Back to Languages

Urdu - Chapter 98 - Al-Bayyinah

Translation by Muhammad Hussain Najafi — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Bayyinah 98:1

اہلِ کتاب اور مشرکین میں سے جو لوگ کافر تھے وہ (اپنے کفر سے) باز آنے والے نہ تھے جب تک ان کے پاس ایک واضح دلیل نہ آجائے۔

Verse 2 — Surah Al-Bayyinah 98:2

یعنی اللہ کا ایک رسول(ع) جو انہیں پاک و پاکیزہ صحیفے پڑھ کر سنا ئے۔

Verse 3 — Surah Al-Bayyinah 98:3

جن میں بالکل درست باتیں لکھی ہوئی ہوں۔

Verse 4 — Surah Al-Bayyinah 98:4

اور جن لوگوں کو کتاب دی گئی تھی (اور وہ اہلِ کتاب تھے) وہ تو واضح دلیل کے آجانے کے بعد ہی تفرقہ میں پڑے۔

Verse 5 — Surah Al-Bayyinah 98:5

حالانکہ انہیں تو بس یہی حکم دیا گیا تھا کہ دین کو اسی کیلئے خالص کرتے ہوئے اللہ کی عبادت کریں بالکل یکسُو ہو کر اور نماز قائم کریں اور زکوٰۃ دیں اور یہی نہایت (صحیح اور) درست دین ہے۔

Verse 6 — Surah Al-Bayyinah 98:6

بےشک جو اہلِ کتاب اور مشرکین کفر میں مبتلا ہیں وہ جہنم کی آگ میں پڑیں گے (اور) ہمیشہ اس میں رہیں گے یہی لوگ بدترینِ خلائق ہیں۔

Verse 7 — Surah Al-Bayyinah 98:7

اور بےشک جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کئے وہی بہترینِ خلائق ہیں۔

Verse 8 — Surah Al-Bayyinah 98:8

ان کی جزا ان کے پروردگار کے ہاں ہمیشگی کی جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہیں وہ ان میں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے اللہ ان سے راضی ہے اور وہ اللہ سے راضی ہیں (یہ سب کچھ) اس کے لئے ہے جو اپنے پروردگار (کی حکم عدولی) سے ڈرتا ہے۔