Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 71 - Nuh
Translation by Muhammad Tahir Ul Qadri — Permalink
Verse 1 — Surah Nuh 71:1
بے شک ہم نے نوح (علیہ السلام) کو ان کی قوم کی طرف بھیجا کہ آپ اپنی قوم کو ڈرائیں قبل اس کے کہ اُنہیں دردناک عذاب آپہنچے
Verse 2 — Surah Nuh 71:2
اُنہوں نے کہا: اے میری قوم! بے شک میں تمہیں واضح ڈر سنانے والا ہوں
Verse 3 — Surah Nuh 71:3
کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور اُس سے ڈرو اور میری اِطاعت کرو
Verse 4 — Surah Nuh 71:4
وہ تمہارے گناہ بخش دے گا اور تمہیں مقررہ مدت تک مہلت عطا کرے گا، بے شک اللہ کی (مقرر کردہ) مدت جب آجائے تو مہلت نہیں دی جاتی، کاش! تم جانتے ہوتے
Verse 5 — Surah Nuh 71:5
نوح (علیہ السلام) نے عرض کیا: اے میرے رب! بے شک میں اپنی قوم کو رات دن بلاتا رہا
Verse 6 — Surah Nuh 71:6
لیکن میری دعوت نے ان کے لئے سوائے بھاگنے کے کچھ زیادہ نہیں کیا
Verse 7 — Surah Nuh 71:7
اور میں نے جب (بھی) اُنہیں (ایمان کی طرف) بلایا تاکہ تو انہیں بخش دے تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں میں دے لیں اور اپنے اوپر اپنے کپڑے لپیٹ لئے اور (کفر پر) ہٹ دھرمی کی اور شدید تکبر کیا
Verse 8 — Surah Nuh 71:8
پھر میں نے انہیں بلند آواز سے دعوت دی
Verse 9 — Surah Nuh 71:9
پھر میں نے انہیں اِعلانیہ (بھی) سمجھایا اور انہیں پوشیدہ رازدارانہ طور پر (بھی) سمجھایا
Verse 10 — Surah Nuh 71:10
پھر میں نے کہا کہ تم اپنے رب سے بخشش طلب کرو، بے شک وہ بڑا بخشنے والا ہے
Verse 11 — Surah Nuh 71:11
وہ تم پر بڑی زوردار بارش بھیجے گا
Verse 12 — Surah Nuh 71:12
اور تمہاری مدد اَموال اور اولاد کے ذریعے فرمائے گا اور تمہارے لئے باغات اُگائے گا اور تمہارے لئے نہریں جاری کر دے گا
Verse 13 — Surah Nuh 71:13
تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ کی عظمت کا اِعتقاد اور معرفت نہیں رکھتے
Verse 14 — Surah Nuh 71:14
حالانکہ اس نے تمہیں طرح طرح کی حالتوں سے پیدا فرمایا
Verse 15 — Surah Nuh 71:15
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے کس طرح سات (یا متعدّد) آسمانی کرّے باہمی مطابقت کے ساتھ (طبق در طبق) پیدا فرمائے
Verse 16 — Surah Nuh 71:16
اور اس نے ان میں چاند کو روشن کیا اور اس نے سورج کو چراغ (یعنی روشنی اور حرارت کا منبع) بنایا
Verse 17 — Surah Nuh 71:17
اور اللہ نے تمہیں زمین سے سبزے کی مانند اُگایا٭o٭ اَرضی زندگی میں پودوں کی طرح حیاتِ اِنسانی کی اِبتداء اور نشو و نما بھی کیمیائی اور حیاتیاتی مراحل سے گزرتے ہوئے تدریجاً ہوئی، اِسی لئے اِسے اَنبَتَکُم مِّنَ الاَرضِ نَبَاتًا کے بلیغ اِستعارہ کے ذریعے بیان کیا گیا ہے
Verse 18 — Surah Nuh 71:18
پھر تم کو اسی (زمین) میں لوٹا دے گا اور (پھر) تم کو (اسی سے دوبارہ) باہر نکالے گا
Verse 19 — Surah Nuh 71:19
اور اللہ نے تمہارے لئے زمین کو فرش بنا دیا
Verse 20 — Surah Nuh 71:20
تاکہ تم اس کے کشادہ راستوں میں چلو پھرو
Verse 21 — Surah Nuh 71:21
نوح (علیہ السلام)نے عرض کیا: اے میرے رب! انہوں نے میری نافرمانی کی اور اُس (سرکش رؤساء کے طبقے) کی پیروی کرتے رہے جس کے مال و دولت اور اولاد نے انہیں سوائے نقصان کے اور کچھ نہیں بڑھایا
Verse 22 — Surah Nuh 71:22
اور (عوام کو گمراہی میں رکھنے کے لئے) وہ بڑی بڑی چالیں چلتے رہے
Verse 23 — Surah Nuh 71:23
اور کہتے رہے کہ تم اپنے معبودوں کو مت چھوڑنا اور وَدّ اور سُوَاع اور یَغُوث اور یَعُوق اور نَسر (نامی بتوں) کو (بھی) ہرگز نہ چھوڑنا
Verse 24 — Surah Nuh 71:24
اور واقعی انہوں نے بہت لوگوں کو گمراہ کیا، سو (اے میرے رب!) تو (بھی ان) ظالموں کو سوائے گمراہی کے (کسی اور چیز میں) نہ بڑھا
Verse 25 — Surah Nuh 71:25
(بالآخر) وہ اپنے گناہوں کے سبب غرق کر دئیے گئے، پھر آگ میں ڈال دئیے گئے، سو وہ اپنے لئے اللہ کے مقابل کسی کو مددگار نہ پا سکے
Verse 26 — Surah Nuh 71:26
اور نوح (علیہ السلام) نے عرض کیا: اے میرے رب! زمین پر کافروں میں سے کوئی بسنے والا باقی نہ چھوڑ
Verse 27 — Surah Nuh 71:27
بے شک اگر تو اُنہیں (زندہ) چھوڑے گا تو وہ تیرے بندوں کو گمراہ کرتے رہیں گے، اور وہ بدکار (اور) سخت کافر اولاد کے سوا کسی کو جنم نہیں دیں گے
Verse 28 — Surah Nuh 71:28
اے میرے رب! مجھے بخش دے اور میرے والدین کو اور ہر اس شخص کو جو مومن ہو کر میرے گھر میں داخل ہوا اور (جملہ) مومن مردوں کو اور مومن عورتوں کو، اور ظالموں کے لئے سوائے ہلاکت کے کچھ (بھی) زیادہ نہ فرما