Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 23 - Al-Muminun
Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink
Verse 1 — Surah Al-Muminun 23:1
بیشک دونوں جہان میں با مراد ہو گئے ایمان والے
Verse 2 — Surah Al-Muminun 23:2
وہ ایمان والے جو اپنی نماز میں عجزو نیاز کرتے ہیں
Verse 3 — Surah Al-Muminun 23:3
اور وہ جو ہر بیہودہ امر سے منہ پھیرے ہوئے ہیں
Verse 4 — Surah Al-Muminun 23:4
اور وہ جو زکوٰۃ ادا کرتے ہیں
Verse 5 — Surah Al-Muminun 23:5
اور وہ جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرنے والے ہیں
Verse 6 — Surah Al-Muminun 23:6
بجز اپنی بیویوں کے اور ان کنیزوں کے جو ان کے ہاتھوں کی ملکیت ہیں تو بیشک انہیں ملامت نہ کی جائیگی
Verse 7 — Surah Al-Muminun 23:7
اور جس نے خواہش کی ان دو کے ما سوا تو یہی لوگ حد سے بہت زیادہ تجاوز کرنے والے ہیں نیز وہ (مومن با مراد ہیں)
Verse 8 — Surah Al-Muminun 23:8
جو اپنی امانتوں اور اپنے وعدوں کی پاسداری کرنے والے ہیں
Verse 9 — Surah Al-Muminun 23:9
اور وہ جو اپنی نمازوں کی پوری حفاظت کرتے ہیں
Verse 10 — Surah Al-Muminun 23:10
یہی لوگ وارث ہیں
Verse 11 — Surah Al-Muminun 23:11
جو وارث بنیں گے فردوس (بریں) کے وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے
Verse 12 — Surah Al-Muminun 23:12
اور بیشک ہم نے پیدا کیا انسان کو مٹی کے جوہر سے
Verse 13 — Surah Al-Muminun 23:13
پھر ہم نے رکھا اسے پانی کی بوند بنا کر ایک محفوظ مقام میں
Verse 14 — Surah Al-Muminun 23:14
پھر ہم نے بنا دیا نطفہ کو خون کا لوتھڑا پھر ہم نے بنا دیا اس لوتھڑے کو گوشت کی بوٹی پھر ہم نے پیدا کر دیں اس بوٹی سے ہڈیاں ، پھر ہم نے پہنا دیا ان ہڈیوں کو گوشت ۔ پھر (روح پھونک کر) ہم نے اسے دوسری مخلوق بنا دیا پس بڑا با برکت ہے اللہ جو سب سے بہتر بنانے والا ہے
Verse 15 — Surah Al-Muminun 23:15
پھر یقیناً تم ان مرحلوں سے گزرنے کے بعد مرنے والے ہو
Verse 16 — Surah Al-Muminun 23:16
پھر بلا شبہ تمھیں روز قیامت (قبروں سے ) اٹھایا جائیگا
Verse 17 — Surah Al-Muminun 23:17
اور بےشک ہم نے تمھارے اوپر سات راستے بنا دیے اور ہم اپنی مخلوق (کی مصلحتوں) سے بےخبر نہ تھے
Verse 18 — Surah Al-Muminun 23:18
اور ہم نے اتارا آسمان سے پانی اندازہ کے مطابق پھر ہم نے ٹھیرا لیا اسے زمین میں اور یقیناً ہم اسے بالکل نا پید کرنے پر پوری طرح قادر ہیں
Verse 19 — Surah Al-Muminun 23:19
پھر ہم نے اگائے تمھارے لیے اس پانی سے باغات کھجوروں اور انگوروں کے تمھارے لیے ان میں بہت سے پھل ہیں اور ان میں سے تم کھاتے بھی ہو
Verse 20 — Surah Al-Muminun 23:20
نیز پیدا کیا ایک درخت جو اگتا ہے طور سینا میں وہ اگتا ہے تیل لیے ہوئے اور سالن لیے ہوئے کھانیوالوں کے لیے
Verse 21 — Surah Al-Muminun 23:21
اور بےشک تمھارے لیے جانوروں میں بھی غورو فکر کا مقام ہے ہم پلاتے ہیں تمھیں اس (دودھ) سے جو ان کے شکموں میں ہے اور تمھارے لیے ان میں طرح طرح کے بہت فائدے ہیں اور انھیں (کے گوشت) سے تم کھاتے ہو
Verse 22 — Surah Al-Muminun 23:22
اور ان پر اور کشتیوں پر تمھیں سوار کیا جاتا ہے
Verse 23 — Surah Al-Muminun 23:23
اور ہم نے بھیجا نوح (علیہ السلام) کو ان کی قوم کی طرف تو آپ نے فرمایا اے میری قوم! اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو، نہیں ہے تمھارا کوئی خدا اس کے بغیر ۔ کیا تم (بت پرستی کے انجام سے ) نہیں ڈرتے
Verse 24 — Surah Al-Muminun 23:24
تو کہنے لگے وہ سردار جنھوں نے کفر اختیار کیا تھا ان کی قوم سے کہ نہیں ہے یہ مگر بشر تمھارے جیسا یہ چاہتا ہے کہ اپنی بزرگی جتلائے تم پر اور اگر اللہ تعالیٰ (رسول بھیجنا) چاہتا تو وہ اتارتا فرشتوں کو ، ہم نے نہیں سنی یہ بات (جو نوح علیہ السلام کہتے ہیں ) اپنے پہلے آباؤاجداد میں
Verse 25 — Surah Al-Muminun 23:25
نہیں ہے یہ مگر ایسا شخص جسے جنون کا مرض ہو گیا ہے سو انتظار کرو اس کے انجام کا کچھ عرصہ
Verse 26 — Surah Al-Muminun 23:26
آپ نے عرض کی اے رب!(اب) تو ہی میری مدد فرما کیونکہ انھوں نے مجھے جھٹلا دیا ہے
Verse 27 — Surah Al-Muminun 23:27
تو ہم نے وحی بھیجی ان کی طرف کہ بناؤ ایک کشتی ہماری نگاہوں کے سامنے اور ہمارے حکم کے مطابق۔ پھر جب آجائے ہمارا عذاب اور (پانی) اُبل پڑے تنور سے تو داخل کر لو اس میں ہر جوڑے میں سے دو دو اور اپنے گھر والوں کو بجز ان کے جن کے بارے میں پہلے فیصلہ ہو چکا ہے ان میں سے ، اور گفتگو نہ کرنا میرے ساتھ ان کے متعلق جنھوں نے ظلم کیا وہ تو ضرور غرق کیے جائیں گے
Verse 28 — Surah Al-Muminun 23:28
پھر جب اچھی طرح بیٹھ جائیں آپ اور آپ کے ساتھی کشتی کے عرشہ پر تو کہنا سب تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں جس نے ہمیں نجات دی ظالم قوم (کے جوروستم) سے
Verse 29 — Surah Al-Muminun 23:29
اور یہ بھی عرض کرنا کہ اے میرے رب! اتار مجھے با برکت منزل پر اور تو ہی سب سے بہتر اتارنے والا ہے
Verse 30 — Surah Al-Muminun 23:30
بیشک اس قصہ میں ہماری قدرت کی نشانیاں ہیں اور ہم ضرور (اپنے بندوں کو ) آزمانے والے ہیں
Verse 31 — Surah Al-Muminun 23:31
پھر ہم نے پیدا فرما دی ان کے (غرق ہونے کے ) بعد ایک دوسری جماعت
Verse 32 — Surah Al-Muminun 23:32
پھر ہم نے بھیجا ان میں ایک رسول ان میں سے (اس نے انہیں کہا) کہ عبادت کرو اللہ کی ، نہیں ہے تمھارا کوئی خدا اس کے سوا، کیا تم (شرک کے انجام سے) نہیں ڈرتے ہو
Verse 33 — Surah Al-Muminun 23:33
تو بولے ان کی قوم کے سردار جنھوں نے کفرکیا تھا اور جنھوں نے جھٹلایا تھا قیامت کی حاضری کو اور ہم نے خوشحال بنا دیا تھا انھیں دنیوی زندگی میں ۔ (اے لوگو!) نہیں ہے یہ مگر ایک بشر تمھاری مانند، یہ کھاتا ہے وہی خوراک جو تم کھاتے ہو اور پیتا ہے اس سے جس تم پیتے ہو
Verse 34 — Surah Al-Muminun 23:34
اور اگر تم پیروی کرنے لگے اپنے جیسے بشر کی تو تم تب نقصان اٹھانے والے ہو جاؤ گے
Verse 35 — Surah Al-Muminun 23:35
کیا وہ تم سے یہ وعدہ کرتا ہے کہ تم جب مر جاؤ گے اور مٹی اور ہڈیاں ہو جاؤ گے تو تمھیں (پھر قبروں سے) نکالا جائیگا
Verse 36 — Surah Al-Muminun 23:36
یہ بات عقل سے بعید ہے بالکل بعیدجس کا تم سے وعدہ کیا جا رہا ہے
Verse 37 — Surah Al-Muminun 23:37
نہیں ہے کوئی اور زندگی سوائے ہماری اس دنیوی زندگی کے یہی ہمارا مرنا ہے اور یہی ہمارا جینا ہے اور ہمیں دوبارہ نہیں اٹھایا جائیگا
Verse 38 — Surah Al-Muminun 23:38
وہ نہیں مگر ایسا شخص جس نے بہتان لگایا ہے اللہ تعالیٰ پر جھوٹا اور ہم تو قطعاً اس پر ایمان نہیں لائیں گے۔
Verse 39 — Surah Al-Muminun 23:39
اس پیغمبر نے کہامیرے رب! اب تو میری مدد فرما کیونکہ انھوں نے تو مجھے جھٹلا دیا ہے
Verse 40 — Surah Al-Muminun 23:40
اللہ تعالیٰ نے فرمایا عنقریب ہی یہ لوگ اپنے کیے پر نادم ہو جائیں گے
Verse 41 — Surah Al-Muminun 23:41
تو آ پکڑا انہیں حقیقی چنگھاڑ نے تو ہم نے انھیں خس و خاشاک بنا دیا تو برباد ہو جائے وہ قوم جو ستم شعار ہے
Verse 42 — Surah Al-Muminun 23:42
پھر ہم نے پیدا فرمائی ان (کی بربادی) کے بعد کئی قومیں
Verse 43 — Surah Al-Muminun 23:43
آگے نہیں بڑھ سکتی کوئی قوم اپنی مقررہ میعاد سے اور نہ وہ لوگ پیچھے رہ سکتے ہیں
Verse 44 — Surah Al-Muminun 23:44
پھر ہم بھیجتے رہے اپنے رسول یکے بعد دیگرے جب کبھی کسی امت کے پاس اس کا رسول آیا تو انھوں نے اسے جھٹلایا ۔ پس ہم بھی ایک کے بعد دوسرے کو ہلاک کرتے گئے اور ہم نے (ان جابر) قوموں کو افسانے بنا دیا پس خدا کی پھٹکار ہو ایسی قوم پر جو ایمان نہیں لاتی
Verse 45 — Surah Al-Muminun 23:45
پھر ہم نے بھیجا موسیٰ اور ان کے بھائی ہارون علیہ السلام کو اپنی نشانیاں اور واضح دلیل دے کر
Verse 46 — Surah Al-Muminun 23:46
فرعون اور اس کے درباریوں کی طرف تو انہوں نے بھی غرور و تکبر کیا اور وہ لوگ برے سر کش تھے
Verse 47 — Surah Al-Muminun 23:47
تو انہوں نے کہا کیا ہم ایمان لے آئیں ان دو آدمیوں پر جو ہماری مانند ہیں ، حالانکہ ان کی قوم ہماری غلام ہے
Verse 48 — Surah Al-Muminun 23:48
پس انھوں نے ان دونوں کو جھٹلایا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ بھی برباد ہونے والوں میں شامل ہو گئے
Verse 49 — Surah Al-Muminun 23:49
اور بیشک ہم نے عطا فرمائی موسیٰ علیہ السلام کو کتاب تاکہ ( ان کی قوم) ہدایت یافتہ ہو جائے
Verse 50 — Surah Al-Muminun 23:50
اور ہم نے بنا دیا مریم کے فرزند اور ان کی (مریم) ماں کو (اپنی قدرت کی) نشانی اور انھیں بسایا ایک بلند مقام پر جو رہائش کے قابل تھا اور جہاں چشمے جاری تھے
Verse 51 — Surah Al-Muminun 23:51
اے (میرے) پیغمبرو! پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور اچھے کام کرو۔ بیشک میں جو اعمال تم کر رہے ہو ان سے خوب واقف ہوں
Verse 52 — Surah Al-Muminun 23:52
اور یہی تمھارا دین ہے (اور) وہ ایک ہی ہے اور میں تم سب کا پروردگار ہوں سو تم ڈرا کرو مجھ سے
Verse 53 — Surah Al-Muminun 23:53
لیکن کاٹ کر بنا دیا انھوں نے اپنی دینی وحدت کو باہمی اختلاف سے پارہ پارہ۔ ہر گروہ اپنے نظریات پر مسرور ہے
Verse 54 — Surah Al-Muminun 23:54
پس (اے محبوب!) رہنے دو انھیں اپنی مد ہوشی میں کچھ وقت تک
Verse 55 — Surah Al-Muminun 23:55
کیا یہ تفرقہ باز خیال کرتے ہیں کہ ہم جو ان کی مدد کر رہے ہیں مال و اولاد (کی کثرت سے)
Verse 56 — Surah Al-Muminun 23:56
تو ہم جلدی کر رہے ہیں انھیں بھلائیاں پہچانے میں (یوں نہیں) بلکہ وہ (حقیقت حال سے ) بےخبر ہیں
Verse 57 — Surah Al-Muminun 23:57
بیشک وہ لو گ جو اپنے رب کے خوف سے ڈر رہے ہیں
Verse 58 — Surah Al-Muminun 23:58
اور وہ جو اپنے رب کی آیتوں پر ایمان رکھتے ہیں
Verse 59 — Surah Al-Muminun 23:59
اور وہ جو اپنے رب کے ساتھ (کسی کو) شریک نہیں بناتے
Verse 60 — Surah Al-Muminun 23:60
اور وہ جو دیتے ہیں جو کچھ دیتے ہیں اس حال میں کہ ان کے دل ڈر رہے ہیں (اس خیال سے) کہ وہ (ایک دن) اپنے رب کی طرف لوٹنے والے ہیں
Verse 61 — Surah Al-Muminun 23:61
یہی لوگ جلدی کرتے ہیں بھلائیاں کرنے میں وہ بھلائیوں کی طرف سبقت لے جانے والے ہیں
Verse 62 — Surah Al-Muminun 23:62
اور ہم تکلیف نہیں دیتے کسی شخص کو مگر جتنی اس کی طاقت ہے اور ہمارے پاس ایک کتاب ہے جو سچ بولتی ہے اور ان پر کوئی ظلم نہیں کیا جائیگا
Verse 63 — Surah Al-Muminun 23:63
بلکہ ان کے دل مد ہوش ہیں اس (خوفناک حقیقت) سے اور ان کے اعمال مومنوں کے اعمال سے مختلف ہیں یہ (نابکار) ان برے کاموں کو ہی کرنے والے ہیں
Verse 64 — Surah Al-Muminun 23:64
یہاں تک کہ ہم پکڑیں گے ان کے خوشحال لوگوں کو عذاب سے ، اس وقت وہ چلائیں گے
Verse 65 — Surah Al-Muminun 23:65
(ظالمو!) آج نہ چلّاؤ تمھاری ہماری طرف سے اب کوئی مدد نہ کی جائیگی
Verse 66 — Surah Al-Muminun 23:66
(وہ وقت یاد کرو) جب ہماری آیتیں تمھارے سامنے پڑھی جاتی تھیں اور تم اپنی ایڑیوں کے بل لوٹ جایا کرتے تھے
Verse 67 — Surah Al-Muminun 23:67
غرور و تکبّر کرتے ہوئے (پھر صحن حرم میں) تم داستان سرائی کیا کرتے تھے
Verse 68 — Surah Al-Muminun 23:68
اور قرآن کی شان میں بکواس کیا کرتے تھے کیا انھوں نے کبھی تدبر نہ کیا قرآن میں ؟یا آئی تھی ان کے پاس ایسی چیز جو نہ آئی تھی ان کے پہلے آباؤاجداد کے پاس۔
Verse 69 — Surah Al-Muminun 23:69
یا انھوں نے اپنے رسول (مکرم) کو نہ پہچانا تھا اس لیے وہ اس کے منکر بنے رہے
Verse 70 — Surah Al-Muminun 23:70
یا کہتے ہیں کہ اسے سودا کا مرض ہے (یوں نہیں ) بلکہ وہ تشریف لایا ان کے پاس حق کے ساتھ اور بہت سے لوگ ان میں سے حق کو نا پسند کرتے ہیں
Verse 71 — Surah Al-Muminun 23:71
اور اگر پیروی کرتا حق ان کی خواہشات (نفسانی) کی تو درہم برہم ہو جاتے آسمان اور زمین اور جو کچھ ان میں ہے بلکہ ہم ان کے پاس لے آئے ان کی نصیحت تو وہ اپنی نصیحت سے ہی روگردانی کرنے والے ہیں
Verse 72 — Surah Al-Muminun 23:72
کیا آپ طلب کرتے ہیں ان سے کچھ معاوضہ ؟ (آپ کے لیے) تو آپ کے رب کی عطا بہتر ہے اور وہ سب سے بہتر رزق دینے والا ہے
Verse 73 — Surah Al-Muminun 23:73
اور بےشک آپ انھیں بلاتے ہیں سیدھی راہ کی طرف
Verse 74 — Surah Al-Muminun 23:74
بلاشبہ وہ لوگ جو ایمان نہیں لاتے آخرت پر وہ راہ راست سے منحرف ہونے والے ہیں
Verse 75 — Surah Al-Muminun 23:75
اور اگر ہم ان پر مہربانی بھی فرمائیں اور دور بھی کر دیں اس مصیبت کو جس میں مبتلا ہیں پھر بھی وہ بڑھتے جائیں گے اپنی سر کشی میں اندھے بنے ہوئے
Verse 76 — Surah Al-Muminun 23:76
اور ہم نے پکڑ لیا انھیں عذاب سے ، پھر بھی وہ نہ جھکے اپنے رب کی بارگاہ میں اور نہ وہ اب گڑ گڑا کر (توبہ کرتے) ہیں
Verse 77 — Surah Al-Muminun 23:77
یہاں تک کہ جب ہم کھول دیں گے ان پر دروازہ سخت عذاب والا وہ اس وقت بالکل مایوس ہو جائیں گے
Verse 78 — Surah Al-Muminun 23:78
اور وہ وہی ہے جس نے بنائے تمھارے لیے کان اور آنکھیں اور دل، لیکن (ان عظیم نعمتوں پر بھی) تم بہت کم شکر ادا کرتے ہو
Verse 79 — Surah Al-Muminun 23:79
اور وہ وہی ہے جس نے پھیلا دیا تمھیں زمین (کے اطراف ) میں اور (انجام کار) اسی کی جناب میں اکٹھے کیے جاؤ گے
Verse 80 — Surah Al-Muminun 23:80
اور وہ وہی ہے جو زندہ کرتا ہے اور مارتا ہے اور اسی کے اختیار میں ہے گردش لیل و نہار۔ کیا (اتنا بھی) تم نہیں سمجھتے
Verse 81 — Surah Al-Muminun 23:81
بلکہ انھوں نے بھی وہی بات کہی جو پہلے (کفار) کہا کرتے تھے
Verse 82 — Surah Al-Muminun 23:82
انھوں نے کہا، کیا جب ہم مر جائیں گے اور بن جائیں گے خاک اور ہڈیاں تو کیا ہمیں پھر اٹھایا جائیگا؟
Verse 83 — Surah Al-Muminun 23:83
بلاشبہ یہ وعدہ کیا گیا ہم سے اور ہمارے باپ دادا کے ساتھ بھی آج سے پہلے (لیکن آج تک پورا نہ ہوا) نہیں ہیں یہ باتیں مگر من گھڑت افسانے پہلے لوگوں کے
Verse 84 — Surah Al-Muminun 23:84
(اے حبیب!) آپ پوچھیے کس کی ملکیت ہے یہ زمین اور جو کچھ اس میں ہے (بتاؤ) اگر تم جانتے ہو
Verse 85 — Surah Al-Muminun 23:85
وہ کہیں گے (یہ سب) اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہیں۔ آپ فرمائیے پھر کیا تم غور نہیں کرتے
Verse 86 — Surah Al-Muminun 23:86
پوچھیے کون ہے مالک سات آسمانوں کا ، اور (کون ہے ) مالک عرش عظیم کا ؟
Verse 87 — Surah Al-Muminun 23:87
وہ کہیں گے (یہ سب) اللہ تعالیٰ کی ملکیت ہے۔ آپ فرمائیے تم اس سے کیوں نہیں ڈرتے
Verse 88 — Surah Al-Muminun 23:88
آپ پوچھیے وہ کون ہے جس کے دست قدرت ہیں ہر چیز کی کامل ملکیت ہے اور وہ پناہ دیتا ہے (جسے چاہے) اور پناہ نہیں دی جا سکتی اس کی مرضی کے خلاف (بتاؤ) اگر تم کچھ علم رکھتے ہو
Verse 89 — Surah Al-Muminun 23:89
وہ کہیں گے یہ اللہ تعالیٰ ہی کی شان ہے۔ فرمائیے پھر کیسے تم دھوکہ میں مبتلا ہو جاتے ہو
Verse 90 — Surah Al-Muminun 23:90
حقیقت یہ ہے کہ ہم نے پہنچا دیا انھیں حق اور وہ یقیناً جھوٹے ہیں
Verse 91 — Surah Al-Muminun 23:91
نہیں بنایا اللہ نے کسی کو (اپنا) بیٹا اور نہ ہی اس کے ساتھ کوئی اور خدا ہے ورنہ لے جاتا ہر خدا ہر اس چیز کو جو اس نے پیدا کی ہوتی اور غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے وہ خدا ایک دوسرے پر ۔ پاک ہے اللہ تعالیٰ ان تمام (نا زیبا) باتوں سے جو وہ بیان کرتے ہیں
Verse 92 — Surah Al-Muminun 23:92
وہ جاننے والا ہے ہر پوشیدہ اور ظاہر کو ، پس وہ بلند ہے اس شرک سے جو وہ کرتے ہیں
Verse 93 — Surah Al-Muminun 23:93
آپ یہ دعا مانگیے اے میرے پروردگار! اگر تو ضرور مجھے دکھانا چاہتا ہے وہ (عذاب) جس کا ان سے وعدہ کیا گیا ہے
Verse 94 — Surah Al-Muminun 23:94
تو میرے رب!(ازراہ عنایت) مجھے ان ظالموں کے ساتھ نہ کرنا
Verse 95 — Surah Al-Muminun 23:95
اور ہم اس بات پر کہ دکھا دیں تجھے وہ عذاب جس کا ہم نے ان سے وعدہ کیا ہے قادر ہیں
Verse 96 — Surah Al-Muminun 23:96
دُور کرو اس چیز سے جو بہت بہتر ہے برائی کو ہم خوب جانتے ہیں جو باتیں وہ بیان کرتے ہیں
Verse 97 — Surah Al-Muminun 23:97
اور کہیے میرے رب! میں پناہ طلب کرتا ہوں تیری شیطانوں کے وسوسوں سے
Verse 98 — Surah Al-Muminun 23:98
اور میں تیری پناہ طلب کرتاہوں میرے رب اس سے کہ وہ میرے پاس آئیں
Verse 99 — Surah Al-Muminun 23:99
یہاں تک کہ جب آئے گی ان میں سے کسی کو موت تو وہ (بصد حسرت) کہے گا میرے مالک ! مجھے (دنیا میں ) واپس بھیجدے
Verse 100 — Surah Al-Muminun 23:100
شاید میں اچھے کام کروں اس دنیا میں دوبارہ جا کر جسے میں ایک بار چھوڑ آیا ہوں ۔ ایسا نہیں ہو سکتا ۔ یہ ایک (لغو) بات ہے جو وہ کہہ رہا ہے اور ان کے آگے ایک آڑ ہے اس دن تک جب وہ دوبارہ زندہ کیے جائینگے
Verse 101 — Surah Al-Muminun 23:101
تو جب صور پھونکا جائیگا تو کوئی رشتہ داریاں نہ رہیں گے ان کے درمیان اس روز اور نہ وہ ایک دوسرے کے متعلق پوچھ سکیں گے
Verse 102 — Surah Al-Muminun 23:102
البتہ جن کے پلڑے بھاری ہونگے تو وہی لوگ کامیاب و کامران ہونگے
Verse 103 — Surah Al-Muminun 23:103
اور جن کے پلڑے ہلکے ہونگے تو وہی لوگ ہیں جنھوں نے نقصان پہنچایا اپنے آپ کو وہ جہنم میں ہمیشہ (جلتے) رہیں گے
Verse 104 — Surah Al-Muminun 23:104
بُری طرح جھُلس دے گی ان کے چہروں کو آگ اور وہ اس میں دانت نکالے ہونگے
Verse 105 — Surah Al-Muminun 23:105
کیا ہماری آیتیں نہیں پڑھی جاتی تھیں تمہارے سامنے اور تم انھیں جھٹلایا کرتے تھے
Verse 106 — Surah Al-Muminun 23:106
(معذرت کرتے ہوئے) کہیں گے اے ہمارے رب ! غالب آگئی تھی ہم پر ہماری بد بختی اور ہم گم کردہ راہ لوگ تھے
Verse 107 — Surah Al-Muminun 23:107
اے ہمارے مالک !(ایک بار) ہمیں نکال اس سے پھر اگر ہم نا فرمانی کی طرف رجوع کریں تو یقیناً پھر ہم ظالم ہوں گے
Verse 108 — Surah Al-Muminun 23:108
جواب ملے گا پھٹکارے ہوئے پڑے رہو اس میں اور مت بولو میرے ساتھ
Verse 109 — Surah Al-Muminun 23:109
(تمھیں یاد ہے) ایک گروہ میرے بندوں میں سے ایسا تھا جو عرض کیا کرتا تھا اے ہمارے رب ! ہم ایمان لے آئے ہی ، سو تو بخش دے ہمیں اور رحم فرما ہم پر اور تو سب سے بہتر رحم فرمانیوالاہے
Verse 110 — Surah Al-Muminun 23:110
تم نے ان کا مذاق اڑانا شروع کر دیا ، حتی کہ اس مشغلے نے غافل کر دیا تمھیں میری یاد سے اور تم ان پر قہق ہے لگایا کرتے تھے
Verse 111 — Surah Al-Muminun 23:111
میں نے بدلہ دے دیا انھیں آج ان کے صبر کا (ذرا دیکھو) وہی ہیں مراد کو پانے والے
Verse 112 — Surah Al-Muminun 23:112
اللہ تعالیٰ فرمائے گا (ذرا بتاؤ) کتنے سال تم زمین میں ٹھیرے رہے ؟
Verse 113 — Surah Al-Muminun 23:113
کہیں گے ہم ٹھیرے تھے بس ایک دن یا دن کا کچھ حصہ ۔ آپ پوچھ لیں سال گننے والوں سے
Verse 114 — Surah Al-Muminun 23:114
ارشاد ہوگا تم نہیں ٹھیرے مگر تھوڑا عرصہ ۔ کاش! تم اس (حقیقت) کو (پہلے ہی) جان لیتے
Verse 115 — Surah Al-Muminun 23:115
کیا تم نے یہ گمان کر رکھا تھا کہ ہم نے تمھیں بےمقصد پیدا کیا ہے اور تم ہماری طرف نہیں لوٹائے جاؤ گے
Verse 116 — Surah Al-Muminun 23:116
پس بہت بلند ہے اللہ جو بادشاہ حقیقی ہے (بے مقصد تخلیق سے) نہیں کوئی معبود بجز اس کے ۔ وہ مالک ہے عزت والے عرش کا
Verse 117 — Surah Al-Muminun 23:117
اور جو پوجتا ہے اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی دوسرے معبودکو جس کی اس کے پاس کوئی دلیل نہیں تو اس کا حساب اس کے رب کے پاس ہے۔ بلاشبہ نہیں کامیاب ہونگے حق کا انکار کرنے والے
Verse 118 — Surah Al-Muminun 23:118
اور (اے محبوب!) آپ (یوں ) عرض کرو میرے رب! بخش دے (میری گنہگار اُمّت کو) اور رحم فرما (ہم سب پر ) اور تو سب سے بہتر رحم فرمانے والاہے