Back to Languages

Urdu - Chapter 73 - Al-Muzzammil

Translation by Muhammad Tahir Ul Qadri — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Muzzammil 73:1

اے کملی کی جھرمٹ والے (حبیب)

Verse 2 — Surah Al-Muzzammil 73:2

آپ رات کو (نماز میں) قیام فرمایا کریں مگر تھوڑی دیر (کے لئے)

Verse 3 — Surah Al-Muzzammil 73:3

آدھی رات یا اِس سے تھوڑا کم کر دیں

Verse 4 — Surah Al-Muzzammil 73:4

یا اس پر کچھ زیادہ کر دیں اور قرآن خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کریں

Verse 5 — Surah Al-Muzzammil 73:5

ہم عنقریب آپ پر ایک بھاری فرمان نازل کریں گے

Verse 6 — Surah Al-Muzzammil 73:6

بے شک رات کا اُٹھنا (نفس کو) سخت پامال کرتا ہے اور (دِل و دِماغ کی یک سُوئی کے ساتھ) زبان سے سیدھی بات نکالتا ہے

Verse 7 — Surah Al-Muzzammil 73:7

بے شک آپ کے لئے دن میں بہت سی مصروفیات ہوتی ہیں

Verse 8 — Surah Al-Muzzammil 73:8

اور آپ اپنے رب کے نام کا ذِکر کرتے رہیں اور (اپنے قلب و باطن میں) ہر ایک سے ٹوٹ کر اُسی کے ہو رہیں

Verse 9 — Surah Al-Muzzammil 73:9

وہ مشرق و مغرب کا مالک ہے، اُس کے سوا کوئی معبود نہیں، سو اُسی کو (اپنا) کارساز بنا لیں

Verse 10 — Surah Al-Muzzammil 73:10

اور آپ ان (باتوں) پر صبر کریں جو کچھ وہ (کفار) کہتے ہیں، اور نہایت خوبصورتی کے ساتھ ان سے کنارہ کش ہو جائیں

Verse 11 — Surah Al-Muzzammil 73:11

اور آپ مجھے اور جھٹلانے والے سرمایہ داروں کو (اِنتقام لینے کے لئے) چھوڑ دیں اور انہیں تھوڑی سی مہلت دے دیں (تاکہ اُن کے اَعمالِ بد اپنی اِنتہاء کو پہنچ جائیں)

Verse 12 — Surah Al-Muzzammil 73:12

بیشک ہمارے پاس بھاری بیڑیاں اور (دوزخ کی) بھڑکتی ہوئی آگ ہے

Verse 13 — Surah Al-Muzzammil 73:13

اور حلق میں اٹک جانے والا کھانا اور نہایت دردناک عذاب ہے

Verse 14 — Surah Al-Muzzammil 73:14

جس دن زمین اورپہاڑ زور سے لرزنے لگیں گے اور پہاڑ بکھرتی ریت کے ٹیلے ہو جائیں گے

Verse 15 — Surah Al-Muzzammil 73:15

بے شک ہم نے تمہاری طرف ایک رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھیجا ہے جو تم پر (اَحوال کا مشاہدہ فرما کر) گواہی دینے والا ہے، جیسا کہ ہم نے فرعون کی طرف ایک رسول کو بھیجا تھا

Verse 16 — Surah Al-Muzzammil 73:16

پس فرعون نے اس رسول (علیہ السلام) کی نافرمانی کی، سو ہم نے اس کو ہلاکت انگیز گرفت میں پکڑ لیا

Verse 17 — Surah Al-Muzzammil 73:17

اگر تم کفر کرتے رہو تو اُس دن (کے عذاب) سے کیسے بچو گے جو بچوں کو بوڑھا کردے گا

Verse 18 — Surah Al-Muzzammil 73:18

(جس دن کی) شدت کے باعث آسمان پھٹ جائے گا، اُس کا وعدہ پورا ہو کر رہے گا

Verse 19 — Surah Al-Muzzammil 73:19

بے شک یہ (قرآن) نصیحت ہے، پس جو شخص چاہے اپنے رب تک پہنچنے کا راستہ اِختیار کر لے

Verse 20 — Surah Al-Muzzammil 73:20

بے شک آپ کا رب جانتا ہے کہ آپ (کبھی) دو تہائی شب کے قریب اور (کبھی) نصف شب اور (کبھی) ایک تہائی شب (نماز میں) قیام کرتے ہیں، اور اُن لوگوں کی ایک جماعت (بھی) جو آپ کے ساتھ ہیں (قیام میں شریک ہوتی ہے)، اور اللہ ہی رات اور دن (کے گھٹنے اور بڑھنے) کا صحیح اندازہ رکھتا ہے، وہ جانتا ہے کہ تم ہرگز اُس کے اِحاطہ کی طاقت نہیں رکھتے، سو اُس نے تم پر (مشقت میں تخفیف کر کے) معافی دے دی، پس جتنا آسانی سے ہو سکے قرآن پڑھ لیا کرو، وہ جانتا ہے کہ تم میں سے (بعض لوگ) بیمار ہوں گے اور (بعض) دوسرے لوگ زمین میں سفر کریں گے تاکہ اللہ کا فضل تلاش کریں اور (بعض) دیگر اللہ کی راہ میں جنگ کریں گے، سو جتنا آسانی سے ہو سکے اُتنا (ہی) پڑھ لیا کرو، اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دیتے رہو اور اللہ کو قرضِ حسن دیا کرو، اور جو بھلائی تم اپنے لئے آگے بھیجو گے اُسے اللہ کے حضور بہتر اور اَجر میں بزرگ تر پا لوگے، اور اللہ سے بخشش طلب کرتے رہو، اللہ بہت بخشنے والا بے حد رحم فرمانے والا ہے