Back to Languages

Urdu - Chapter 49 - Al-Hujurat

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Hujurat 49:1

اے ایمان والو! آگے نہ بڑھا کرو اللہ اور اس کے رسول سے اور ڈرتے رہا کرواللہ تعالیٰ سے ۔ بیشک اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا ، جاننے والا ہے

Verse 2 — Surah Al-Hujurat 49:2

اے ایمان والو! نہ بلند کیا کرو اپنی آوازوں کو نبی (کریم) کی آواز سے اور نہ زور سے آپ کے ساتھ بات کیا کرو جس طرح زور سے تم ایک دوسرے سے باتیں کرتے ہو (اس بےادبی سے) کہیں ضائع نہ ہو جائیں تمہارے اعمال اور تمہیں خبر تک نہ ہو

Verse 3 — Surah Al-Hujurat 49:3

بے شک جو پست رکھتے ہیں اپنی آوازوں کو اللہ کے رسول کے سامنے ، یہی وہ لوگ ہیں مختص کر لیاہے اللہ نے ان کے دلوں کو تقویٰ کے لیے انہی کے لیے بخشش اور اجر عظیم ہے

Verse 4 — Surah Al-Hujurat 49:4

بے شک جو لوگ پکارتے ہیں آپ کو حجروں کے باہر سے ان میں سے اکثر نا سمجھ ہیں

Verse 5 — Surah Al-Hujurat 49:5

اور اگر وہ صبر کرتے یہاں تک کہ آپ باہر تشریف لاتے ان کے پاس تو یہ ان کے لیے بہتر ہوتا اور اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے

Verse 6 — Surah Al-Hujurat 49:6

اے ایمان والو! اگر لے آئے تمہارے پاس کوئی فاسق کوئی خبر تو اس کی خوب تحقیق کر لیا کرو ایسا نہ ہو کہ تم ضرر پہنچاو کسی قوم کو بےعلمی میں پھر تم اپنے کیے پر پچھتانے لگو

Verse 7 — Surah Al-Hujurat 49:7

اور خوب جان لو تمہارے درمیان رسول اللہ تشریف فرما ہیں اگر وہ مان لیا کریں تمہاری بات اکثر معاملات میں تو تم مشقت میں پڑ جاؤ۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے محبوب بنا دیا ہے تمہارے نزدیک ایمان کو اور آراستہ کر دیا ہے اسے تمہارے دلوں میں اور قابل نفرت بنا دیا ہے تمہارے نزدیک کفر، فسق اور نا فرمانی کو۔ یہی لوگ راہ حق پر ثابت قد م ہیں

Verse 8 — Surah Al-Hujurat 49:8

(یہ سب کچھ) محض اللہ کا فضل اور انعام ہے اور اللہ سب کچھ جاننے والا ، بڑا دانا ہے

Verse 9 — Surah Al-Hujurat 49:9

اور اگر اہل ایمان کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں تو ان کے درمیان صلح کرا دو اور اگر زیادتی کرے ایک گروہ دوسرے پر تو پھر سب (مل کر) لڑو ا س سے جو زیادتی کرتا ہے یہاں تک کہ وہ لوٹ آئے اللہ کے حکم کی طرف۔ پس اگر لوٹ آئے تو صلح کر ا دو ان کے درمیان عدل (و انصاف) سے اور انصاف کرو بےشک اللہ تعالیٰ محبت کرتا ہے انصاف کرنے والوں سے

Verse 10 — Surah Al-Hujurat 49:10

بے شک اہل ایمان بھائی بھائی ہیں پس صلح کر ا دو اپنے دو بھائیوں کے درمیان اور ڈرتے رہا کرو اللہ سے تاکہ تم پر رحم فرمایا جائے

Verse 11 — Surah Al-Hujurat 49:11

اے ایمان والو! نہ تمسخر اڑایا کرو مردوں کی ایک جماعت دوسری جماعت کا شاید وہ ان مذاق اڑانے والوں سے بہتر ہوں اور نہ عورتیں مذاق اڑایا کریں دوسری عورتوں کا شاید وہ ان سے بہتر ہوں اور نہ عیب لگاؤ ایک دوسرے پر اور نہ برے القاب سے کسی کو بلاؤ کتنا ہی برا نام ہے مسلمان ہو کر فاسق کہلانا اور جو لوگ باز نہیں آئیں گے (اس روش سے) تو وہی بےانصاف ہیں

Verse 12 — Surah Al-Hujurat 49:12

اے ایمان والو! دور رہا کرو بکثرت بد گمانیوں سے بلاشبہ بعض بد گمانیاں گناہ ہیں اور نہ جاسوسی کیا کرو اور ایک دوسرے کی غیبت بھی نہ کیا کرو کیا پسند کرتا ہے تم میں سے کوئی شخص کہ اپنے مردہ بھائی کا کوشت کھائے ۔ تم اسے تو مکروہ سمجھتے ہو ۔ اور ڈرتے رہا کرو اللہ سے ۔ بےشک اللہ تعالیٰ بہت توبہ قبول کر نے والا ، ہمیشہ رحم کرنے والا ہے

Verse 13 — Surah Al-Hujurat 49:13

اے لوگو! ہم نے پیدا کیا ہے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے اور بنا دیاہے تمہیں مختلف قومیں اور مختلف خاندان تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو تم میں سے زیادہ معزز اللہ کی بارگاہ میں وہ ہے جو تم میں سے زیادہ متقی ہے بےشک اللہ تعالیٰ علیم (اور) خبیر ہے

Verse 14 — Surah Al-Hujurat 49:14

اعراب کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے ۔ آپ فرمائیے تم ایمان تو نہیں لائے البتہ یہ کہو کہ ہم نے اطاعت اختیار کر لی ہے اور ابھی ایمان تمہارے دلوں میں داخل نہیں ہوا۔ اور اگر تم (سچے دل سے ) اطاعت کرو گے اللہ اور اس کے رسول کی تو وہ ذرا کمی نہیں کرے گا تمہارے اعمال میں بےشک اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے

Verse 15 — Surah Al-Hujurat 49:15

(کامل) ایماندار تو وہی ہیں جو ایمان لے آئے اللہ اور اس کے رسول پر پھر (اس میں ) کبھی شک نہیں کیا اور جہاد کرتے رہے اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ اللہ کی راہ میں یہی لوگ راستباز ہیں

Verse 16 — Surah Al-Hujurat 49:16

آپ فرمائیے کیا تم آگاہ کرتے ہو اللہ کو اپنے دین سے ۔ حالانکہ اللہ جانتا ہے ہر اس چیز کو جو آسمانوں اور جو زمین میں ہے۔ اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو اچھی طرح جاننے والا ہے

Verse 17 — Surah Al-Hujurat 49:17

اور احسان جتلاتے ہیں آپ پر کہ وہ اسلام لے آئے ۔ فرمائیے مجھ پر احسان مت جتلا ؤ اپنے اسلام کا ۔ بلکہ اللہ نے احسان فرمایا ہے تم پر کہ تمہیں ایمان کی ہدایت بخشی اگر تم (اپنے ایمان کے دعویٰ میں ) سچے ہو

Verse 18 — Surah Al-Hujurat 49:18

یقیناً اللہ تعالیٰ آسمانوں اور زمین کے سب چھپے بھیدوں کو خوب جانتا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ خوب دیکھ رہا ہے جو تم کر رہے ہو