی کہ وہ صبح سویرے ضرور اس کا پھل توڑ لیں گے۔
Verse 18 — Surah Al-Qalam 68:18
اور انہوں نے کوئی استثناء نہیں کیا تھا (انشاء اللہ نہیں کہا تھا)۔
Verse 19 — Surah Al-Qalam 68:19
پھر (راتوں رات) جب کہ وہ لوگ ابھی سوئے ہوئے تھے آپ(ص) کے پروردگار کی طرف سے ایک آفت چکر لگا گئی۔
Verse 20 — Surah Al-Qalam 68:20
تو وہ (باغ) کٹی ہوئی فصل کی طرح ہوگیا۔
Verse 21 — Surah Al-Qalam 68:21
پس انہوں نے صبح ہوتے ہی ایک دوسرے کو آواز دی۔
Verse 22 — Surah Al-Qalam 68:22
کہ اگر تم نے پھل توڑنا ہے تو سویرے سویرے اپنی کھیتی کی طرف چلو۔
Verse 23 — Surah Al-Qalam 68:23
تو وہ اس حال میں چل پڑے کہ چپکے چپکے ایک دوسرے سے کہتے جاتے تھے۔
Verse 24 — Surah Al-Qalam 68:24
کہ خبردار! آج تمہارے پاس اس باغ میں کوئی مسکین نہ آنے پا ئے۔
Verse 25 — Surah Al-Qalam 68:25
اور وہ اس (مسکین کو کچھ نہ دینے) پر قادر سمجھ کر نکلے۔
Verse 26 — Surah Al-Qalam 68:26
اور جب باغ کو (برباد) دیکھا تو کہا کہ ہم راستہ بھول گئے ہیں۔
Verse 27 — Surah Al-Qalam 68:27
بلکہ ہم محروم ہو گئے ہیں۔
Verse 28 — Surah Al-Qalam 68:28
جو ان میں سے بہتر آدمی تھا اس نے کہا کہ کیا میں نے تم سے نہیں کہا تھا کہ (خدا کی) تسبیح کیوں نہیں کرتے؟
Verse 29 — Surah Al-Qalam 68:29
(تب) انہوں نے کہا کہ پاک ہے ہمارا پروردگار بےشک ہم ظالم تھے۔
Verse 30 — Surah Al-Qalam 68:30
پھر وہ ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہو کر باہم لعنت ملامت کرنے لگے۔
Verse 31 — Surah Al-Qalam 68:31
(اور) کہنے لگے وائے ہو ہم پر! بےشک ہم سرکش ہو گئے تھے۔
Verse 32 — Surah Al-Qalam 68:32
امید ہے کہ ہمارا پروردگار ہمیں اس (باغ) کے بدلے اس سے بہتر باغ عطا کر دے ہم اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرتے ہیں۔
Verse 33 — Surah Al-Qalam 68:33
اسی طرح عذاب آتا ہے اور آخرت کا عذاب تو (اس سے بھی) بہت بڑا ہے کاش کہ یہ لوگ جانتے۔
Verse 34 — Surah Al-Qalam 68:34
بےشک پرہیزگاروں کیلئے ان کے پروردگار کے ہاں نعمت و آسائش کے باغات ہیں۔
Verse 35 — Surah Al-Qalam 68:35
کیا ہم فرمانبرداروں کو مجرموں کی مانند کر دیں گے؟
Verse 36 — Surah Al-Qalam 68:36
تمہیں کیا ہوگیا ہے؟ تم کیسے فیصلے کرتے ہو؟
Verse 37 — Surah Al-Qalam 68:37
کیا تمہارے پاس کوئی (آسمانی) کتاب ہے جس میں تم (یہ) پڑھتے ہو؟
Verse 38 — Surah Al-Qalam 68:38
کہ تمہارے لئے اس میں وہ کچھ ہے جو تم پسند کرتے ہو؟
Verse 39 — Surah Al-Qalam 68:39
یا کیا تم نے ہم سے کچھ قَسمیں لی ہیں کہ قیامت میں تمہارے لئے وہی کچھ ہے جس کا تم حکم لگاؤ گے (فیصلہ کرو گے؟)
Verse 40 — Surah Al-Qalam 68:40
ان سے پوچھئے کہ ان میں سے کون ان (بےبنیاد باتوں) کا ضامن ہے؟
Verse 41 — Surah Al-Qalam 68:41
یا انکے کچھ آدمی (ہمارے) شریک ہیں؟ تو اگر وہ سچے ہیں تو پھر اپنے وہ شریک پیش کریں۔
Verse 42 — Surah Al-Qalam 68:42
(وہ دن یاد کرنے کے لائق ہے) جب پنڈلی کھولی جائے گی (یعنی سخت وقت ہوگا) اور ان (کافروں) کو سجدہ کیلئے بلایا جائے گا تو (اس وقت) وہ سجدہ نہیں کر سکیں گے۔
Verse 43 — Surah Al-Qalam 68:43
ان کی نگاہیں جھکی ہوئی ہوں گی (اور) ان پر ذلت چھائی ہوگی حالانکہ انہیں اس وقت (بھی دنیا میں) سجدہ کی دعوت دی جاتی تھی جب وہ صحیح و سالم تھے۔
Verse 44 — Surah Al-Qalam 68:44
پس (اے رسول(ص)) آپ(ص) مجھے اور اس کو چھوڑ دیں جو اس کتاب کو جھٹلاتا ہے ہم انہیں اس طرح بتدریج تباہی کی طرف لے جائیںگے کہ ان کو خبر بھی نہ ہوگی۔
Verse 45 — Surah Al-Qalam 68:45
اور میں انہیں مہلت دے رہا ہوں۔ بےشک میری تدبیر بڑی مضبوط ہے۔
Verse 46 — Surah Al-Qalam 68:46
کیا آپ(ص) ان سے کوئی اجرت طلب کرتے ہیں کہ وہ اس تاوان کے بوجھ تلے دبےجاتے ہیں؟
Verse 47 — Surah Al-Qalam 68:47
یا کیا ان کے پاس غیب ہے سو جسے وہ لکھ رہے ہیں؟
Verse 48 — Surah Al-Qalam 68:48
پس آپ(ص) اپنے پروردگار کے فیصلے تک صبر کریں اور مچھلی والے (جنابِ یونس(ع)) کی طرح نہ ہوں جب انہوں نے اس حال میں (اپنے پروردگار کو) پکارا کہ وہ غم و غصہ سے بھرے ہوۓ تھے (یا مغموم تھے)۔
Verse 49 — Surah Al-Qalam 68:49
اگر ان کے پروردگار کا فضل و کرم ان کے شاملِ حال نہ ہوتا تو انہیں اس حال میں چٹیل میدان میں پھینک دیا جاتا کہ وہ مذموم ہوتے۔
Verse 50 — Surah Al-Qalam 68:50
مگر ان کے پروردگار نے انہیں منتخب کر لیا اور انہیں (اپنے) نیکوکار بندوں سے بنا دیا۔
Verse 51 — Surah Al-Qalam 68:51
اور جب کافر ذکر (قرآن) سنتے ہیں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنی (تیز و تند) نظروں سے آپ(ص) کو (راہِ راست) سے پھسلا دیں گے اور کہتے ہیں کہ یہ ضرور دیوانہ ہے۔
Verse 52 — Surah Al-Qalam 68:52
حالانکہ وہ (قرآن) تو تمام جہانوں کیلئے نصیحت ہے۔