Back to Languages

Urdu - Chapter 31 - Luqman

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Luqman 31:1

الف ۔ لام ۔ میم

Verse 2 — Surah Luqman 31:2

یہ آیتیں ہیں کتاب حکیم کی

Verse 3 — Surah Luqman 31:3

سراپا ہدایت اور رحمت ہے نیکو کاروں کے لیے

Verse 4 — Surah Luqman 31:4

وہ جو صحیح صحیح ادا کرتے ہیں نماز کو اور دیتے ہیں زکوٰۃ اور یہی لوگ ہیں جو آخرت پر پختہ یقین رکھتے ہیں

Verse 5 — Surah Luqman 31:5

یہ لوگ ہدایت پر ہیں اپنے رب کی توفیق سے اور یہی لوگ دونوں جہانوں میں کامران ہیں

Verse 6 — Surah Luqman 31:6

اور کئی ایسے لوگ بھی ہیں جو بیوپار کرتے ہیں (مقصد حیات سے) غافل کر دینے والی باتوں کا تاکہ بھٹکاتے رہیں راہ خدا سے (اس کے نتائج بد سے) بخیر ہو کر اور اسکا مذاق اڑاتے ہیں یہ لوگ ہیں جنکے لیے رسوا کن عذاب ہے

Verse 7 — Surah Luqman 31:7

اور جب پڑھ کر سنائی جاتی ہیں اسے ہماری آیتیں تو منہ پھیر لیتا ہے تکبّر کرتے ہوئے ۔ گویا اس نے انہیں سنا ہی نہیں جیسے اس کے دونوں کان بہرے ہیں سو آپ اسے دردناک عذاب کی خوشخبری سنا دیں

Verse 8 — Surah Luqman 31:8

بیشک جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے ، ان کے لیے خوشیوں والے باغات ہیں

Verse 9 — Surah Luqman 31:9

وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے ۔ اللہ کا یہ وعدہ سچا ہے ۔ اور وہی سب پر غالب ، بڑا دانا ہے

Verse 10 — Surah Luqman 31:10

اس نے پیدا فرمایا آسمانوں کو ایسے ستونوں کے بغیر جنہیں تم دیکھ سکو اور کھڑے کردئیے ہیں زمین اونچے اونچے پہاڑ تاکہ زمین دولتی نہ رہے ساتھ تمہارے اور پھیلا دیے ہیں اس میں ہر قسم کے جانور اور اتارا ہم نے آسمان سے پانی پس اگائے ہم نے زمین میں ہر نوع کے نفیس جوڑے

Verse 11 — Surah Luqman 31:11

یہ تو ہے اللہ کی تخلیق (اے مشرکو!) اب ذرا دکھاؤ مجھ کو کیا بنایا ہے اوروں نے اس کے سوا؟ (کچھ بھی نہیں) مگر یہ ظالم کھلی گمراہی میں ہیں

Verse 12 — Surah Luqman 31:12

اور ہم نے عنایت فرمائی لقمان کو حکمت (و دانائی) اور فرمایا اللہ کا شکر ادا کرو اور جو شکر ادا کرتا ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے اپنے بھلے کے لیے اور جو کفران نعمت کرتا ہے تو بیشک اللہ تعالیٰ غنی ہے حمید ہے

Verse 13 — Surah Luqman 31:13

اور یاد کرو جب لقمان نے اپنے بیٹے کو کہا اسے نصیحت کرتے ہوئے اے میرے پیارے فرزند ! کسی کو اللہ کا شریک نہ بنانا ۔ یقیناً شرک ظلم عظیم ہے

Verse 14 — Surah Luqman 31:14

اور ہم نے تاکیدی حکم دیا انسان کو کہ اپنے والدین کے ساتھ حسن سلوک کرے ۔ شکم میں اٹھائے رکھا ہے اسے اس کی ماں نے کمزوری پر کمزوری کے باوجود اور اس کا دودھ چھوٹنے میں دو سال لگے (اس لیے ہم نے حکم دیا) کہ شکر ادا کر و میرا اور اپنے ماں باپ کا (آخر کار) میری طرف ہی (تمھیں ) لوٹنا ہے

Verse 15 — Surah Luqman 31:15

اور اگر وہ دباؤ ڈالیں تم پر کہ تو میرا شریک ٹھہرائے اس کو جس کا تجھے علم تک نہیں ، تو ان کا یہ کہنا نہ مان البتہ گزران کرو ان کے ساتھ دنیا میں خوبصورتی سے اور پیروی کرو اس کے راستے کی جو میری طرف مائل ہوا پھر میری طرف ہی تمھیں لوٹنا ہے پس میں آگاہ کروں گا تمھیں ان کاموں سے جو تم کیا کرتے تھے

Verse 16 — Surah Luqman 31:16

(لقمان نے کہا) پیارے فرزند! اگر کوئی چیز رائی کے دانے کے برابر وزنی ہو یا پھر وہ کسی چٹان میں یا آسمان یا زمین میں (چھپی) ہو تو لے آئے گا اسے اللہ تعالیٰ ۔ بیشک اللہ تعالیٰ بہت باریک بین ، ہر چیز سے باخبر ہے

Verse 17 — Surah Luqman 31:17

میرے پیارے بچے! نماز صحیح صحیح ادا کیا کرو نیکی کا حکم دیا کرو۔ اور برائی سے روکتے رہو اور صبر کیا کرو ہر مصیبت پر جو تمھیں پہنچے بیشک یہ بڑی ہمت کے کام ہیں

Verse 18 — Surah Luqman 31:18

اور (تکبر کرتے ہوئے) نہ پھیر لے اپنے رخسار کو لوگوں کی طرف سے اور نہ چلا کر زمین میں اتراتے ہوئے۔ بیشک اللہ تعالیٰ نہیں پسند کرتا کسی گھمنڈ کرنیوالے ، فخر کرنیوالے کو

Verse 19 — Surah Luqman 31:19

اور درمیانہ روی اختیار کر اپنی رفتار میں اور دھیمی کر اپنی آواز بیشک سب سے وحشت خیز آواز گدھے کی آوازہے

Verse 20 — Surah Luqman 31:20

کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمانبردار بنا دیا ہے تمھارے لیے جو کچھ آسمانوں میں اور جو کچھ زمین میں ہے اور تمام کر دی ہیں اس نے تم پر ہر قسم کی نعمتیں ظاہری بھی اور باطنی بھی اور بعض ایسے (نادان) لوگ بھی ہیں جو جھگڑتے ہیں (رسول کریم سے) اللہ تعالیٰ کے بارے میں نہ ان کے پاس علم ہے نہ ہدایت اور نہ کوئی روشن کتاب

Verse 21 — Surah Luqman 31:21

اور جب انہیں کہا جاتا ہے کہ پیروی کرو جو اللہ تعالیٰ نے اتارا ہے کہتے ہیں (نہیں) بلکہ ہم تو پیروی کریں گے اس کی جس پر پایا ہم نے اپنے باپ دادا کو کیا وہ (انہیں کا اتباع کریں گے) خواہ شیطان انہیں (اس طرح) دعوت دے رہا ہو بھڑکتے عذاب کی

Verse 22 — Surah Luqman 31:22

اور جو شخص اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کر دیتا ہے در آں حال کہ وہ محسن ہو ، تو بیشک اس نے مضبوطی سے پکڑلیا مضبوط حلقہ کو اور اللہ کی طرف ہی ہے تمام کاموں کا انجام

Verse 23 — Surah Luqman 31:23

اور جس نے کفر کیا تو نہ غمزدہ کرے آپ کو اس کا کفر ہماری طرف ہی انہیں لوٹنا ہے پس ہم آگاہ کرینگے انہیں جو انہوں نے کیا تھا بیشک اللہ تعالیٰ جاننے والا ہے جو کچھ سینوں میں (چھپا ) ہے

Verse 24 — Surah Luqman 31:24

ہم لطف اندوز ہونے دیں گے نہیں تھوڑی دیر پھر ہم انہیں ہانک کر لے جائیں گے سخت عذاب کی طرف

Verse 25 — Surah Luqman 31:25

اور اگر دریافت کریں ان سے کہ کس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو تو ضرور کہیں گے کہ اللہ نے ۔ فرمائیے الحمد للہ (حق واضح ہو گیا) بلکہ ان میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے

Verse 26 — Surah Luqman 31:26

اللہ تعالیٰ ہی کا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے یقیناً اللہ ہی بےنیاز ہے (اور) ہر تعریف کے لائق

Verse 27 — Surah Luqman 31:27

اور اگر زمین میں جتنے درخت ہیں قلمیں بن جائیں اور سمندر سیاہی بن جائے اور اس کے علاوہ سات سمندر اسے (مزید) سیاہی مہیا کریں تو پھر بھی ختم نہیں ہوں گی اللہ کی باتیں ۔ بیشک اللہ سب پر غالب ، بڑا دانا ہے

Verse 28 — Surah Luqman 31:28

نہیں ہے تم سب کو پیدا کرنا اور مارنے کے بعد پھر زندہ کرنا (اللہ کے نزدیک) مگر ایک نفس کی مانندبیشک اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا ، دیکھنے والا ہے

Verse 29 — Surah Luqman 31:29

کیا تم نے ملاحظہ نہیں کیا کہ اللہ تعالیٰ داخل کرتا ہے رات کو دن میں اور داخل کرتا ہے دن کو رات میں اور اس نے کام میں لگا دیا ہے سورج اور چاند کو ، ہر ایک چل رہا ہے (اپنے مدار میں) وقت مقررہ تک اور یقیناً اللہ تعالیٰ جو کچھ تم کرتے ہو خوب جاننے والا ہے

Verse 30 — Surah Luqman 31:30

یہ ہیں ا س کی قدرت کے کرشمے تاکہ وہ جان لیں کہ اللہ ہی حق ہے اور بلاشبہ جنہیں وہ پکارتے ہیں اس کے سوا وہ سب باطل ہیں اور بلاشبہ اللہ ہی بڑی شان والا بزرگ ہے

Verse 31 — Surah Luqman 31:31

کیا تم ملاحظہ نہیں کرتے کہ کشتی چلتی ہے سمندر میں محض اس کی مہربانی سے تاکہ وہ دکھائے تمھیں اپنی (قدرت کی) نشانیاں۔ بیشک اس میں بہت سی نشانیاں ہیں ہر صبر کرنے والے شکر گزار کے لیے

Verse 32 — Surah Luqman 31:32

اور جب ڈھانپ لیتی ہیں انہیں پہاڑوں جیسی موجیں اس وقت پکارتے ہیں اللہ تعالیٰ کو خالص کرتے ہوئے اس کے لیے اپنے عقیدہ کو پھر جب بچا لاتا ہے انہیں ساحل تک تو ان میں سے (چند ہی) حق پر رہتے ہیں۔ اور نہیں انکار کرتا ہماری آیتوں کا مگر ہر وہ شخص جو غدّار (اور) ناشکر ا ہے

Verse 33 — Surah Luqman 31:33

اے لوگو! ڈرتے رہا کرو اپنے رب سے اور ڈرو اس دن سے کہ نہ بدلہ دے سکے گا کوئی باپ اپنے بیٹے کی طرف سے اور نہ ہی بیٹا بدلہ دے سکے گا اپنے باپ کی جانب سے کچھ بھی بیشک اللہ کا وعدہ سچا ہے اور نہ دھوکہ دے تمھیں دنیوی زندگی اور نہ مبتلا کرے تمھیں اللہ سے ، وہ بڑا مکّار دھوکہ باز

Verse 34 — Surah Luqman 31:34

بیشک اللہ کے پاس ہی ہے قیامت کا علم اور وہی اتارتا ہے مینہ اور جانتا ہے جو کچھ (ماؤں کے) رحموں میں ہے اور کوئی نہیں جانتا کہ کل وہ کیا کمائے گا۔ اور کوئی نہیں جانتا کہ کس سر زمین میں مرے گا ۔ بیشک اللہ تعالیٰ علیم (اور) خبیر ہے