Back to Languages

Urdu - Chapter 64 - At-Taghabun

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah At-Taghabun 64:1

اللہ ہی کی تسبیح کر رہی ہے ہر چیز جو آسمانوں میں ہے اور ہر چیز جو زمین میں ہے اسی کی حکومت ہے اور اسی کے لیے ساری تعریفیں ہیں اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے

Verse 2 — Surah At-Taghabun 64:2

وہی ہے جس نے تمہیں پیدا فرمایا پھر تم میں بعض کافر ہیں اور تم میں سے بعض مؤمن ہیں اور اللہ تعالی جو تم کرتے ہو خوب دیکھ رہا ہے

Verse 3 — Surah At-Taghabun 64:3

اس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ اور اس نے تمہاری صورتیں بنائیں اور تمہاری صورتوں کو خوبصورت بنایا اور اسی کی طرف ( سب نے ) لوٹنا ہے

Verse 4 — Surah At-Taghabun 64:4

وہ جانتا ہے جسے تم چھپاتے ہو اور جسے تم ظاہر کرتے ہو اور اللہ تعالی خوب جانتا ہے جو سینوں میں (پوشیدہ) ہے

Verse 5 — Surah At-Taghabun 64:5

کیا نہیں آئی تمہارے پاس ان کی خبر جنہوں نے کفر کیا اس سے پہلے پس چکھ لیا انہوں نے اپنے کام (یعنی کفر) کا وبال اور ان کے لیے (آخرت میں ) دردناک عذاب ہے

Verse 6 — Surah At-Taghabun 64:6

اس کی وجہ یہ تھی کہ آتے رہے ان کے پاس ان کے پیغمبر روشن نشانیاں لے کر پس وہ بولے کیا انسان ہماری رہبری کریں گے۔ پس انہوں نے کفر کیا اور منہ پھیر لیا اور اللہ تعالیٰ بھی (ان سے ) بےنیاز ہوگیا اور اللہ تعالیٰ بےنیاز ہے، سب خوبیوں سراہا ہے

Verse 7 — Surah At-Taghabun 64:7

گمان کرتے ہیں کفار کہ انہیں ہر گز دوبارہ زندہ نہ کیا جائے گا۔ فرمائیے کیوں نہیں میرے رب کی قسم تمہیں ضرور زندہ کیا جائے گا پھر تمہیں آگاہ کیا جائے گا جو تم کیا کرتے تھے اور یہ اللہ کے لیے بالکل آسان ہے ۔

Verse 8 — Surah At-Taghabun 64:8

پس ایمان لاؤ اللہ اور اس کے رسول پر اور اس نور پر جو ہم نے نازل کیا ہے اور اللہ تعالیٰ جو کچھ تم کرتے ہو اس سے خبردار ہے

Verse 9 — Surah At-Taghabun 64:9

جس دن تمہیں اکٹھا کرے گا جمع ہونے کے دن یہی گھاٹے کے ظہور کا دن ہے اور جو ایمان لے آیا اللہ پر اور نیک عمل کرتا رہا اللہ دور فرمادے گا اس سے اس کے گناہوں کو اور داخل فرمائے گا اسے باغوں میں رواں ہوگی جن کے نیچے ندیاں وہ ان میں ہمیشہ رہیں گے تا ابد یہی بہت بڑی کامیابی ہے ۔

Verse 10 — Surah At-Taghabun 64:10

اور جنہوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا وہ دوزخی ہوں گے ہمیشہ اس میں رہیں گے اور یہ بہت بری پلٹنے کی جگہ ہے

Verse 11 — Surah At-Taghabun 64:11

نہیں پہنچتی (کسی کو) کوئی مصیبت بجز اللہ کے اذن کے اور جو شخص اللہ پر ایمان لے آئے اللہ اس کے دل کو ہدایت بخشتا ہے اور اللہ تعالیٰ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے

Verse 12 — Surah At-Taghabun 64:12

اور اطاعت کرو اللہ تعالیٰ کی اور اطاعت کرو رسول (مکرم) کی پھر اگر تم نے روگردانی کی (تو تمہاری قسمت) ہمارے رسول کے ذمہ فقط کھول کر (پیغام) پہنچانا ہے

Verse 13 — Surah At-Taghabun 64:13

اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی خدا نہیں۔ پس اللہ پر ہی بھروسہ کرنا چاہیے ایمان والوں کو

Verse 14 — Surah At-Taghabun 64:14

اے ایمان والو! تمہاری کچھ بیبیاں اور تمہارے بچے تمہارے دشمن ہیں پس ہوشیار رہو ان سے اور اگر تم عفو درگزر سے کام لو اور بخش دو تو بلاشبہ اللہ تعالی غفور رحیم ہے

Verse 15 — Surah At-Taghabun 64:15

بے شک تمہارے مال اور تمہاری اولاد بڑی آزمائش ہیں اور اللہ ہی ہے جس کے پاس اجر عظیم ہے

Verse 16 — Surah At-Taghabun 64:16

پس ڈرتے رہو اللہ سے جتنی تمہاری استطاعت ہے اور (اللہ کا فرمان) سنو اور اسے مانو اور (اس کی راہ میں) خرچ کرو یہ بہتر ہے تمہارے لیے اور جنہیں بچا لیا گیا ان کے نفس کے بخل سے تو یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں

Verse 17 — Surah At-Taghabun 64:17

اگر تم اللہ تعالیٰ کو قرض حسن دو تو وہ اسے کئی گنا کردے گا تمہارے لیے اور بخش دے گا تمہیں اور اللہ تعالیٰ بڑا قدر دان (اور) بہت حلم والا ہے

Verse 18 — Surah At-Taghabun 64:18

ہر نہاں اور عیاں کا جاننے والا ہے، سب پر غالب، بڑا دانا ہے