Back to Languages

Urdu - Chapter 35 - Fatir

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Fatir 35:1

سب تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو پیدا کرنے والا ہے آسمانوں اور زمین کا جس نے بنایا ہے فرشتوں کو پیغام رساں جو پردار بازوؤں والے ہیں کسی کے دو ، کسی کے تین اور کسی کے چار وہ زیادہ کرتا ہے بناوٹ میں جو چاہتا ہے بیشک اللہ تعالیٰ پر چیز پر پوری طرح قادر ہے

Verse 2 — Surah Fatir 35:2

جو عطا فرمائے اللہ تعالیٰ لوگوں کو (اپنی ) رحمت سے تو اسے کوئی روکنے والا نہیں اور جو روک دے ، تو اسے کوئی دینے والا نہیں اس کے روکنے کے بعد اور وہی سب پر غالب بڑا دانا ہے

Verse 3 — Surah Fatir 35:3

اے لوگو! یاد رکھو اللہ تعالیٰ کی نعمت کو جو اس نے تم پر فرمائی (بھلا یہ تو بتاؤ) کیا اللہ کے بغیر کوئی اور خالق بھی ہے جو تمہیں رزق دیتا ہے آسمان اور زمین سے نہیں کوئی معبود بجز اس کے سو (اس سے ) منہ پھیر کر کدھر جا رہے ہو

Verse 4 — Surah Fatir 35:4

اور اے حبیب! اگر یہ آپ کو جھٹلا رہے ہیں (تو کوئی نئی بات نہیں) آپ سے پہلے بھی رسولوں کو جھٹلایا گیا اور (آخر کار) اللہ کی طرف ہی سارے کام لوٹائے جاتے ہیں

Verse 5 — Surah Fatir 35:5

اے لوگو!(یاد رکھو) یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے ۔ پس دھوکہ میں نہ ڈال دے تمہیں یہ دنیوی زندگی اور نہ فریب میں مبتلا کر دے تمہیں اللہ کے بارے میں وہ بڑا فریبی

Verse 6 — Surah Fatir 35:6

یقیناً شیطان تمہارا دشمن ہے تم بھی اسے (اپنا) دُشمن سمجھا کرو وہ فقط اس لیے (سر کشی کی) دعوت دیتا ہے اپنے گروہ کو تاکہ وہ جہنمی بن جائیں

Verse 7 — Surah Fatir 35:7

جن لوگوں نے کفر اختیا ر کیا ان کے لیے سخت عذاب ہے اور جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے، ان کے لیے مغفرت اور بہت بڑا اجر ہے

Verse 8 — Surah Fatir 35:8

پس کیا وہ شخص جس کے لیے مزین کر دیا گیا ہے اس کا برا عمل اور وہ اس کو خوبصورت نظر آتا ہے (اس کے لیے آپ آزردہ کیوں ہوں) بیشک اللہ گمراہ کرتا ہے جس کو چاہتا ہے اور ہدایت بخشتا ہے جس کو چاہتا ہے پس نہ گھلے آپ کی جان ان کے لیے فرطِ غم سے بیشک اللہ تعالیٰ خوب جاننے والا ہے جو (کرتوت) وہ کیا کرتے ہیں

Verse 9 — Surah Fatir 35:9

اور اللہ تعالیٰ وہ ہے جو بھیجتا ہے ہواؤں کو وہ اٹھا لاتی ہیں بادل کو، پھر ہم لے جاتے ہیں بادل کو مردہ شہر کی طرف پھر ہم زندہ کر دیتے ہیں اس بادل (کے مینہ) سے زمین کو اس کے مردہ ہو جانے کے بعد ۔ یونہی (انہیں) قبروں سے اٹھایا جائے گا

Verse 10 — Surah Fatir 35:10

جو عزت کا طلبگار ہو (وہ جان لے) کہ ہر قسم کی عزت اللہ تعالیٰ کے لیے ہے اسی کی طرف چڑھتا ہے پاکیزہ کلام اور نیک عمل پاکیزہ کلام کو بلند کرتا ہے اور جو لوگ فریب کاریاں کرتے ہیں برے کاموں کے لیے ، ان کے لیے شدید عذاب ہے اور ان کا مکر (و فریب) تباہ ہو کر رہے گا

Verse 11 — Surah Fatir 35:11

اور اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا ہے تمہیں مٹی سے ، پھر پانی کی بوند سے پھر تمہیں بنا دیا جوڑے جوڑے اور نہیں حاملہ ہوتی کوئی عورت اور نہ بچہ جنتی ہے مگر اس کو اس کا علم ہوتا ہے اور نہ لمبی زندگی دی جاتی ہے کسی طویل العمر کو اور نہ کم رکھی جاتی ہے کسی کی عمر ، مگر (اس کی تفصیل) کتاب میں درج ہے بیشک یہ بات اللہ کے لیے بالکل آسان ہے

Verse 12 — Surah Fatir 35:12

اور یکسان نہیں ہو سکتے پانی کے دو ذخیرے۔ یہ (ایک ) میٹھا ہے بہت شیریں اس کا پینا بڑا خوشگوار ہے اور یہ (دوسرا) سخت نمکیں، کھاری تلخ اور دونوں میں سے تم کھاتے ہو ترو تازہ گوشت اور نکالتے ہو زینت کا سمان، جسے تم پہنتے ہو اور تو دیکھتا ہے کشتیوں کو پانی میں کہ اسے چیرتی ، شور مچاتی چلی جا رہی ہیں تاکہ تم تلاش کرو اس کے فضل کو اور (یہ سب نوازشات اس لیے) تاکہ تم شکر ادا کرو

Verse 13 — Surah Fatir 35:13

وہ داخل کرتا ہے (کبھی) رات (کے ایک حصّہ) کو دن میں اور (کبھی) داخل کرتا ہے دن (کے ایک حصّہ) کو رات میں ، اور اس نے پابند حکم کر دیا ہے سورج اور چاند کو ہر ایک رواں ہے مقررہ معیاد تک یہ ہے اللہ جو تمہارا رب ہے اسی کی ساری بادشاہی ہے اور وہ (بُت) جن کی تم پوجا کرتے ہو اللہ تعالیٰ کے سوا وہ تو گٹھلی کے چھلکے کے بھی مالک نہیں

Verse 14 — Surah Fatir 35:14

اگر تم انہیں پکارو تو نہ سن سکیں گے تمہاری پکار اور اگر وہ بالفرض سن بھی لیں تو وہ تمہاری التجا قبول نہیں کر سکیں گے اور روز قیامت صاف انکار کر دیں گے تمہارے شرک کا اور (حقیقت حال سے) تجھے کوئی آگاہ نہیں کر سکتا خدائے خبیر کی مانند

Verse 15 — Surah Fatir 35:15

اے لوگو! تم سب محتاج ہو اللہ تعالیٰ کے اور اللہ ہی غنی ہے سب خوبیاں سراہا

Verse 16 — Surah Fatir 35:16

اگر اس کی مرضی ہو تم سب کو نا پید کر دے اور لے آئے ایک نئی مخلوق

Verse 17 — Surah Fatir 35:17

اور ایسا کرنا اللہ تعالیٰ پر قطعاً دشوار نہیں

Verse 18 — Surah Fatir 35:18

اور بوجھ نہیں اٹھائے گا کوئی گنہگار کسی دوسرے کا بوجھ اور اگر بلائے گا پشت پر بوجھ اٹھانے والا (کسی کو) اپنا بوجھ اٹھانے کے لیے ، تو نہ اٹھائی جا سکے گی اس کے بوجھ سے کوئی شے اگرچہ کوئی قریبی رشتہ دار ہی ہو آپ صرف ان کو ڈرا سکتے ہیں جو اپنے رب سے بِن دیکھے ڈرتے ہیں اور صحیح صحیح ادا کرتے ہیں نماز اور جو پاکیزگی اختیار کرتا ہے سو وہ اپنی بھلائی کے لیے ہی اختیار کرتا ہے اور (یاد رکھوآخر کار) اللہ کی طرف ہی لوٹنا ہے

Verse 19 — Surah Fatir 35:19

اور یکساں نہیں ہے اندھا اور بینا

Verse 20 — Surah Fatir 35:20

اور نہ (یکساں) اندھیرے اور نور

Verse 21 — Surah Fatir 35:21

اور نہ (یکساں ہے) سایہ اور تیز دھوپ

Verse 22 — Surah Fatir 35:22

اور نہ ایک جیسے ہیں زندے اور مردے بیشک اللہ تعالیٰ سناتا ہے جس کو چاہتا ہے اور آپ نہیں سنانے والے جو قبروں میں ہیں

Verse 23 — Surah Fatir 35:23

نہیں ہیں آپ مگر بر وقت ڈرانے والے

Verse 24 — Surah Fatir 35:24

ہم نے آپ کو بھیجا ہے حق کے ساتھ خوشخبری سنانے والا اور بروقت ڈرانے والا اور کوئی امت ایسی نہیں جس میں کوئی ڈرانے والا نہ گزرا ہو

Verse 25 — Surah Fatir 35:25

اور اگر یہ لوگ آپ کو جھٹلاتے ہیں (تو کوئی تعجب نہیں) بیشک جھٹلاتے رہے جو ان سے پہلے تھے ۔ تشریف لائے تھے ان کے پاس ان کے رسول روشن دلیلیں ، آسمانی صحیفے اور نورانی کتاب لے کر

Verse 26 — Surah Fatir 35:26

پھر (جب ان کی سر کشی کی حد ہو گئی) تو میں نے پکڑ لیا کفار کو ۔ پس (ساری دنیا جانتی ہے) میرا عذاب کیسا تھا

Verse 27 — Surah Fatir 35:27

کیا تم دیکھتے نہیں کہ اللہ تعالیٰ اتارتا ہے آسمان سے پانی ۔ پس ہم نکالتے ہیں اس کے ذریعے طرح طرح کے پھل جن کے رنگ مختلف ہوئے ہیں اور پہاڑوں سے بھی رنگ برنگ ٹکڑے ہیں کوئی سفید ، کوئی سرخ،۔ مختلف رنگوں میں (کوئی شوخ کوئی مدہم) اور بعض حصّے سخت سیاہ

Verse 28 — Surah Fatir 35:28

اور انسانوں ، چارپایوں اور جانوروں کے رنگ بھی اسی طرح جدا جدا ہیں اللہ کے بندوں میں سے صرف علماء ہی (پوری طرح) اس سے ڈرتے ہیں ۔ بیشک اللہ تعالیٰ سب پر غالب ، بہت بخشنے والا ہے

Verse 29 — Surah Fatir 35:29

بیشک جو (غورو تدبّر ) سے تلاوت کرتے ہیں اللہ کی کتاب کی اور نماز قائم کرتے ہیں اور خرچ کرتے ہیں اس مال سے جو ہم نے ان کو دیا ہے راز داری سے اور اعلانیہ ، وہ ایسی تجارت کے امیدوار ہیں جو ہر گز نقصان والی نہیں

Verse 30 — Surah Fatir 35:30

تا کہ اللہ تعالیٰ انہیں پورا پورا اجرعطا فرمائے اور مزید اضافہ کرے ان کے اجر میں اپنے فضل سے ۔ بیشک وہ بہت بخشنے والا بڑا قدر دان ہے

Verse 31 — Surah Fatir 35:31

اور جو کتاب بذریعہ وحی ہم نے آپ کی طر ف بھیجی ہے وہی سر ا سر حق ہے ۔ وہ تصدیق کرتی ہے پہلی کتابوں کی بیشک اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے سارے احوال سے باخبر ہے (اور ) دیکھنے والا ہے

Verse 32 — Surah Fatir 35:32

پھر ہم نے وارث بنا دیا اس کتاب کا ان کو جنہیں ہم نے چن لیا تھا اپنے بندوں سے ۔ پس بعض ان میں سے اپنے نفس پر ظلم کرنے والے ہیں اور بعض درمیانہ رو ہیں اور بعض سبقت لے جانے والے ہیں نیکیوں میں اللہ کی توفیق سے یہی (اللہ تعالیٰ کا) بہت بڑا فضل (و کرم) ہے

Verse 33 — Surah Fatir 35:33

سدا بہار باغات ! یہ ان میں داخل ہوں گے پہنائے جائیں گے انہیں وہاں سونے کے کنگن اور موتیوں کے ہار۔ اور ان کی پوشاک وہاں ریشمی ہو گی

Verse 34 — Surah Fatir 35:34

(شکر نعمت کے طور پر) کہیں گے سب ستائشیں اللہ کے لیے ہیں جس نے دور کر دیا ہم سے غم (و اندوہ) یقیناً ہمارا رب بہت بخشنے والا بڑا قدردان ہے

Verse 35 — Surah Fatir 35:35

جس نے ہمیں بسایا ہے ابدی ٹھکانے پر اپنے فضل (و احسان) سے نہ چھوئے گی ہمیں یہاں کوئی تکلیف اور نہ چھوئے گی ہمیں یہاں کوئی تھکن

Verse 36 — Surah Fatir 35:36

اور جنہوں نے کفر کیا ان کے لیے دوزخ کی آگ (تیا ر ) ہے ۔ نہ ان کی قضا آئے گی کہ وہ مر جائیں اور نہ ہلکا کیا جائے گا ان سے دوزخ کا عذاب اسی طرح ہم بدلہ دیتے ہیں ہر نا شکر گزار کو

Verse 37 — Surah Fatir 35:37

اور وہ اس میں چیختے چلّاتے ہوں گے (فریاد کریں گے) اے ہمارے رب!(ایک بار) ہمیں یہاں سے نکال ۔ ہم بڑے نیک کام کریں گے ایسے نہیں جیسے ہم پہلے کیا کرتے تھے (جواب ملے گا) کیا ہم نے تمہیں اتنی لمبی عمر نہیں دی تھی جس میں (بآسانی) نصیحت قبول کر سکتا جو نصیحت قبول کرنا چاہتا اور تشریف لے آیا تھا تمہارے پاس ڈرانے والا (تم نے اس کی بات نہ مانی) پس اب (اپنے کیے کا) مزہ چکھوظالموں کے لیے کوئی مدد گار نہیں

Verse 38 — Surah Fatir 35:38

بیشک اللہ تعالیٰ جاننے والا ہے آسمانوں اور زمین میں ہر چھپی ہوئی چیز کو ۔ یقیناً وہ جانتا ہے دلوں کے رازوں کو

Verse 39 — Surah Fatir 35:39

وہی ہے جس نے تمہیں (گزشتہ قوموں کا) جانشین بنایا زمین میں ۔ پس جس نے کفر کیا اس کے کفر کا وبال بھی اسی پر ہوگا ۔ اور نہیں اضافہ کرے گا کفّار کے لیے ان کا کفر اللہ کی جناب میں بجز ناراضگی کے اور نہ اضافہ کرے گا کفا رکے لیے ان کا کفر بجز گھاٹے (اور خسران) کے

Verse 40 — Surah Fatir 35:40

آپ فرمائیے کیا تم نے دیکھے ہیں اپنے شریک جنھیں تم پکارتے ہو اللہ تعالیٰ کے سوا۔ مجھے بھی تو دکھاؤ زمین کا وہ گوشہ جو انہوں نے بنایا ہے یا ان کی کوئی شراکت ہو آسمانوں (کی تخلیق) میں یا ہم نے انہیں کوئی کتاب دی ہو اور وہ اس کے روشن دلائل پر عمل پیرا ہوں (کچھ بھی نہیں ) بلکہ یہ ظالم محض ایک دوسرے کے ساتھ جھوٹے (دلفریب) وعدے کرتے رہتے ہیں

Verse 41 — Surah Fatir 35:41

بیشک اللہ تعالیٰ روکے ہوئے ہے آسمانوں اور زمین کو تاکہ وہ اپنی جگہ سے سرک نہ جائیں اور اگر وہ سرکنے لگیں تو کوئی نہیں روک سکتا انہیں اللہ تعالیٰ کے بعد ۔ بیشک وہ بڑا حلیم (اور) بخشنے والا ہے

Verse 42 — Surah Fatir 35:42

اور (کفار مکہ) اللہ کی سخت قسمیں کھا کر کہتے تھے کہ اگر ان کے پاس کوئی ڈرانے والا آیا تو وہ زیادہ ہدایت قبول کریں گے پہلی امتوں سے پس جب آگیا ان کے پاس ڈرانے والا تو ان کی (حق سے) نفرت اور بڑھ گئی

Verse 43 — Surah Fatir 35:43

وہ زیادہ سر کشی کرنے لگے زمین میں اور گھناؤنی سازشیں کرنے لگے اور نہیں گھیرتی گھناؤنی سازش بجز سازشیوں کے پس کیا یہ لوگ انتظار کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھ وہی معاملہ کیا جائے جو پہلے (نافرمانوں) کے ساتھ کیا گیا تھا (اگر یہ بات ہے) تو آپ نہیں پائیں گے اللہ کی سنت میں کوئی تبدیلی اور آپ نہیں پائیں گے اللہ کی سنت میں کوئی تغیر

Verse 44 — Surah Fatir 35:44

کیا انہوں نے سیر وسیاحت نہیں کی زمین میں تاکہ وہ دیکھ لیتے کہ کتنا (دردناک) انجام ہوا ان (سر کشوں ) کا جو ان سے پہلے گزر چکے حالانکہ وہ قوت (و طاقت) میں ان سے (کئی گنا) زیادہ تھے اور (سنو!) اللہ تعالیٰ ایسا (کمزور) نہیں ہے کہ اسے آسمانوں اور زمین کی کوئی چیز نیچا دکھا سکے ۔ وہ ہر بات جاننے والا بڑی قدرت والا ہے

Verse 45 — Surah Fatir 35:45

اور اگر اللہ تعالیٰ (فوراً) پکڑ لیا کرتا لوگوں کو ان کے کرتوتوں کے باعث تو نہ (زندہ ) چھوڑتا زمین کی پشت پر کسی جاندار کو لیکن (اسکی سنت یہ ہے) وہ ڈھیل دیتا رہتا ہے انہیں ایک مقررہ میعاد تک پس جب ان کی معیاد آجائے گی تو بیشک اللہ کے سب بندے اس کی نگاہ میں ہیں