Back to Languages

Urdu - Chapter 19 - Maryam

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Maryam 19:1

كۗهٰيٰعۗصۗ

Verse 2 — Surah Maryam 19:2

یہ ذکر ہے آپ کے رب کی رحمت کا جو اس نے اپنے بندے زکریا پر فرمائی

Verse 3 — Surah Maryam 19:3

جب اس نے پکارا اپنے رب کو چپکے چپکے

Verse 4 — Surah Maryam 19:4

عرض کی اے میرے رب! میری حالت یہ ہے کہ کمزور بوسیدہ ہو گئی ہیں میری ہڈیاں اور بالکل سفید ہو گیا ہے (میرا) سر بڑھاپے کی وجہ سے اور اب تک ایسا نہیں کہ میں نے تجھے پکارا ہو اے میرے رب ! اور میں نا مراد رہا ہوں

Verse 5 — Surah Maryam 19:5

اور میں ڈرتا ہوں (اپنے بےدین) رشتے داروں سے (کہ وہ) میرے بعد (دین ضائع نہ کر دیں) اور میری بیوی بانجھ ہے پس بخشدے مجھے اپنے پاس سے ایک وارث

Verse 6 — Surah Maryam 19:6

جو وارث بنے میرا اور وارث بنے یعقوب (علیہ السلام) کے خاندان کا اور بنا دے اسے اے رب! پسندیدہ (سیرت والا)

Verse 7 — Surah Maryam 19:7

اے زکرّیا! ہم مثردہ دیتے ہیں تجھے ایک بچے (کی ولادت) کا اس کا نام یحییٰ ہو گا۔ ہم نے نہیں بنایا اس کا کوئی ہم نام اس سے پہلے

Verse 8 — Surah Maryam 19:8

زکریا نے عرض کی میرے رب! کیسے ہو سکتا ہے میرے ہاں لڑکا حالانکہ میری بیوی بانجھ ہے اور میں خود پہنچ گیا ہوں بڑھاپے کی انتہا کو

Verse 9 — Surah Maryam 19:9

فرمایا یونہی ہوگا تیرے رب نے فرمایا ہے کہ اس کبر سنی میں بچہ دینا میرے لیے آسان بات ہے اور (دیکھو) میں نے تمھیں بھی تو پیدا کیا تھا اس سے پیشتر حالانکہ تم کچھ بھی نہ تھے

Verse 10 — Surah Maryam 19:10

زکریا نے عرض کی اے میرے رب ٹھیراؤ میرے لیے کوئی علامت جواب ملا تیری علامت یہ ہے کہ تو بات نہیں کر سکے گا لوگوں سے تین رات تک حالانکہ تو بالکل تندرست ہوگا

Verse 11 — Surah Maryam 19:11

پھر آپ نکل کر آئے اپنی قوم کے پاس (اپنے) عبادتخانہ سے تو اشارہ سے انھیں سمجھایا کہ تم پاکی بیان کرو (اپنے رب کی) صبح و شام

Verse 12 — Surah Maryam 19:12

اے یحییٰ پکڑ لو اس کتاب کو مضبوطی سے اور ہم نے عطا فرما دی ان کو دانائی جبکہ وہ بچے تھے

Verse 13 — Surah Maryam 19:13

نیز عطا فرمائی دل کی نرمی اپنی جناب سے اور نفس کی پاکیزگی اور وہ بڑے پرہیزگار تھے

Verse 14 — Surah Maryam 19:14

اور وہ خدمتگار تھے اپنے والدین کے اور وہ جابر (اور ) سر کش نہ تھے

Verse 15 — Surah Maryam 19:15

اور سلامتی ہو ان پر جس روز وہ پیدا ہوئے اور جس روز وہ انتقال کریں گے اور جس روز انھیں اٹھایا جائیگا زندہ کر کے

Verse 16 — Surah Maryam 19:16

اور (اے حبیب!) بیان کیجیے کتاب میں مریم (کا حال) جب وہ الگ ہو گئی اپنے گھر والوں سے ایک مکان میں جو مشرق کی جانب تھا

Verse 17 — Surah Maryam 19:17

پس بنا لیااس نے لوگوں کی طرف سے ایک پردہ پھر ہم نے بھیجا اس کی طرف اپنے جبرئیل کو پس وہ ظاہر ہوا اس کے سامنے ایک تندرست انسان کی صورت میں

Verse 18 — Surah Maryam 19:18

مریم بولیں میں پناہ مانگتی ہوں رحمن کی تجھ سے اگر تو پرہیزگار ہے

Verse 19 — Surah Maryam 19:19

جبرائیل نے کہا میں تو تیرے رب کا بھیجا ہوا ہوں تاکہ میں عطا کروں تجھے ایک پاکیزہ فرزند

Verse 20 — Surah Maryam 19:20

مریم (حیرت سے) بولیں (اے بندہ خدا) کیونکر ہو سکتا ہے میرے ہاں بچّہ حالانکہ نہیں چھوا مجھے کسی بشر نے اور نہ میں بد چلن ہوں

Verse 21 — Surah Maryam 19:21

جبرائیل نے کہا یہ درست ہے (لیکن) تیرے رب نے فرمایا یوں بچہّ دینا میرے لیے معمولی بات ہے اور (مقصد یہ ہے کہ) ہم بنائیں اسے اپنی (قدرت کی ) نشانی لوگوں کے لیے اور سراپا رحمت اپنی طرف سے اور یہ ایسی بات ہے جس کا فیصلہ ہو چکا ہے

Verse 22 — Surah Maryam 19:22

پس وہ حاملہ ہو گئیں اس (بچہّ) سے پھر وہ چلی گئیں اسے (شکم میں ) لیے کسی دور جگہ

Verse 23 — Surah Maryam 19:23

پس لے آیا انھیں دردِ زہ ایک کھجور کے تنے کے پاس (بصد حسرت دیاس) کہنے لگیں کاش! میں مر گئی ہوتی اس سے پہلے اور بالکل فراموش کر دی گئی ہوتی

Verse 24 — Surah Maryam 19:24

پس پکارا اسے ایک فرشتہ نے اسکے نیچے سے (اے مریم) غمزدہ نہ ہو جاری کر دی ہے تیرے رب نے تیرے نیچے ایک ندی

Verse 25 — Surah Maryam 19:25

اور ہلاؤ اپنی طرف کھجور کے تنے کو گرِنے لگیں گی تم پر پکی ہوئی کھجوریں

Verse 26 — Surah Maryam 19:26

(بیٹھے بیٹھے خرمے) کھاؤ اور (ٹھنڈا پانی) پیو اور (اپنے فرزند دلبند کو دیکھ کر) آنکھیں ٹھنڈی کرو پھر اگر تم دیکھو کسی آدمی کو تو (اشارہ سے اسے) کہو کہ میں نے نذر مانی ہوئی ہے رحمن کے لیے (خاموشی کے) روزہ کی پس میں آج کسی انسان سے گفتگو نہیں کروں گی

Verse 27 — Surah Maryam 19:27

اس کے بعد وہ لے آئیں بچہّ کو اپنی قوم کے پاس (گود میں) اٹھائے ہوئے انھوں نے کہا اے مریم! تم نے بہت ہی برا کام کیا ہے

Verse 28 — Surah Maryam 19:28

اے ہارون کی بہن! نہ تیرا باپ برا آدمی تھا اور نہ ہی تیری ماں بد چلن تھی

Verse 29 — Surah Maryam 19:29

اِس پر مریم نے بچہّ کی طرف اشارہ کیا لوگ کہنے لگے ہم کیسے بات کریں اس سے جو گہوارہ میں (کمسن) بچہّ ہے

Verse 30 — Surah Maryam 19:30

(اچانک) وہ بچہّ بول پڑا کہ میں اللہ کا بندہ ہوں اس نے مجھے کتاب عطا کی ہے اور اس نے مجھے نبی بنایا ہے

Verse 31 — Surah Maryam 19:31

اور اسی نے مجھے با برکت کیا ہے جہاں کہیں بھی میں ہوں اور اسی نے مجھے حکم دیا ہے نماز ادا کرنے کا اور زکوٰۃ دینے کا جب تک میں زندہ رہوں

Verse 32 — Surah Maryam 19:32

اور مجھے خدمتگار بنایا ہے اپنی والدہ کا اور اس نے نہیں بنایا مجھے جابر (اور) بدبخت

Verse 33 — Surah Maryam 19:33

اور سلامتی ہو مجھ پر جس روز میں پیدا ہوا اور جس دن میں مروں گا اور جس دن مجھے اٹھایا جائیگا زندہ کر کے

Verse 34 — Surah Maryam 19:34

یہ ہے عیسیٰ بن مریم (اور یہ ہے وہ) سچی بات جس میں لوگ جھگڑ رہے ہیں

Verse 35 — Surah Maryam 19:35

یہ زیبا ہی نہیں اللہ تعالیٰ کو کہ وہ کسی کو اپنا بیٹا بنائے وہ پاک ہے جب وہ فیصلہ فرما دیتا ہے کسی کام کا تو بس صرف اتنا حکم دیتا ہے اس کے لیے کہ ہو جا تو وہ کام ہو جاتا ہے

Verse 36 — Surah Maryam 19:36

اور بلا شبہ اللہ تعالیٰ میرا بھی پروردگار ہے اور تمھارا بھی سو اسی کی عبادت کیا کرو یہی سیدھا راستہ ہے

Verse 37 — Surah Maryam 19:37

پھر کئی گروہ آپس میں اختلاف کرنے لگے پس ہلاکت ہے کفار کے لیے اس دن کی حاضری سے جو بہت بڑا ہے

Verse 38 — Surah Maryam 19:38

(اس دن) یہ خوب سننے لگیں گے اور خوب دیکھنے لگیں گے جس دین آئیں گے ہمارے پاس لیکن یہ ظالم آج تو کھلی گمراہی میں ہیں

Verse 39 — Surah Maryam 19:39

اور اے نبی کریم ! آپ ڈرائیے انھیں حسرت و ندامت کے دن سے جب ہر بات کا فیصلہ کر دیا جائیگا اور آج یہ لوگ غفلت میں ہیں اور یہ ایمان نہیں لاتے

Verse 40 — Surah Maryam 19:40

یقیناً ہم ہی وارث ہوں گے زمین کے اور جو کچھ اس کے اوپر ہے اور ہماری طرف ہی سب لوٹائے جائینگے

Verse 41 — Surah Maryam 19:41

اور ذکر کیجیے آپ کتاب میں ابراہیم (علیہ السلام) کا وہ بڑا راستباز نبی تھا

Verse 42 — Surah Maryam 19:42

جب انھوں نے کہا اپنے باپ سے کہ اے میرے باپ تو کیوں عبادت کرتا ہے اس کی جو نہ کچھ سنتا ہے اور نہ کچھ دیکھتا ہے اور نہ تجھے کوئی فائدہ پہنچا سکتاہے

Verse 43 — Surah Maryam 19:43

اے میرے باپ بیشک آیا ہے میرے پاس وہ علم جو تیرے پاس نہیں آیا اس لیے تو میری پیروی کر میں دکھاؤں گا تجھے سیدھا راستہ

Verse 44 — Surah Maryam 19:44

اے باپ! شیطان کی پوجا نہ کیا کر بیشک شیطان تو رحمن کا نافرمان ہے

Verse 45 — Surah Maryam 19:45

اے باپ! میں ڈرتا ہوں کہ کہیں تجھے پہنچے عذاب (خدائے) رحمن کی طرف سے تو تو بن جائے شیطان کا ساتھی

Verse 46 — Surah Maryam 19:46

باپ نے کہا کیا روگردانی کرنے والا ہے تو میرے خداؤں سے اے ابراہیم؟ اگر تم باز نہ آئے تو میں تمھیں سنگسار کر دوں گا اور دور ہو جا میرے سامنے سے کچھ عرصہ

Verse 47 — Surah Maryam 19:47

ابراہیم نے (جواب میں ) کہا سلام ہو تم پر میں مغفرت طلب کرونگا تیرے لیے اپنے رب سے بیشک وہ مجھ پر بیحد مہربان ہے

Verse 48 — Surah Maryam 19:48

اور میں الگ ہو جاؤں گا تم سے اور (ان سے بھی) جن کی تم عبادت کرتے ہو اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر اور میں اپنے رب کی عبادت کرونگا۔ مجھے امید ہے کہ میں اپنے رب کی عبادت کی برکت سے نا مراد نہیں رہونگا

Verse 49 — Surah Maryam 19:49

پس جب وہ جدا ہو گیا ان سے اور جن کی وہ عبادت کیا کرتے تھے اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر تو عطا فرمایا ہم نے ابراہیم کو اسحق اور یعقوب اور سب کو ہم نے نبی بنایا

Verse 50 — Surah Maryam 19:50

اور ہم نے عطا فرمائیں انھیں اپنی رحمت سے (طرح طرح کی نعمتیں) اور ہم نے ان کے لیے سچی اور دائمی تعریف کی آواز بلند کر دی

Verse 51 — Surah Maryam 19:51

اور ذکر فرمائیے کتاب میں موسیٰ کا بیشک وہ (اللہ کے چنے ہوئے) تھے اور رسول و نبی تھے

Verse 52 — Surah Maryam 19:52

اور ہم نے انھیں پکارا طور کی دائیں جانب سے اور ہم نے انھیں قریب کیا راز کی باتیں کرنے کے لیے

Verse 53 — Surah Maryam 19:53

اور ہم نے بخشا انہیں اپنی خاص رحمت سے ان کا بھائی ہارون جو نبی تھا

Verse 54 — Surah Maryam 19:54

اور ذکر کیجیے کتاب میں اسمعیل کو بیشک وہ وعدہ کے سچے تھے اور رسول (اور) نبی تھے

Verse 55 — Surah Maryam 19:55

اور وہ حکم دیا کرتے تھے اپنے گھر والوں کو نماز پڑھنے اور زکوٰۃ ادا کرنے کا اور اپنے رب کے نزدیک بڑے پسندیدہ تھے

Verse 56 — Surah Maryam 19:56

اور ذکر فرمائیے کتاب میں ادریس ( علیہ السلام) کا بیشک وہ بڑے راستباز تھے (اور) نبی تھے

Verse 57 — Surah Maryam 19:57

اور ہم نے بلند کیا تھا انھیں بڑے اونچے مقام تک

Verse 58 — Surah Maryam 19:58

یہ وہ (مُقدس ہستیاں) ہیں جن پر انعام فرمایا اللہ تعالیٰ نے انبیاء (کرام کے زمرہ) سے یہ آدم کی اولاد سے تھے۔ اور بعض ان کی اولاد جن کو ہم نے سوار کیا تھا (کشتی میں ) نوح کے ساتھ اور بعض ابراہیم اور یعقوب کی اولاد سے تھے اور ان میں سے جنھیں ہم نے ہدایت دی اور چُن لیا۔ جب پڑھی جاتی ہیں ان کے سامنے رحمن کی آیتیں تو وہ گِر پڑتے ہیں سجدہ کرتے ہوئے اور (زار و قطار) روتے ہوئے

Verse 59 — Surah Maryam 19:59

پس جانشین بنے ان کے بعدوہ نا خلف جنھوں نے ضائع کیا نمازوں کو اور پیروی کی خواہشات (نفسانی) کی سو وہ دو چار ہونگے اپنی نافرمانی (کی سزا) سے

Verse 60 — Surah Maryam 19:60

مگر جو تائب ہوئے اور ایمان لائے اور نیک عمل کیے تو یہ لوگ جنت میں داخل ہونگے اور ان پر ذرا ظلم نہیں کیا جائیگا

Verse 61 — Surah Maryam 19:61

سدا بہار چمن جن کا وعدہ (خداوند) رحمن نے اپنے بندوں سے غیب میں کیا ہے یقیناً اس کا وعدہ پورا ہو کر رہنے والا ہے

Verse 62 — Surah Maryam 19:62

نہیں سنیں گے جنت میں کوئی لغو بات بجز ’سلامت رہو‘ کی دعائیہ صدا۔ اور انہیں ان کا رزق ملے گا وہاں ہر صبح و شام

Verse 63 — Surah Maryam 19:63

یہ وہ جنت ہے جس کا ہم وارث بنائیں گے اپنے بندوں سے (صرف ) اس کو جو متقی ہو گا

Verse 64 — Surah Maryam 19:64

اور ( جبرائیل! میرے نبی سے کہو) ہم نہیں اترتے مگر آپ کے رب کے حکم سے اسی کا ہے جو ہمارے سامنے ہے اور جو ہمارے پیچھے ہے اور جو کچھ اس کے درمیان ہے اور نہیں ہے آپ کا رب بھولنے والا

Verse 65 — Surah Maryam 19:65

وہ پروردگار ہے آسمانوں اور زمین کا اور جو کچھ ان کے درمیان ہے سو اس کی عبادت کرو اور ثابت قدم رہو اس کی عبادت پر۔ کیا تم جانتے ہو کہ اس کا کوئی ہم مثل ہے

Verse 66 — Surah Maryam 19:66

اور انسان (ازراہ انکار) کہتا ہے کہ کیا جب میں مر جاؤں گا تو مجھے پھر زندہ کر کے نکالا جائے گا؟

Verse 67 — Surah Maryam 19:67

کیا یاد نہ رہا انسان کو کہ ہم نے ہی پیدا کیا اسے اس سے پہلے حالانکہ وہ کچھ بھی نہ تھا

Verse 68 — Surah Maryam 19:68

سو (اے محبوب!) تیرے رب کی قسم! ہم جمع کرینگے انھیں بھی اور شیطانوں کو بھی پھر حاضر کرینگے ان سب کو جہنم کے ارد گرد کہ وہ گھٹنوں کے بل گرے ہونگے

Verse 69 — Surah Maryam 19:69

پھر ہم (چُن چُن کر) الگ کر لینگے ہر گروہ سے ان لوگوں کو جو (خداوند) رحمن کے سخت نا فرمان تھے

Verse 70 — Surah Maryam 19:70

پھر ہم ہی خوب جانتے ہیں ان لوگوں کو جو زیادہ مستحق ہیں اس آگ میں تپائے جانے کے

Verse 71 — Surah Maryam 19:71

اور تم سے کوئی ایسا نہیں مگر اس کا گزر دوزخ پر ہوگا یہ آپ کے رب پر لازم ہے (اور اس کا) فیصلہ ہو چکا ہے

Verse 72 — Surah Maryam 19:72

پھر ہم نجات دینگے پرہیزگاروں کو اور رہنے دینگے ظالموں کو دوزخ میں کہ وہ گھٹنوں کے بل گرے ہونگے

Verse 73 — Surah Maryam 19:73

اور جب تلاوت کی جاتی ہیں ان کے سامنے ہماری آیتیں وضاحت سے (تو) کافر کہتے ہیں ایمان والوں سے کہ (یہ تو بتاؤ) ہم دونوں گروہوں میں سے کس کی رہائش گاہ آرام دہ ہے اور کس کی نشست گاہ خوبصورت ہے

Verse 74 — Surah Maryam 19:74

اور (ان احمقوں نے یہ سوچا ) کہ کتنی قومیں ان سے پہلے تھیں جنکو ہم نے برباد کر دیا۔ وہ سازو سامان اور ظاہری سج دھج میں (ان سے ) بہتر تھیں۔

Verse 75 — Surah Maryam 19:75

آپ فرمائیے جو گمراہی میں (مگن ) ہو تو ڈھیل دیے رکھتا ہے اسے رحمن لمبی ڈھیل ۔ یہاں تک کہ جب دیکھیں گے وہ چیز جس کا وعدہ کیا گیا ہے یعنی عذاب یا قیامت تو اس وقت انھیں پتہ چلے گا کہ کون مکان کے لحاظ سے برا اور لشکر کے اعتبار سے کمزور ہے

Verse 76 — Surah Maryam 19:76

اور زیادہ کرتا رہتا ہے اللہ تعالیٰ ہدایت یافتہ لوگوں (کے نور) ہدایت کو اور باقی رہنے والی نیکیاں بہتر ہیں آپ کے رب کے نزدیک ثواب کے اعتبار سے اور انھیں کا انجام اچھا ہے

Verse 77 — Surah Maryam 19:77

کیا آپ نے دیکھا اس کو جس نے انکار کیا ہماری آیتوں کا اور کہنے لگا کہ مجھے ضرور ضرور دیا جائیگا مال اور اولاد

Verse 78 — Surah Maryam 19:78

(اس لاف زنی کی وجہ کیا ہے) کیا وہ آگاہ ہو گیا ہے غیب پر یا لے لیا ہے اس نے (خداوند ) رحمن سے کوئی وعدہ؟

Verse 79 — Surah Maryam 19:79

ہر گز ایسا نہیں ۔ ہم لکھ لیں گے جو یہ کہہ رہا ہے اور لمبا کر دینگے اس کے لیے عذاب کو خوب لمبا کرنا

Verse 80 — Surah Maryam 19:80

اور ہم ہی وارث ہونگے جو وہ کہتا ہے (یعنی اسکے مال و اولاد کے) اور وہ ہمارے پاس تنہا آئیگا

Verse 81 — Surah Maryam 19:81

اور انھوں نے بنا لیے ہیں اللہ تعالیٰ کے سوا اور خدا کہ وہ ان کے لیے مدد گار بنیں

Verse 82 — Surah Maryam 19:82

ہر گز نہیں۔ وہ جھوٹے خدا انکار کر دیں گے ان کی عبادت کا اور وہ (الٹے) ان کے دشمن ہو جائینگے

Verse 83 — Surah Maryam 19:83

کیا آپ نے ملاحظہ نہیں کیا کہ ہم نے مسلّط کر دیا ہے شیطانوں کو کفار پر۔ وہ انہیں (اسلام کے خلاف) ہر وقت اکساتے رہتے ہیں

Verse 84 — Surah Maryam 19:84

پس عجلت نہ کیجیے ان پر (نزول عذاب کے لیے) ہم گِن رہے ہیں ان کے ایام زندگی کو اچھی طرح

Verse 85 — Surah Maryam 19:85

وہ دن جب ہم اکٹھا کرینگے پرہیزگاروں کو رحمن کے حضور میں (معزز ومکرم مہمان بنا کر)

Verse 86 — Surah Maryam 19:86

اور اس روزہانک کر لائینگے مجرموں کو جہنم کی طرف پیاسے جانور کی طرح

Verse 87 — Surah Maryam 19:87

انھیں کوئی اختیار نہیں ہوگا شفاعت کا ۔ بجز ان کے جنھوں نے خداوند رحمن سے کوئی وعدہ لے لیا ہے

Verse 88 — Surah Maryam 19:88

اور کفّار کہتے ہیں بنا لیا ہے رحمن نے (فلاں کو اپنا) بیٹا

Verse 89 — Surah Maryam 19:89

(اے کافرو!) یقیناً تم نے ایسی بات کی ہے جو سخت معیوب ہے

Verse 90 — Surah Maryam 19:90

قریب ہے آسمان شق ہو جائیں اس (خرافات) سے اور زمین پھٹ جائے اور پہاڑ گر پڑیں لرزتے ہوئے

Verse 91 — Surah Maryam 19:91

کیونکہ وہ کہہ رہے ہیں کہ رحمن کا ایک بیٹا ہے

Verse 92 — Surah Maryam 19:92

اور نہیں جائز رحمن کے لیے کہ وہ بنائے کسی کو (اپنا ) فرزند

Verse 93 — Surah Maryam 19:93

کوئی ایسی چیز نہیں جو آسمانوں اور زمین میں ہے مگر وہ حاضر ہو گی رحمن کی بار گاہ میں بندہ بن کر

Verse 94 — Surah Maryam 19:94

اللہ تعالیٰ نے ان سب کا شمار کر رکھا ہے اور انہیں گِن لیا ہے اچھی طرح

Verse 95 — Surah Maryam 19:95

اور وہ سب پیش ہونگے اس کے سامنے قیامت کے دن تنہا

Verse 96 — Surah Maryam 19:96

بلاشبہ جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے پیدا فرما دیگا خدائے مہربان ان کے لیے (دِلوں میں ) محبت

Verse 97 — Surah Maryam 19:97

صرف اس لیے ہم نے آسان کر دیا ہے قرآن کو آپ کی زبان میں اتار کرتا کہ آپ مژدہ سنائیں اس سے پرہیزگاروں کو اور ڈرائیں اس کے ذریعے اس قوم کو جو بڑی جھگڑالو ہے

Verse 98 — Surah Maryam 19:98

اور کتنی قومیں تھیں جن کو ہم نے ہلاک کر دیا ان سے پہلے۔ کیا محسوس کر تے ہیں ان میں سے کسی کو یا سنتے ہو ان کی کوئی آہٹ