Back to Languages

Urdu - Chapter 15 - Al-Hijr

Translation by Muhammad Tahir Ul Qadri — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Hijr 15:1

الف، لام، را (حقیقی معنی اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہی بہتر جانتے ہیں)، یہ (برگزیدہ) کتاب اور روشن قرآن کی آیتیں ہیں

Verse 2 — Surah Al-Hijr 15:2

کفار (آخرت میں مومنوں پر اللہ کی رحمت کے مناظر دیکھ کر) بار بار آرزو کریں گے کہ کاش! وہ مسلمان ہوتے

Verse 3 — Surah Al-Hijr 15:3

آپ (غمگین نہ ہوں) انہیں چھوڑ دیجئے وہ کھاتے (پیتے) رہیں اور عیش کرتے رہیں اور (ان کی) جھوٹی امیدیں انہیں (آخرت سے) غافل رکھیں پھر وہ عنقریب (اپنا انجام) جان لیں گے

Verse 4 — Surah Al-Hijr 15:4

اور ہم نے کوئی بھی بستی ہلاک نہیں کی مگر یہ کہ اُس کے لئے ایک معلوم نوشتۂ (قانون) تھا (جس کی انہوں نے خلاف ورزی کی اور اپنے انجام کو جا پہنچے)

Verse 5 — Surah Al-Hijr 15:5

کوئی بھی قوم (قانونِ عروج و زوال کی) اپنی مقررہ مدت سے نہ آگے بڑھ سکتی ہے اور نہ پیچھے ہٹ سکتی ہے

Verse 6 — Surah Al-Hijr 15:6

اور (کفار گستاخی کرتے ہوئے) کہتے ہیں: اے وہ شخص جس پر قرآن اتارا گیا ہے! بیشک تم دیوانے ہو

Verse 7 — Surah Al-Hijr 15:7

تم ہمارے پاس فرشتوں کو کیوں نہیں لے آتے اگر تم سچے ہو

Verse 8 — Surah Al-Hijr 15:8

ہم فرشتوں کو نہیں اتارا کرتے مگر (فیصلۂ) حق کے ساتھ (یعنی جب عذاب کی گھڑی آپہنچے تو اس کے نفاذ کے لئے اتارتے ہیں) اور اس وقت انہیں مہلت نہیں دی جاتی

Verse 9 — Surah Al-Hijr 15:9

بیشک یہ ذکرِ عظیم (قرآن) ہم نے ہی اتارا ہے اور یقیناً ہم ہی اس کی حفاظت کریں گے

Verse 10 — Surah Al-Hijr 15:10

اور بیشک ہم نے آپ سے قبل پہلی امتوں میں بھی رسول بھیجے تھے

Verse 11 — Surah Al-Hijr 15:11

اور ان کے پاس کوئی رسول نہیں آتا تھا مگر یہ کہ وہ اس کے ساتھ مذاق کیا کرتے تھے

Verse 12 — Surah Al-Hijr 15:12

اسی طرح ہم اس (تمسخر اور استہزاء) کو مجرموں کے دلوں میں داخل کر دیتے ہیں

Verse 13 — Surah Al-Hijr 15:13

یہ لوگ اِس (قرآن) پر ایمان نہیں لائیں گے اور بیشک پہلوں کی (یہی) روش گزر چکی ہے

Verse 14 — Surah Al-Hijr 15:14

اور اگر ہم ان پر آسمان کا کوئی دروازہ (بھی) کھول دیں (اور ان کے لئے یہ بھی ممکن بنا دیں کہ) وہ سارا دن اس میں (سے) اوپر چڑھتے رہیں

Verse 15 — Surah Al-Hijr 15:15

(تب بھی) یہ لوگ یقیناً (یہ) کہیں گے کہ ہماری آنکھیں (کسی حیلہ و فریب کے ذریعے) باندھ دی گئی ہیں بلکہ ہم لوگوں پر جادو کر دیا گیا ہے

Verse 16 — Surah Al-Hijr 15:16

اور بیشک ہم نے آسمان میں (کہکشاؤں کی صورت میں ستاروں کی حفاظت کے لئے) قلعے بنائے اور ہم نے اس (خلائی کائنات) کو دیکھنے والوں کے لئے آراستہ کر دیا

Verse 17 — Surah Al-Hijr 15:17

اور ہم نے اس (آسمانی کائنات کے نظام) کو ہر مردود شیطان (یعنی ہر سرکش قوت کے شرانگیز عمل) سے محفوظ کر دیا

Verse 18 — Surah Al-Hijr 15:18

مگر جو کوئی بھی چوری چھپے سننے کے لئے آگھسا تو اس کے پیچھے ایک (جلتا) چمکتا شہاب ہو جاتا ہے

Verse 19 — Surah Al-Hijr 15:19

اور زمین کو ہم نے (گولائی کے باوجود) پھیلا دیا اور ہم نے اس میں (مختلف مادوں کو باہم ملا کر) مضبوط پہاڑ بنا دیئے اور ہم نے اس میں ہر جنس کو (مطلوبہ) توازن کے مطابق نشو و نما دی

Verse 20 — Surah Al-Hijr 15:20

اور ہم نے اس میں تمہارے لئے اسبابِ معیشت پیدا کئے اور ان (انسانوں، جانوروں اور پرندوں) کے لئے بھی جنہیں تم رزق مہیا نہیں کرتے

Verse 21 — Surah Al-Hijr 15:21

اور (کائنات) کی کوئی بھی چیز ایسی نہیں ہے مگر یہ کہ ہمارے پاس اس کے خزانے ہیں اور ہم اسے صرف معیّن مقدار کے مطابق ہی اتارتے رہتے ہیں

Verse 22 — Surah Al-Hijr 15:22

اور ہم ہواؤں کو بادلوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے بھیجتے ہیں پھر ہم آسمان کی جانب سے پانی اتارتے ہیں پھر ہم اسے تم ہی کو پلاتے ہیں اور تم اس کے خزانے رکھنے والے نہیں ہو

Verse 23 — Surah Al-Hijr 15:23

اور بیشک ہم ہی جلاتے ہیں اور مارتے ہیں اور ہم ہی (سب کے) وارث (و مالک) ہیں

Verse 24 — Surah Al-Hijr 15:24

اور بیشک ہم اُن کو بھی جانتے ہیں جو تم سے پہلے گزر چکے اور بیشک ہم بعد میں آنے والوں کو بھی جانتے ہیں

Verse 25 — Surah Al-Hijr 15:25

اور بیشک آپ کا رب ہی تو انہیں (روزِ قیامت) جمع فرمائے گا۔ بیشک وہ بڑی حکمت والا خوب جاننے والا ہے

Verse 26 — Surah Al-Hijr 15:26

اور بیشک ہم نے انسان کی (کیمیائی) تخلیق ایسے خشک بجنے والے گارے سے کی جو (پہلے) سِن رسیدہ (اور دھوپ اور دیگر طبیعیاتی اور کیمیائی اثرات کے باعث تغیر پذیر ہو کر) سیاہ بو دار ہو چکا تھا

Verse 27 — Surah Al-Hijr 15:27

اور اِس سے پہلے ہم نے جنّوں کو شدید جلا دینے والی آگ سے پیدا کیا جس میں دھواں نہیں تھا

Verse 28 — Surah Al-Hijr 15:28

اور (وہ واقعہ یاد کیجئے) جب آپ کے رب نے فرشتوں سے فرمایا کہ میں سِن رسیدہ (اور) سیاہ بودار، بجنے والے گارے سے ایک بشری پیکر پیدا کرنے والا ہوں

Verse 29 — Surah Al-Hijr 15:29

پھر جب میں اس کی (ظاہری) تشکیل کو کامل طور پر درست حالت میں لا چکوں اور اس پیکرِ (بشری کے باطن) میں اپنی (نورانی) روح پھونک دوں تو تم اس کے لئے سجدہ میں گر پڑنا

Verse 30 — Surah Al-Hijr 15:30

پس (اس پیکرِ بشری کے اندر نورِ ربانی کا چراغ جلتے ہی) سارے کے سارے فرشتوں نے سجدہ کیا

Verse 31 — Surah Al-Hijr 15:31

سوائے ابلیس کے، اس نے سجدہ کرنے والوں کے ساتھ ہونے سے انکار کر دیا

Verse 32 — Surah Al-Hijr 15:32

(اللہ نے) ارشاد فرمایا: اے ابلیس! تجھے کیا ہو گیا ہے کہ تو سجدہ کرنے والوں کے ساتھ نہ ہوا

Verse 33 — Surah Al-Hijr 15:33

(ابلیس نے) کہا: میں ہر گز ایسا نہیں (ہو سکتا) کہ بشر کو سجدہ کروں جسے تو نے سِن رسیدہ (اور) سیاہ بودار، بجنے والے گارے سے تخلیق کیا ہے

Verse 34 — Surah Al-Hijr 15:34

(اللہ نے) فرمایا: تو یہاں سے نکل جا پس بیشک تو مردود (راندۂ درگاہ) ہے

Verse 35 — Surah Al-Hijr 15:35

اور بیشک تجھ پر روزِ جزا تک لعنت (پڑتی) رہے گی

Verse 36 — Surah Al-Hijr 15:36

اُس نے کہا: اے پروردگار! پس تو مجھے اُس دن تک (زندہ رہنے کی) مہلت دے دے جس دن لوگ (دوبارہ) قبروں سے اٹھائے جائیں گے

Verse 37 — Surah Al-Hijr 15:37

اللہ نے فرمایا: (جا) بے شک تو مہلت یافتہ لوگوں میں سے ہے

Verse 38 — Surah Al-Hijr 15:38

وقتِ مقررہ کے دن (قیامت) تک

Verse 39 — Surah Al-Hijr 15:39

ابلیس نے کہا: اے پروردگار! اس سبب سے جو تو نے مجھے گمراہ کیا میں (بھی) یقیناً ان کے لئے زمین میں (گناہوں اور نافرمانیوں کو) خوب آراستہ و خوش نما بنا دوں گا اور ان سب کو ضرور گمراہ کر کے رہوں گا

Verse 40 — Surah Al-Hijr 15:40

سوائے تیرے ان برگزیدہ بندوں کے جو (میرے اور نفس کے فریبوں سے) خلاصی پا چکے ہیں

Verse 41 — Surah Al-Hijr 15:41

اللہ نے ارشاد فرمایا: یہ (اخلاص ہی) راستہ ہے جو سیدھا میرے در پر آتا ہے

Verse 42 — Surah Al-Hijr 15:42

بیشک میرے (اخلاص یافتہ) بندوں پر تیرا کوئی زور نہیں چلے گا سوائے ان بھٹکے ہوؤں کے جنہوں نے تیری راہ اختیار کی

Verse 43 — Surah Al-Hijr 15:43

اور بیشک ان سب کے لئے وعدہ کی جگہ جہنم ہے

Verse 44 — Surah Al-Hijr 15:44

جس کے سات دروازے ہیں، ہر دروازے کے لئے ان میں سے الگ حصہ مخصوص کیا گیا ہے

Verse 45 — Surah Al-Hijr 15:45

بیشک متقی لوگ باغوں اور چشموں میں رہیں گے

Verse 46 — Surah Al-Hijr 15:46

(ان سے کہا جائے گا:) ان میں سلامتی کے ساتھ بے خوف ہو کر داخل ہو جاؤ

Verse 47 — Surah Al-Hijr 15:47

اور ہم وہ ساری کدورت باہر کھینچ لیں گے جو (دنیا میں) ان کے سینوں میں (مغالطہ کے باعث ایک دوسرے سے) تھی، وہ (جنت میں) بھائی بھائی بن کر آمنے سامنے بیٹھے ہوں گے

Verse 48 — Surah Al-Hijr 15:48

انہیں وہاں کوئی تکلیف نہ پہنچے گی اور نہ ہی وہ وہاں سے نکالے جائیں گے

Verse 49 — Surah Al-Hijr 15:49

(اے حبیب!) آپ میرے بندوں کو بتا دیجئے کہ میں ہی بیشک بڑا بخشنے والا نہایت مہربان ہوں

Verse 50 — Surah Al-Hijr 15:50

اور (اس بات سے بھی آگاہ کر دیجئے) کہ میرا ہی عذاب بڑا دردناک عذاب ہے

Verse 51 — Surah Al-Hijr 15:51

اور انہیں ابراہیم (علیہ السلام) کے مہمانوں کی خبر (بھی) سنائیے

Verse 52 — Surah Al-Hijr 15:52

جب وہ ابراہیم (علیہ السلام) کے پاس آئے تو انہوں نے (آپ کو) سلام کہا۔ ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا کہ ہم آپ سے کچھ ڈر محسوس کر رہے ہیں

Verse 53 — Surah Al-Hijr 15:53

(مہمان فرشتوں نے) کہا: آپ خائف نہ ہوں ہم آپ کو ایک دانش مند لڑکے (کی پیدائش) کی خوشخبری سناتے ہیں

Verse 54 — Surah Al-Hijr 15:54

ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا: تم مجھے اس حال میں خوشخبری سنا رہے ہو جبکہ مجھے بڑھاپا لاحق ہو چکا ہے سو اب تم کس چیز کی خوشخبری سناتے ہو؟

Verse 55 — Surah Al-Hijr 15:55

انہوں نے کہا: ہم آپ کو سچی بشارت دے رہے ہیں سو آپ نا امید نہ ہوں

Verse 56 — Surah Al-Hijr 15:56

ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا: اپنے رب کی رحمت سے گمراہوں کے سوا اور کون مایوس ہو سکتا ہے

Verse 57 — Surah Al-Hijr 15:57

ابراہیم (علیہ السلام) نے دریافت کیا: اے (اللہ کے) بھیجے ہوئے فرشتو! (اس بشارت کے علاوہ) اور تمہارا کیا کام ہے (جس کے لئے آئے ہو)

Verse 58 — Surah Al-Hijr 15:58

انہوں نے کہا: ہم ایک مجرم قوم کی طرف بھیجے گئے ہیں

Verse 59 — Surah Al-Hijr 15:59

سوائے لوط (علیہ السلام) کے گھرانے کے، بیشک ہم ان سب کو ضرور بچا لیں گے

Verse 60 — Surah Al-Hijr 15:60

بجز ان کی بیوی کے، ہم (یہ) طے کر چکے ہیں کہ وہ ضرور (عذاب کے لئے) پیچھے رہ جانے والوں میں سے ہے

Verse 61 — Surah Al-Hijr 15:61

پھر جب لوط (علیہ السلام) کے خاندان کے پاس وہ فرستادہ (فرشتے) آئے

Verse 62 — Surah Al-Hijr 15:62

لوط (علیہ السلام) نے کہا: بیشک تم اجنبی لوگ (معلوم ہوتے) ہو

Verse 63 — Surah Al-Hijr 15:63

انہوں نے کہا: (ایسا نہیں) بلکہ ہم آپ کے پاس وہ (عذاب) لے کر آئے ہیں جس میں یہ لوگ شک کرتے رہے ہیں

Verse 64 — Surah Al-Hijr 15:64

اور ہم آپ کے پاس حق (کا فیصلہ) لے کر آئے ہیں اور ہم یقیناً سچے ہیں

Verse 65 — Surah Al-Hijr 15:65

پس آپ اپنے اہلِ خانہ کو رات کے کسی حصہ میں لے کر نکل جائیے اور آپ خود ان کے پیچھے پیچھے چلئے اور آپ میں سے کوئی مڑ کر (بھی) پیچھے نہ دیکھے اور آپ کو جہاں جانے کا حکم دیا گیا ہے (وہاں) چلے جائیے

Verse 66 — Surah Al-Hijr 15:66

اور ہم نے لوط (علیہ السلام) کو اس فیصلہ سے بذریعہ وحی آگاہ کر دیا کہ بیشک اُن کے صبح کرتے ہی اُن لوگوں کی جڑ کٹ جائے گی

Verse 67 — Surah Al-Hijr 15:67

اور اہلِ شہر (اپنی بد مستی میں) خوشیاں مناتے ہوئے (لوط علیہ السلام کے پاس) آپہنچے

Verse 68 — Surah Al-Hijr 15:68

لوط (علیہ السلام) نے کہا: بیشک یہ لوگ میرے مہمان ہیں پس تم مجھے (اِن کے بارے میں) شرم سار نہ کرو

Verse 69 — Surah Al-Hijr 15:69

اور اللہ (کے غضب) سے ڈرو اور مجھے رسوا نہ کرو

Verse 70 — Surah Al-Hijr 15:70

وہ (بد مست لوگ) بولے: (اے لوط!) کیا ہم نے تمہیں دنیا بھر کے لوگوں (کی حمایت) سے منع نہیں کیا تھا

Verse 71 — Surah Al-Hijr 15:71

لوط (علیہ السلام) نے کہا: یہ میری (قوم کی) بیٹیاں ہیں اگر تم کچھ کرنا چاہتے ہو (تو بجائے بدکرداری کے ان سے نکاح کر لو)

Verse 72 — Surah Al-Hijr 15:72

(اے حبیبِ مکرّم!) آپ کی عمرِ مبارک کی قَسم، بیشک یہ لوگ (بھی قومِ لوط کی طرح) اپنی بدمستی میں سرگرداں پھر رہے ہیں

Verse 73 — Surah Al-Hijr 15:73

پس انہیں طلوعِ آفتاب کے ساتھ ہی سخت آتشیں کڑک نے آلیا

Verse 74 — Surah Al-Hijr 15:74

سو ہم نے ان کی بستی کو زِیر و زَبر کر دیا اور ہم نے ان پر پتھر کی طرح سخت مٹی کے کنکر برسائے

Verse 75 — Surah Al-Hijr 15:75

بیشک اس (واقعہ) میں اہلِ فراست کے لئے نشانیاں ہیں

Verse 76 — Surah Al-Hijr 15:76

اور بیشک وہ بستی ایک آباد راستہ پر واقع ہے

Verse 77 — Surah Al-Hijr 15:77

بیشک اس (واقعۂ قومِ لوط) میں اہلِ ایمان کے لئے نشانی (عبرت) ہے

Verse 78 — Surah Al-Hijr 15:78

اور بیشک باشندگانِ اَیکہ (یعنی گھنی جھاڑیوں کے رہنے والے) بھی بڑے ظالم تھے

Verse 79 — Surah Al-Hijr 15:79

پس ہم نے ان سے (بھی) انتقام لیا، اور یہ دونوں (بستیاں) کھلے راستہ پر (موجود) ہیں

Verse 80 — Surah Al-Hijr 15:80

اور بیشک وادئ حجر کے باشندوں نے بھی رسولوں کو جھٹلایا

Verse 81 — Surah Al-Hijr 15:81

اور ہم نے انہیں (بھی) اپنی نشانیاں دیں مگر وہ ان سے رُوگردانی کرتے رہے

Verse 82 — Surah Al-Hijr 15:82

اور وہ لوگ بے خوف و خطر پہاڑوں میں گھر تراشتے تھے

Verse 83 — Surah Al-Hijr 15:83

تو انہیں (بھی) صبح کرتے ہی خوفناک کڑک نے آپکڑا

Verse 84 — Surah Al-Hijr 15:84

سو جو (مال) وہ کمایا کرتے تھے وہ ان سے (اللہ کے عذاب) کو دفع نہ کر سکا

Verse 85 — Surah Al-Hijr 15:85

اور ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں کے درمیان ہے عبث پیدا نہیں کیا، اور یقیناً قیامت کی گھڑی آنے والی ہے، سو (اے اخلاقِ مجسّم!) آپ بڑے حسن و خوبی کے ساتھ درگزر کرتے رہئے

Verse 86 — Surah Al-Hijr 15:86

بیشک آپ کا رب ہی سب کو پیدا فرمانے والا خوب جاننے والا ہے

Verse 87 — Surah Al-Hijr 15:87

اور بیشک ہم نے آپ کو بار بار دہرائی جانے والی سات آیتیں (یعنی سورۂ فاتحہ) اور بڑی عظمت والا قرآن عطا فرمایا ہے

Verse 88 — Surah Al-Hijr 15:88

آپ ان چیزوں کی طرف نگاہ اٹھا کر بھی نہ دیکھئے جن سے ہم نے کافروں کے گروہوں کو (چند روزہ) عیش کے لئے بہرہ مند کیا ہے، اور ان (کی گمراہی) پر رنجیدہ خاطر بھی نہ ہوں اور اہلِ ایمان (کی دل جوئی) کے لئے اپنے (شفقت و التفات کے) بازو جھکائے رکھئے

Verse 89 — Surah Al-Hijr 15:89

اور فرما دیجئے کہ بیشک (اب) میں ہی (عذابِ الٰہی کا) واضح و صریح ڈر سنانے والا ہوں

Verse 90 — Surah Al-Hijr 15:90

جیسا (عذاب) کہ ہم نے تقسیم کرنے والوں (یعنی یہود و نصارٰی) پر اتارا تھا

Verse 91 — Surah Al-Hijr 15:91

جنہوں نے قرآن کو ٹکڑے ٹکڑے (کر کے تقسیم) کر ڈالا (یعنی موافق آیتوں کو مان لیا اور غیر موافق کو نہ مانا)

Verse 92 — Surah Al-Hijr 15:92

سو آپ کے رب کی قسم! ہم ان سب سے ضرور پرسش کریں گے

Verse 93 — Surah Al-Hijr 15:93

ان اعمال سے متعلق جو وہ کرتے رہے تھے

Verse 94 — Surah Al-Hijr 15:94

پس آپ وہ (باتیں) اعلانیہ کہہ ڈالیں جن کا آپ کو حکم دیا گیا ہے اور آپ مشرکوں سے منہ پھیر لیجئے

Verse 95 — Surah Al-Hijr 15:95

بیشک مذاق کرنے والوں (کو انجام تک پہنچانے) کے لئے ہم آپ کو کافی ہیں

Verse 96 — Surah Al-Hijr 15:96

جو اللہ کے ساتھ دوسرا معبود بناتے ہیں سو وہ عنقریب (اپنا انجام) جان لیں گے

Verse 97 — Surah Al-Hijr 15:97

اور بیشک ہم جانتے ہیں کہ آپ کا سینۂ (اقدس) ان باتوں سے تنگ ہوتا ہے جو وہ کہتے ہیں

Verse 98 — Surah Al-Hijr 15:98

سو آپ حمد کے ساتھ اپنے رب کی تسبیح کیا کریں اور سجود کرنے والوں میں (شامل) رہا کریں

Verse 99 — Surah Al-Hijr 15:99

اور اپنے رب کی عبادت کرتے رہیں یہاں تک کہ آپ کو (آپ کی شان کے لائق) مقامِ یقین مل جائے (یعنی انشراحِ کامل نصیب ہو جائے یا لمحۂ وصالِ حق)