Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 52 - At-Tur
Translation by Muhammad Tahir Ul Qadri — Permalink
Verse 1 — Surah At-Tur 52:1
(کوہِ) طُور کی قَسم
Verse 2 — Surah At-Tur 52:2
اور لکھی ہوئی کتاب کی قَسم
Verse 3 — Surah At-Tur 52:3
(جو) کھلے صحیفہ میں (ہے)
Verse 4 — Surah At-Tur 52:4
اور (فرشتوں سے) آباد گھر (یعنی آسمانی کعبہ) کی قَسم
Verse 5 — Surah At-Tur 52:5
اور اونچی چھت (یعنی بلند آسمان یا عرشِ معلٰی) کی قَسم
Verse 6 — Surah At-Tur 52:6
اور اُبلتے ہوئے سمندر کی قَسم
Verse 7 — Surah At-Tur 52:7
بیشک آپ کے رب کا عذاب ضرور واقع ہو کر رہے گا
Verse 8 — Surah At-Tur 52:8
اسے کوئی دفع کرنے والا نہیں
Verse 9 — Surah At-Tur 52:9
جس دن آسمان سخت تھر تھراہٹ کے ساتھ لرزے گا
Verse 10 — Surah At-Tur 52:10
اور پہاڑ (اپنی جگہ چھوڑ کر بادلوں کی طرح) تیزی سے اڑنے اور (ذرّات کی طرح) بکھرنے لگیں گے
Verse 11 — Surah At-Tur 52:11
سو اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے
Verse 12 — Surah At-Tur 52:12
جو باطل (بے ہودگی) میں پڑے غفلت کا کھیل کھیل رہے ہیں
Verse 13 — Surah At-Tur 52:13
جس دن کو وہ دھکیل دھکیل کر آتشِ دوزخ کی طرف لائے جائیں گے
Verse 14 — Surah At-Tur 52:14
(اُن سے کہا جائے گا:) یہ ہے وہ جہنّم کی آگ جسے تم جھٹلایا کرتے تھے
Verse 15 — Surah At-Tur 52:15
سو کیا یہ جادو ہے یا تمہیں دکھائی نہیں دیتا
Verse 16 — Surah At-Tur 52:16
اس میں داخل ہو جاؤ، پھر تم صبر کرو یا صبر نہ کرو، تم پر برابر ہے، تمہیں صرف انہی کاموں کا بدلہ دیا جائے گا جو تم کرتے رہے تھے
Verse 17 — Surah At-Tur 52:17
بیشک متّقی لوگ بہشتوں اور نعمتوں میں ہوں گے
Verse 18 — Surah At-Tur 52:18
خوش اور لطف اندوز ہوں گے اُن (عطاؤں) سے جن سے اُن کے رب نے انہیں نوازا ہوگا، اور اُن کا رب انہیں دوزخ کے عذاب سے محفوظ رکھے گا
Verse 19 — Surah At-Tur 52:19
(اُن سے کہا جائے گا:) تم اُن (نیک) اعمال کے صلہ میں جو تم کرتے رہے تھے خوب مزے سے کھاؤ اور پیو
Verse 20 — Surah At-Tur 52:20
وہ صف در صف بچھے ہوئے تختوں پر تکیے لگائے (بیٹھے) ہوں گے، اور ہم گوری رنگت (اور) دلکش آنکھوں والی حوروں کو اُن کی زوجیت میں دے دیں گے
Verse 21 — Surah At-Tur 52:21
اور جو لوگ ایمان لائے اور اُن کی اولاد نے ایمان میں اُن کی پیروی کی، ہم اُن کی اولاد کو (بھی درجاتِ جنت میں) اُن کے ساتھ ملا دیں گے (خواہ اُن کے اپنے عمل اس درجہ کے نہ بھی ہوں یہ صرف اُن کے صالح آباء کے اکرام میں ہوگا) اور ہم اُن (صالح آباء) کے ثوابِ اعمال سے بھی کوئی کمی نہیں کریں گے، (علاوہ اِس کے) ہر شخص اپنے ہی عمل (کی جزا و سزا) میں گرفتار ہوگا
Verse 22 — Surah At-Tur 52:22
اور ہم انہیں پھل (میوے) اور گوشت، جو وہ چاہیں گے زیادہ سے زیادہ دیتے رہیں گے
Verse 23 — Surah At-Tur 52:23
وہاں یہ لوگ جھپٹ جھپٹ کر (شرابِ طہور کے) جام لیں گے، اس (شرابِ جنت) میں نہ کوئی بے ہودہ گوئی ہوگی اور نہ گناہ گاری ہوگی
Verse 24 — Surah At-Tur 52:24
اور نوجوان (خدمت گزار) اُن کے اِردگرد گھومتے ہوں گے، گویا وہ غلاف میں چھپائے ہوئے موتی ہیں
Verse 25 — Surah At-Tur 52:25
اور وہ ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہو کر باہم پرسشِ احوال کریں گے
Verse 26 — Surah At-Tur 52:26
وہ کہیں گے: بیشک ہم اس سے پہلے اپنے گھروں میں (عذابِ الٰہی سے) ڈرتے رہتے تھے
Verse 27 — Surah At-Tur 52:27
پس اللہ نے ہم پر احسان فرما دیا اور ہمیں نارِ جہنّم کے عذاب سے بچا لیا
Verse 28 — Surah At-Tur 52:28
بیشک ہم پہلے سے ہی اُسی کی عبادت کیا کرتے تھے، بیشک وہ احسان فرمانے والا بڑا رحم فرمانے والا ہے
Verse 29 — Surah At-Tur 52:29
سو (اے حبیبِ مکرّم!) آپ نصیحت فرماتے رہیں پس آپ اپنے رب کے فضل و کرم سے نہ تو کاہن (یعنی جنّات کے ذریعے خبریں دینے والے) ہیں اور نہ دیوانے
Verse 30 — Surah At-Tur 52:30
کیا (کفّار) کہتے ہیں: (یہ) شاعر ہیں؟ ہم اِن کے حق میں حوادثِ زمانہ کا انتظار کر رہے ہیں؟
Verse 31 — Surah At-Tur 52:31
فرما دیجئے: تم (بھی) منتظر رہو اور میں بھی تمہارے ساتھ (تمہاری ہلاکت کا) انتظار کرنے والوں میں ہوں
Verse 32 — Surah At-Tur 52:32
کیا اُن کی عقلیں انہیں یہ (بے عقلی کی باتیں) سُجھاتی ہیں یا وہ سرکش و باغی لوگ ہیں
Verse 33 — Surah At-Tur 52:33
یا وہ کہتے ہیں کہ اس (رسول) نے اس (قرآن) کو اَزخود گھڑ لیا ہے، (ایسا نہیں) بلکہ وہ (حق کو) مانتے ہی نہیں ہیں
Verse 34 — Surah At-Tur 52:34
پس انہیں چاہئے کہ اِس (قرآن) جیسا کوئی کلام لے آئیں اگر وہ سچے ہیں
Verse 35 — Surah At-Tur 52:35
کیا وہ کسی شے کے بغیر ہی پیدا کر دیئے گئے ہیں یا وہ خود ہی خالق ہیں
Verse 36 — Surah At-Tur 52:36
یا انہوں نے ہی آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے، (ایسا نہیں) بلکہ وہ (حق بات پر) یقین ہی نہیں رکھتے
Verse 37 — Surah At-Tur 52:37
یا اُن کے پاس آپ کے رب کے خزانے ہیں یا وہ اُن پر نگران (اور) داروغے ہیں
Verse 38 — Surah At-Tur 52:38
یا اُن کے پاس کوئی سیڑھی ہے (جس پر چڑھ کر) وہ اُس (آسمان) میں کان لگا کر باتیں سن لیتے ہیں؟ سو جو اُن میں سے سننے والا ہے اُسے چاہئے کہ روشن دلیل لائے
Verse 39 — Surah At-Tur 52:39
کیا اس (خدا) کے لئے بیٹیاں ہیں اور تمہارے لئے بیٹے ہیں
Verse 40 — Surah At-Tur 52:40
کیا آپ اُن سے کوئی اُجرت طلب فرماتے ہیں کہ وہ تاوان کے بوجھ سے دبے جا رہے ہیں
Verse 41 — Surah At-Tur 52:41
کیا اُن کے پاس غیب (کا علم) ہے کہ وہ لکھ لیتے ہیں
Verse 42 — Surah At-Tur 52:42
کیا وہ (آپ سے) کوئی چال چلنا چاہتے ہیں، تو جن لوگوں نے کفر کیا ہے وہ خود ہی اپنے دامِ فریب میں پھنسے جا رہے ہیں
Verse 43 — Surah At-Tur 52:43
کیا اللہ کے سوا اُن کا کوئی معبود ہے، اللہ ہر اُس چیز سے پاک ہے جسے وہ (اللہ کا) شریک ٹھہراتے ہیں
Verse 44 — Surah At-Tur 52:44
اور اگر وہ آسمان سے کوئی ٹکڑا (اپنے اوپر) گرتا ہوا دیکھ لیں تو (تب بھی یہ) کہیں گے کہ تہ بہ تہ (گہرا) بادل ہے
Verse 45 — Surah At-Tur 52:45
سو آپ اُن کو (اُن کے حال پر) چھوڑ دیجئے یہاں تک کہ وہ اپنے اس دن سے آملیں جس میں وہ ہلاک کر دیئے جائیں گے
Verse 46 — Surah At-Tur 52:46
جس دِن نہ اُن کا مکر و فریب ان کے کچھ کام آئے گا اور نہ ہی اُن کی مدد کی جائے گے
Verse 47 — Surah At-Tur 52:47
اور بیشک جو لوگ ظلم کر رہے ہیں اُن کے لئے اس عذاب کے علاوہ بھی عذاب ہے، لیکن اُن میں سے اکثر لوگ جانتے نہیں ہیں
Verse 48 — Surah At-Tur 52:48
اور (اے حبیبِ مکرّم! اِن کی باتوں سے غم زدہ نہ ہوں) آپ اپنے رب کے حکم کی خاطر صبر جاری رکھئے بیشک آپ (ہر وقت) ہماری آنکھوں کے سامنے (رہتے) ہیں٭ اور آپ اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح کیجئے جب بھی آپ کھڑے ہوںo٭ اگر ان ظالموں نے نگاہیں پھیر لی ہیں تو کیا ہوا، ہم تو آپ کی طرف سے نگاہیں ہٹاتے ہی نہیں ہیں اور ہم ہر وقت آپ کو ہی تکتے رہتے ہیں
Verse 49 — Surah At-Tur 52:49
اور رات کے اوقات میں بھی اس کی تسبیح کیجئے اور (پچھلی رات بھی) جب ستارے چھپتے ہیں