Back to Languages

Urdu - Chapter 47 - Muhammad

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Muhammad 47:1

جنہوں نے (خود بھی) حق کا انکار کیا اور (دوسروں کو بھی) اللہ کی راہ سے روکتے ہیں ، اللہ نے ان کے عملوں کو برباد کر دیا

Verse 2 — Surah Muhammad 47:2

اور جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کر تے رہے اور ایمان لے آئے جو اتارا گیا (رسول معظم) محمد پر اور وہی حق ہے ان کے رب کی طرف سے اللہ تعالیٰ نے دور کر دیں ان سے ان کی برائیاں اور سنوار دیا ان کے حالات کو

Verse 3 — Surah Muhammad 47:3

(یوں ) اس لیے کہ جنہوں نے کفر کیا وہ باطل کی پیروی کرتے تھے اور جو ایمان لائے تھے وہ حق کی پیروی کرتے تھے جو ان کے رب کی طرف سے تھا اسی طرح اللہ بیان کرتا ہے لوگوں کے لیے ان کے حالات

Verse 4 — Surah Muhammad 47:4

پھر جب (میدان جنگ میں ) تمہارا کفار سے آمناسامنا ہو تا ان کی گردنیں اڑا دو یہاں تک کہ جب انہیں خوب قتل لر لو تو پھر کَس کر باندھو رسّیاں بعد ازاں یا تو احسان کر کے ان کو رہا کر دو یا ان سے فدیہ لو یہاں تک کہ جنگ اپنے ہتھیار ڈال دے یہی حکم ہے اور اگر اللہ تعالیٰ چاہتا تو خود ہی ان سے بدلہ لے لیتا لیکن وہ آزمانا چاہتا ہے تمہیں بعض کو بعض سے اور جو مار ڈالے گئے اللہ کی راہ میں پس اللہ ان کے اعمال ضائع نہیں ہونے دے گا

Verse 5 — Surah Muhammad 47:5

وہ پہنچا دے گا انہیں مدارج پر اور سنوار دے گا ان کے حالات کو

Verse 6 — Surah Muhammad 47:6

اور داخل کرے گا انہیں بہشت میں جس کی پہچان اس نے انہیں کر اد ی تھی

Verse 7 — Surah Muhammad 47:7

اے ایمان والو! اگر تم اللہ ( کے دین ) کی مدد کرو گے تو وہ تمہاری مدد فرمائے گا اور (میدان جہاد میں ) تمہیں ثابت قدم رکھے گا

Verse 8 — Surah Muhammad 47:8

اور جہنوں نے (حق کا) انکار کیا خدا کرے وہ منہ کے بل اوندھے گریں اور اللہ ان کے اعمال کو برباد کر دے

Verse 9 — Surah Muhammad 47:9

یہ اس لیے کہ انہوں نے نا پسند کیا جو اللہ تعالیٰ نے نازل فرمایا تھا پس اس نے ضائع کر دیے ان کے اعمال

Verse 10 — Surah Muhammad 47:10

تو کیا انہوں نے سیر وسیاحت نہیں کی زمین میں تاکہ وہ خود دیکھ لیتے کہ کیسا انجام ہوا ان (منکروں) کا جو ان سے پہلے گزرے۔ اللہ تعالیٰ نے ان پر تباہی نازل کر دی اور کفار کے لیے اسی قسم کی سزائیں ہیں

Verse 11 — Surah Muhammad 47:11

یہ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کا مددگار ہے اور کفار کا کوئی مددگار نہیں

Verse 12 — Surah Muhammad 47:12

بے شک اللہ تعالیٰ داخل فرمائے گا جو ایمان لے آئے اور نیک عمل کرتے رہے (سدا بہار) باغات میں رواں ہیں جن کے نیچے نہریں اور جنہوں نے کفر کیا وہ عیش اڑا رہے ہیں اور محض کھانے (پینے ) میں مصروف ہیں ڈنگڑوں کی طرح حالانکہ آتش جہنم ان کا ٹھکانا ہے

Verse 13 — Surah Muhammad 47:13

اور بہت سی ایسی بستیاں تھیں جو قوت و شوکت میں تمہاری اس بستی سے کہیں زیادہ تھیں جس (کے باشندوں ) نے آپ کو نکال دیا ہم نے ان بستیوں کے مکینوں کو ہلاک کر دیا پس کوئی ان کا مدد گار نہ تھا

Verse 14 — Surah Muhammad 47:14

کیا وہ شخص جس کے پاس روشن دلائل ہیں اپنے رب کے پاس سے اس (بد بخت) کی مانند ہے آراستہ کر دیے گئے جس کے لیے اس کے برے اعمال اور پیروی کرتے رہے اپنی خواہشوں کی

Verse 15 — Surah Muhammad 47:15

احوال اس جنت کے جس کا وعدہ متقیوں سے کیا گیا ہے اس میں نہریں ہیں ایسے پانی کی جس کی بو اور مزہ نہیں بگڑتا اور نہریں ہیں دودھ کی جس کا ذائقہ نہیں بدلتا۔ اور نہریں ہیں شراب کی جو لذت بخش ہے پینے والوں کے لیے اور نہریں ہیں شہد کی جو صاف ستھرا ہے ۔ اور ان کے لیے اس میں ہر قسم کے پھل ہوں گے اور (مزید برآں ان کے لیے ) بخشش ہو گی اپنے رب کی طرف سے ۔ (سوچو!) کیا یہ ان کی مانند ہوں گے جو ہمیشہ آگ میں رہیں گے اور انہیں کھولتا پانی پلایا جائے گا اور وہ کاٹ دے گا ان کی آنتوں کو

Verse 16 — Surah Muhammad 47:16

اور ان میں سے کچھ ایسے ہیں جو کان لگائے رکھتے ہیں آپ کی طرف حتی کہ جب نکلتے ہیں آپ کے پا س سے تو کہتے ہیں اہل علم سے (کہ ذرا فرمائیے) یہ صاحب ابھی ابھی کیا کہہ رہے تھے یہی وہ (بد بخت) ہیں مہر لگا دی ہے اللہ تعالیٰ نے ان کے دلوں پر اور وہ پیروی کرتے ہیں اپنی خواہشوں کی

Verse 17 — Surah Muhammad 47:17

اور جو لوگ راہ ہدایت پر چلے اللہ تعالیٰ بڑھا دیتا ہے ان کے نور ہدایت کو اور انہیں تقویٰ کی توفیق بخشتا ہے

Verse 18 — Surah Muhammad 47:18

پس کیا یہ لوگ انتظار کر رہے ہیں قیامت کا کہ آجائے ان پر اچانک بےشک اس کی نشانیاں تو آہی گئی ہیں (تو جب قیامت ان پر آگئی) تو اس وقت ان کو سمجھنا کب نصیب ہو گا

Verse 19 — Surah Muhammad 47:19

پس آپ جان لیں کہ نہیں کوئی معبود بجز اللہ کے اور دعا مانگا کریں کہ اللہ آپ کو گناہ سے محفوظ رکھے نیز مغفرت طلب کریں مومن مردوں اور عورتوں کے لیے اور اللہ تعالیٰ جانتا ہے تمہارے چلنے پھرنے اور آرام کرنے کی جگہوں کو

Verse 20 — Surah Muhammad 47:20

اور اہل ایمان کہتے ہیں کیوں نہ اتری کوئی نئی سورت (جہاد کے بارے میں) پس جب اتاری جاتی ہے کوئی واضح سورت اور اس میں جہاد کا ذکر ہوتا ہے تو آپ دیکھتے ہیں ان لوگوں کو جن کے دلوں میں (نفاق کا) روگ ہوتا ہے کہ وہ تکتے ہیں آپ کی طرف جیسے تکتا ہے جس پر موت کی غشی طاری ہو ۔ پس ان کے لیے بہتر یہ تھا

Verse 21 — Surah Muhammad 47:21

کہ اطاعت کرتے اور اچھی بات کہتے پھر جب حکم ناطق ہو چکا تو اگر وہ سچے رہتے اللہ تعالیٰ سے تو یہ ان کے لیے بہتر ہوتا

Verse 22 — Surah Muhammad 47:22

پھر تم سے یہی توقع ہے کہ اگر تم کو حکومت مل جائے تو تم فساد برپا کرو گے زمین میں اور قطع کر دو گے اپنی قرابتوں کو

Verse 23 — Surah Muhammad 47:23

یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ نے لعنت کی پھر (حق سننے سے) انہیں بہرا کر دیا اور ان کی آنکھوں کو اندھا کر دیا

Verse 24 — Surah Muhammad 47:24

کیا یہ لوگ غور نہیں کرتے قرآن میں یا (ان کے) دلوں پر قفل لگا دیے گئے ہیں

Verse 25 — Surah Muhammad 47:25

بے شک جو لوگ پیٹھ پھیر کر پیچھے ہٹ گئے باوجودیکہ ان پر ہدایت (کی راہ) ظاہر ہو چکی تھی ۔ شیطان نے انہیں فریب دیا اور انہیں لمبی زندگی کی آس دلائی

Verse 26 — Surah Muhammad 47:26

یہ اس لیے کہ انہوں نے کہا ان لوگوں کو جنہوں نے نا پسند کیا جو اللہ نے اتارا کہ ہم تمہاری ایک بات میں اطاعت کریں گے ۔ اور اللہ تعالیٰ ان کے پوشیدہ مشوروں کو جانتا ہے

Verse 27 — Surah Muhammad 47:27

پس ان کا کیا حال ہوگا جب فرشتے ان کی روحوں کو قبض کریں گے اور چوٹیں لگائیں گے ان کے چہروں اور پشتوں پر

Verse 28 — Surah Muhammad 47:28

یہ درگت اس لیے بنے گی کہ انہوں نے پیروی کی اس کی جو اللہ کی ناراضگی کا باعث تھا اور نا پسند کیا اس کی خوشنودی کو پس اس نے ان کے اعمال ضائع کر دیے

Verse 29 — Surah Muhammad 47:29

کیا خیال کرتے ہیں وہ لوگ جن کے دلوں میں (نفاق کی) بیماری ہے کہ اللہ تعالیٰ ظاہر نہیں کرے گا ان کے دلی کھوٹوں کو

Verse 30 — Surah Muhammad 47:30

اور اگر ہم چاہیں تو آپ کو دکھا دیں یہ لوگ سو آپ پہچان تو چکے ہیں ان کو ان کے چہرہ سے اور آپ ضرور پہچان لیا کریں گے انہیں ان کے انداز گفتگو سے ۔ اور اللہ جانتا ہے تمہارے اعمال کو

Verse 31 — Surah Muhammad 47:31

اور ہم ضرور آزمائیں گے تمہیں تاکہ ہم دیکھ لیں تم میں سے جو مصروف جہا د رہتے ہیں اور صبر کرنے والے ہیں اور ہم پرکھیں گے تمہارے حالات کو

Verse 32 — Surah Muhammad 47:32

بے شک جو لوگ خود بھی کفر کرتے رہے اور لوگوں کو بھی روکتے رہے اللہ کی راہ سے اور مخالفت کرتے رہے رسول (کریم) کی باوجودیکہ ظاہر وہ چکی تھی ان کے لیے راہ ہدایت وہ قطعاً اللہ تعالیٰ کو کچھ ضرر نہیں پہنچا سکتے اور اللہ تعالیٰ ان کے اعمال کو اکارت کر دے گا

Verse 33 — Surah Muhammad 47:33

اے ایمان والو! اطاعت کرو اللہ تعالیٰ کی اور اطاعت کرو رسول (مکرم) کی اور نہ ضائع کرو اپنے عملوں کو

Verse 34 — Surah Muhammad 47:34

بے شک جو لوگ خود بھی کفر کرتے رہے اور دوسروں کو بھی راہ حق سے روکتے رہے پھر وہ مر گئے کفر کی حالت میں تو اللہ تعالیٰ انہیں ہر گز نہیں بخشے گا

Verse 35 — Surah Muhammad 47:35

(اے فرزندان اسلام!) ہمت مت ہارو اور (کفار کو) صلح کی دعوت مت دو تم ہی غالب آؤ گے اور اللہ تعالیٰ تمہارے ساتھ ہے اور وہ تمہارے اعمال (اور کوششوں ) کو ضائع نہیں ہونے دیگا

Verse 36 — Surah Muhammad 47:36

یہ دنیوی زندگی تو محض ایک کھیل اور تماشا ہے اور اگر تم ایمان لاؤ اور پرہیزگار بن جاؤ تو وہ تمہیں تمہارے اجر عطا کرے گا اور وہ نہ طلب کرے گا تم سے تمہارے مال

Verse 37 — Surah Muhammad 47:37

اگر وہ طلب کرے تم سے تمہارے مال اور اس پر اصرار کرے تو تم بخل کرنے لگو اور (یوں ) ظاہر کر دیگا تمہاری نا گواریوں کو

Verse 38 — Surah Muhammad 47:38

ہاں تم ہی وہ لوگ ہو جنہیں دعوت دی جاتی ہے کہ (اپنے مال) خرچ کرو اللہ کی راہ میں پس تم میں سے کچھ بخل کرنے لگتے ہیں اور جو شخص بخل کرتا ہے تو وہ اپنی ذات سے بخل کر رہا ہو تا ہے اور اللہ تعالیٰ تو غنی ہے (کسی کا محتاج نہیں) بلکہ تم (اس کے ) محتاج ہو اور اگر تم رو گردانی کرو گے (تو اس سعادت سے محروم کر دیے جاؤ گے) اور تمہارے عوض وہ دوسری قوم لے آئے گا پھر وہ تم جیسے نہ ہوں گے