Back to Languages

Urdu - Chapter 40 - Ghafir

Translation by Muhammad Taqi Usmani — Permalink

Verse 1 — Surah Ghafir 40:1

Verse 2 — Surah Ghafir 40:2

یہ کتاب اللہ کی طرف سے اتاری جا رہی ہے جو بڑا صاحب اقدار، بڑے علم کا مالک ہے

Verse 3 — Surah Ghafir 40:3

جو گناہ کو معاف کرنے والا، توبہ قبول کرنے والا، سخت سزا دینے والا، بڑی طاقت کا مالک ہے۔ اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اسی کی طرف سب کو لوٹ کر جانا ہے۔

Verse 4 — Surah Ghafir 40:4

اللہ کی آیتوں میں جھگڑے وہی لوگ پیدا کرتے ہیں جنہوں نے کفر اپنا لیا ہے لہذا ان لوگوں کا شہروں میں دندناتے پھرنا تمہیں دھوکے میں نہ ڈالے

Verse 5 — Surah Ghafir 40:5

ان سے پہلے نوح کی قوم اور ان کے بعد بہت سے گروہوں نے بھی (پیغمبروں کو) جھٹلایا تھا اور ہر قوم نے اپنے پیغمبر کے بارے میں یہ ارادہ کیا تھا کہ انہیں گرفتار کرلے، اور انہوں نے باطل کا سہارا لے کر جھگڑے کیے تھے تاکہ اس کے ذریعے حق کو مٹا دیں۔ نتیجہ یہ ہوا کہ میں نے ان کو پکڑ میں لے لیا۔ اب (دیکھ لو کہ) میری سزا کسی (سخت) تھی۔

Verse 6 — Surah Ghafir 40:6

اور اسی طرح جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے، ان کے بارے میں تمہارے پروردگار کی یہ بات بھی پکی ہوچکی ہے کہ وہ دوزخی لوگ ہیں۔

Verse 7 — Surah Ghafir 40:7

وہ (فرشتے) جو عرش کو اٹھائے ہوئے ہیں، اور جو اس کے گرد موجود ہیں، وہ سب اپنے پروردگار کی حمد کے ساتھ اس کی تسبیح کرتے رہتے ہیں، اور اس پر ایمان رکھتے ہیں، اور جو لوگ ایمان لے آئیں ہیں ان کے لیے مغفرت کی دعا کرتے ہیں (کہ): اے ہمارے پروردگار ! تیری رحمت اور علم ہر چیز پر حاوی ہے، اس لیے جن لوگوں نے توبہ کرلی ہے اور تیرے راستے پر چل پڑے ہیں، ان کی بخشش فرما دے اور انہیں دوزخ کے عذاب سے بچا لے۔

Verse 8 — Surah Ghafir 40:8

اور اے پروردگار ! انہیں ہمیشہ رہنے والی جنتوں میں داخل فرما۔ جس کا تو نے ان سے وعدہ کیا ہے۔ نیز ان کے ماں باپ اور بیوی بچوں میں سے جو نیک ہوں، انہیں بھی، یقیناً تیری اور صرف تیری ذات وہ ہے جس کا اقتدار بھی کامل ہے، جس کی حکمت بھی کامل

Verse 9 — Surah Ghafir 40:9

اور ان کو ہر طرح کی برائیوں سے محفوظ رکھ اور اس دن جسے تو نے برائیوں سے محفوظ کرلیا اس پر تو نے بڑا رحم فرمایا۔ اور یہی زبردست کامیابی ہے۔

Verse 10 — Surah Ghafir 40:10

جن لوگوں نے کفر اختیار کیا ہے، ان سے پکار کر کہا جائے گا کہ : (آج) تمہیں جتنی بیزار اپنے آپ سے ہو رہی ہے اس سے زیادہ بیزاری اللہ کو اس وقت ہوتی تھی جب تمہیں ایمان دعوت دی جاتی تھی اور تم انکار کرتے تھے۔

Verse 11 — Surah Ghafir 40:11

وہ کہیں گے کہ اے ہمارے پروردگار ! تو نے ہمیں دو مرتبہ موت اور دو مرتبہ زندگی دی، اب ہم اپنے گناہوں کا اعتراف کرتے ہیں، تو کیا (ہمارے دوزخ سے) نکلنے کا کوئی راستہ ہے ؟

Verse 12 — Surah Ghafir 40:12

(جواب دیا جائے گا کہ :) تمہاری یہ حالت اس لیے ہے کہ اللہ کو تنہا پکارا جاتا تھا تو تم انکار کرتے تھے، اور اگر اس کے ساتھ کسی اور کو شریک ٹھہرایا جاتا تھا تو تم مان لیتے تھے۔ اب تو فیصلہ اللہ ہی کا ہے جس کی شان بہت اونچی، جس کی ذات بہت بڑی ہے۔

Verse 13 — Surah Ghafir 40:13

وہی ہے جو تمہیں اپنی نشانیاں دکھاتا اور تمہارے لیے آسمان سے رزق اتارتا ہے۔ اور نصیحت تو وہی مانا کرتا ہے جو (ہدایت کے لیے دل سے رجوع ہو۔)

Verse 14 — Surah Ghafir 40:14

لہذا (اے لوگو !) اللہ کو اس طرح پکارو کہ تمہاری تابعداری خالص اسی کے لیے ہو چاہے کافروں کو کتنا برا لگے

Verse 15 — Surah Ghafir 40:15

وہ اونچے درجوں والا، عرش کا مالک ہے۔ وہ اپنے بندوں سے جس پر چاہتا ہے اپنے حکم سے روح (یعنی وحی) نازل کردیتا ہے تاکہ ملاقات کے اس دن سے (لوگوں کو) خبردار کرے

Verse 16 — Surah Ghafir 40:16

جس دن وہ سب کھل کر سامنے آجائیں گے، اللہ سے ان کی کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہوگی۔ (کہا جائے گا :) کس کی بادشاہی ہے آج ؟ (جواب ایک ہی ہوگا کہ :) صرف اللہ کی جو واحد وقہار ہے

Verse 17 — Surah Ghafir 40:17

آج کے دن ہر شخص کو اس کے کیے کا بدلہ دیا جائے گا آج کوئی ظلم نہیں ہو گا۔ یقینا اللہ بہت جلد حساب لینے والا ہے۔

Verse 18 — Surah Ghafir 40:18

(اے پیغمبر !) ان لوگوں کو ایک ایسی مصیبت کے دن سے ڈراؤ جو قریب آنے والی ہے، جب لوگوں کے کلیجے گھٹ گھٹ کر منہ کو آجائیں گے، ظالموں کا نہ کوئی دوست ہوگا اور نہ کوئی ایسا سفارشی جس کی بات مانی جائے

Verse 19 — Surah Ghafir 40:19

اللہ آنکھوں کی چوری کو بھی جانتا ہے، اور ان باتوں کو بھی جن کو سینوں نے چھپا رکھا ہے

Verse 20 — Surah Ghafir 40:20

اور اللہ برحق فیصلے کرتا ہے اور اسے چھوڑ کر جن (جھوٹے خداؤں) کو یہ پکارتے ہیں، وہ کسی چیز کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ یقیناً اللہ ہی ہے جو ہر بات سنتا، سب کچھ دیکھتا ہے

Verse 21 — Surah Ghafir 40:21

اور کیا ان لوگوں نے زمین میں چل پھر کر یہ نہیں دیکھا کہ جو لوگ ان سے پہلے تھے، ان کا کیسا انجام ہوچکا ہے۔ وہ طاقت میں بھی ان سے زیادہ مضبوط تھے، اور زمین میں چھوڑی ہوئی یادگاروں کے اعتبار سے بھی۔ پھر اللہ نے ان کے گناہوں کی وجہ سے انہیں پکڑ میں لے لیا۔ اور کوئی نہیں تھا جو انہیں اللہ سے بچائے۔

Verse 22 — Surah Ghafir 40:22

یہ سب کچھ اس لیے ہوا کہ ان کے پاس ان کے پیغمبر کھلی کھلی دلیلیں لے کر آتے تھے تو یہ انکار کرتے تھے، اس لیے اللہ نے انہیں پکڑ میں لیا۔ یقینا وہ بڑی قوت والا سزا دینے میں بڑا سخت ہے

Verse 23 — Surah Ghafir 40:23

اور ہم نے موسیٰ کو اپنی نشانیوں اور بڑی واضح دلیل دے کر بھیجا تھا

Verse 24 — Surah Ghafir 40:24

فرعون، ہامان اور قارون کے پاس، تو انہوں نے کہا کہ یہ جھوٹا جادوگر ہے

Verse 25 — Surah Ghafir 40:25

پھر جب وہ لوگوں کے پاس وہ حق بات لے کر گئے جو ہماری طرف سے آئی تھی تو انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان کے ساتھ ایمان لے آئے ہیں ان کے بیٹوں کو قتل کر ڈالو اور ان کی عورتوں کو زندہ رکھو۔ حالانکہ کافروں کی چال کا اناجم اس کے سوا کچھ نہیں وہ مقصد تک نہ پہنچ سکیں

Verse 26 — Surah Ghafir 40:26

اور فرعون نے کہا : لاؤ میں موسیٰ کو قتل ہی کر ڈالوں، اور اسے چاہیے کہ اپنے رب کو پکار لے۔ مجھے ڈر ہے کہ یہ تمہارا دین بدل ڈالے گا، یا زمین میں فساد برپا کردے گا۔

Verse 27 — Surah Ghafir 40:27

اور موسیٰ نے کہا : میں نے تو ہر اس متکبر سے جو یوم حساب پر ایمان نہیں رکھتا، اس کی پناہ لے لی ہے جو میرا بھی پروردگار ہے اور تمہارا بھی پروردگار۔

Verse 28 — Surah Ghafir 40:28

اور فرعون کے خاندان میں سے ایک مومن شخص جو ابھی تک اپنا ایمان چھپائے ہوئے تھا بول اٹھا کہ کیا تم ایک شخص کو صرف اس لیے قتل کر رہے ہو کہ وہ کہتا ہے میرا پروردگار اللہ ہے ؟ حالانکہ وہ تمہارے پاس تمہارے پروردگار کی طرف سے روشن دلیلیں لے کر آیا ہے۔ اور اگر وہ جھوٹا ہی ہو تو اس کا جھوٹ اسی پر پڑے گا اور اگر سچا ہو تو جس چیز سے وہ تمہیں ڈرا رہا ہے اس میں کچھ تو تم پر آ ہی پڑے گی اللہ کسی ایسے شخص کو ہدایت نہیں دیتا جو حد سے گذر جانے والا (اور) جھوٹ بولنے کا عادی ہو۔

Verse 29 — Surah Ghafir 40:29

اے میری قوم ! آج تو تمہیں ایسی سلطنت حاصل ہے کہ زمین میں تمہارا راج ہے، لیکن اگر اللہ کا عذاب ہم پر آگیا تو کون ہے جو اس کے مقابلے میں ہماری مدد کرے ؟۔ فرعون نے کہا میں تو تمہیں وہی رائے دوں گا جسے میں درست سمجھتا ہوں، اور میں تمہاری جو رہنمائی کر رہا ہوں وہ بالکل ٹھیک راستے کی طرف کر رہا ہوں

Verse 30 — Surah Ghafir 40:30

اور جو شخص ایمان لے آیا تھا اس نے کہا : اے میری قوم ! مجھے ڈر ہے کہ تم پر ویسا ہی دن نہ آجائے جیسا بہت سے گروہوں پر آچکا ہے۔

Verse 31 — Surah Ghafir 40:31

(اور تمہارا حال بھی ویسا نہ ہو) جیسا حال نوح (علیہ السلام) کی قوم کا، اور عاد وثمود کا اور ان کے بعد کے لوگوں کا ہوا تھا۔ اور اللہ بندوں پر ظلم کرنا نہیں چاہتا۔

Verse 32 — Surah Ghafir 40:32

اور اے میری قوم ! مجھے تم پر اس دن کا خوف ہے جس میں چیخ پکار مچی ہوگی۔

Verse 33 — Surah Ghafir 40:33

جس دم تم پیٹھ پھیر کر اس طرح بھاگو گے کہ کوئی بھی تمہیں اللہ سے بچانے والا نہیں ہوگا اور جسے اللہ بھٹکا دے اسے کوئی راستہ دکھانے والا میسر نہیں آتا۔

Verse 34 — Surah Ghafir 40:34

اور حقیقت یہ ہے کہ اس سے پہلے یوسف (علیہ السلام) تمہارے پاس روشن دلیلیں لے کر آئے تھے تب بھی تم ان کی لائی ہوئی باتوں کے متعلق شک میں پڑے رہے۔ پھر جب وہ وفات پا گئے تو تم نے کہا کہ ان کے بعد اللہ اب کوئی پیغمبر نہیں بھیجے گا ۔ اسی طرح اللہ ان تمام لوگوں کو گمراہی میں ڈالے رکھتا ہے جو حد سے گذرے ہوئے، شکی ہوتے ہیں۔

Verse 35 — Surah Ghafir 40:35

جو اپنے پاس کسی واضح دلیل کے آئے بغیر اللہ کی آیتوں میں جھگڑے نکالا کرتے ہیں۔ یہ بات اللہ کے نزدیک بھی قابل نفرت ہے اور ان لوگوں کے نزدیک بھی جو ایمان لے آئے ہیں۔ اسی طرح اللہ ہر متکبر جابر شخص کے دل پر مہر لگا دیتا ہے۔

Verse 36 — Surah Ghafir 40:36

اور فرعون نے (اپنے وزیر سے) کہا کہ اے ہامان ! میرے لیے ایک اونچی عمارت بنادو تاکہ میں ان راستوں تک پہنچوں

Verse 37 — Surah Ghafir 40:37

جو آسمانوں کے راستے ہیں پھر میں موسیٰ کے خدا کو جھانک کر دیکھوں اور یقین رکھو کہ میں تو اسے جھوٹا ہی سمجھتا ہوں۔ اسی طرح فرعون کی بد کرداری اس کی نظر میں خوشنما بنادی گئی تھی اور اسے راستے سے روک دیا گیا تھا۔ اور فرعون کی کوئی چال ایسی نہیں تھی جو بربادی میں گئی ہو

Verse 38 — Surah Ghafir 40:38

اور جو شخص ایمان لے آیا تھا اس نے کہا اے میری قوم میری بات مانو، میں تمہیں ہدایت کے راستے پر لے جاؤں گا۔

Verse 39 — Surah Ghafir 40:39

اے میری قوم ! یہ دنیوی زندگی تو بس تھوڑا سا مزہ ہے۔ اور یقین جانو کہ آخرت ہی رہنے بسنے کا اصل گھر ہے

Verse 40 — Surah Ghafir 40:40

اور جس شخص نے کوئی برائی کی ہوگی، اسے اسی کے برابر بدلہ دیا جائے گا، اور جس نے نیک کام کیا ہوگا، چاہے وہ مرد ہو یا عورت جبکہ وہ مومن ہو تو ایسے لوگ جنت میں داخل ہوں گے وہاں انہیں بےحساب رزق دیا جائے گا۔

Verse 41 — Surah Ghafir 40:41

اور اے میری قوم ! یہ کیا بات ہے کہ میں تمہیں نجات کی طرف دعوت دے رہا ہوں۔ اور تم مجھے آگ کی طرف بلا رہے ہو۔

Verse 42 — Surah Ghafir 40:42

تم مجھے یہ دعوت دے رہے ہو کہ اللہ کا انکار کروں، اور اس کے ساتھ ایسی چیزوں کو شریک مانوں جن کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں ہے۔ اور میں تمہیں اس ذات کی طرف بلا رہا ہوں جو بڑی صاحب اقتدار، بہت بخشنے والی ہے۔

Verse 43 — Surah Ghafir 40:43

سچ تو یہ ہے کہ جن چیزوں کی طرف تم مجھے بلا رہے ہو، وہ دعوت کے اہل نہیں ہیں، نہ دنیا میں، نہ آخرت میں اور حقیت یہ ہے کہ ہم سب کو اللہ کی طرف پلٹ کر جانا ہے اور یہ کہ جو لوگ حد سے گذرنے والے ہیں وہ آگ کے باسی ہیں۔

Verse 44 — Surah Ghafir 40:44

غرض تم عنقریب میری یہ باتیں یاد کرو گے جو میں تم سے کہہ رہا ہوں، اور میں اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں۔ یقینا اللہ سارے بندوں کو خوب دیکھنے والا ہے

Verse 45 — Surah Ghafir 40:45

نتیجہ یہ ہوا کہ ان لوگوں نے جو برے برے منصوبے بنا رکھے تھے، اللہ نے اس (مرد مومن) کو ان سب سے محفوظ رکھا اور فرعون کے لوگوں کو بد ترین عذاب نے آگھیرا۔

Verse 46 — Surah Ghafir 40:46

آگ ہے جس کے سامنے انہیں صبح و شام پیش کیا جاتا ہے اور جس دن قیامت آجائے گی (اس دن حکم ہوگا کہ) فرعون کے لوگوں کو سخت ترین عذاب میں داخل کردو۔

Verse 47 — Surah Ghafir 40:47

اور اس وقت (کا دھیان رکھو) جب یہ لوگ دوزخ میں ایک دوسرے سے جھگڑ رہے ہوں گے، چنانچہ جو (دنیا میں) کمزور تھے وہ ان لوگوں سے کہیں گے جو بڑے بنے ہوئے تھے کہ ہم تو تمہارے پیچھے چلنے والے لوگ تھے تو کیا تم آگ کا کچھ حصہ ہمارے بدلے خود لے لو گے۔

Verse 48 — Surah Ghafir 40:48

وہ جو بڑے بنے ہوئے تھے کہیں گے کہ ہم سب ہی اس دوزخ میں ہیں اللہ تمام بندوں کے درمیان فیصلہ کرچکا ہے

Verse 49 — Surah Ghafir 40:49

اور یہ سب جو آگ میں پڑے ہوں گے، دوزخ کے نگرانوں سے کہیں گے کہ : اپنے پروردگار سے دعا کرو کہ وہ کسی دن ہم سے عذاب کو ہلکا کردے

Verse 50 — Surah Ghafir 40:50

وہ کہیں گے کہ کیا تمہارے پاس تمہارے پیغمبر کھلی کھلی نشانیاں لے کر آتے نہیں رہے تھے ؟۔ دوزخی جواب دیں گے۔ کہ بیشک (آتے تو رہے تھے) وہ کہیں گے۔ پھر تو تم ہی دعا کرو، اور کافروں کی دعا کا کوئی انجام اکارت جانے کے سوا نہیں ہے۔

Verse 51 — Surah Ghafir 40:51

یقین رکھو کہ ہم اپنے پیغمبروں اور ایمان لانے والوں کی دنیوی زندگی میں بھی مدد کرتے ہی، اور اس دن بھی کریں گے جب گواہی دینے والے کھڑے ہوں گے

Verse 52 — Surah Ghafir 40:52

جس دن ظالموں کو ان کی معذرت کچھ بھی فائدہ نہیں دے گی، اور ان کے حصے میں پھٹکار ہوگی، اور ان کے لیے رہئش کی بدترین جگہ

Verse 53 — Surah Ghafir 40:53

اور ہم نے موسیٰ کو ہدایت عطا کی، اور بنی اسرائیل کو اس کتاب کا وارث بنادیا

Verse 54 — Surah Ghafir 40:54

جو عقل والوں کے لیے سراپا ہدایت اور نصیحت تھی

Verse 55 — Surah Ghafir 40:55

لہذا (اے پیغمبر !) صبر سے کام لو، یقین رکھو کہ اللہ کا وعدہ سچا ہے، اور اپنے قصور پر استغفار کرتے رہو۔ اور صبح و شام اپنے پروردگار کی حمد کے ساتھ تسبیح کرتے رہو۔

Verse 56 — Surah Ghafir 40:56

یقین جانو کہ جو لوگ اللہ کی آیتوں کے بارے میں جھگڑے نکالتے ہیں، جبکہ ان کے پاس (اپنے دعوے کی) کوئی سند نہیں آئی، ان کے سینوں میں اور کچھ نہیں، بلکہ اس بڑائی کا ایک گھمنڈ ہے جس تک وہ کبھی پہنچنے والے نہیں ہیں۔ لہذا تم اللہ کی پناہ مانگو۔ یقینا وہی ہے جو ہر بات سننے والا، سب کچھ دیکھنے والا ہے

Verse 57 — Surah Ghafir 40:57

یقینی بات ہے کہ آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنا انسانوں کے پیدا کرنے سے زیادہ بڑا کام ہے، لیکن اکثر لوگ (اتنی سی بات) نہیں سمجھتے

Verse 58 — Surah Ghafir 40:58

اور اندھا اور بینائی رکھنے والا دونوں برابر نہیں ہوتے، اور نہ وہ لوگ جو ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیے، وہ اور بدکار برابر ہیں، (لیکن) تم لوگ بہت کم دھیان دیتے ہو

Verse 59 — Surah Ghafir 40:59

یقین رکھو کہ قیامت کی گھڑی ضرور آنے والی ہے، جس میں کسی شک کی گنجائش نہیں ہے، لیکن اکثر لوگ ایمان نہیں لاتے۔

Verse 60 — Surah Ghafir 40:60

اور تمہارے پروردگار نے کہا ہے کہ مجھے پکارو، میں تمہاری دعائیں قبول کروں گا بیشک جو لوگ تکبر کی بنا پر میری عبادت سے منہ موڑتے ہیں، وہ ذلیل ہو کر جہنم میں داخل ہوں گے۔

Verse 61 — Surah Ghafir 40:61

اللہ ہی تو ہے جس نے تمہارے لیے رات بنائی تاکہ تم اس میں سکون حاصل کرو، اور دن کو دیکھنے والا بنایا۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ لوگوں پر فضل فرمانے والا ہے، لیکن اکثر لوگ شکر ادا نہیں کرتے۔

Verse 62 — Surah Ghafir 40:62

وہ ہے اللہ جو تمہارا پروردگار ہے، ہر چیز کا پیدا کرنے والا، اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ پھر کہاں سے کوئی چیز تمہیں اوندھا چلا دیتی ہے

Verse 63 — Surah Ghafir 40:63

اسی طرح وہ لوگ بھی اوندھے چلے تھے جو (پہلے) اللہ کی آیتوں کا انکار کیا کرتے تھے

Verse 64 — Surah Ghafir 40:64

اللہ ہی تو ہے جس نے تمہارے لیے زمین کو قرار کی جگہ بنایا، اور آسمان کو ایک گنبد، اور تمہاری صورت گری کی، اور تمہاری صورتوں کو اچھا بنایا، اور پاکیزہ چیزوں میں سے تمہیں رزق عطا کیا۔ وہ ہے اللہ جو تمہارا پروردگار ہے۔ غرض بڑی برکت والا ہے اللہ، سارے جہانوں کا پروردگار

Verse 65 — Surah Ghafir 40:65

وہی سدا زندہ ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اس لیے اس کو اس طرح پکارو کہ تمہاری تابع داری خالص اسی کے لیے ہو۔ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے۔

Verse 66 — Surah Ghafir 40:66

(اے پیغمبر ! کافروں سے) کہہ دو کہ : مجھے اس بات سے منع کردیا گیا ہے کہ جب میرے پاس میرے رب کی طرف سے کھلی کھلی نشانیاں آچکی ہیں، تو پھر بھی میں ان کی عبادت کروں جنہیں تم اللہ کے بجائے پکارتے ہو۔ اور مجھے یہ حکم دیا گیا ہے کہ میں تمام جہانوں کے پروردگار کے آگے سر جھکا دوں

Verse 67 — Surah Ghafir 40:67

وہی ہے جس نے تمہیں مٹی سے پیدا کیا، پھر نطفے سے، پھر جمے ہوئے خون سے۔ پھر وہ تمہیں بچے کی شکل میں باہر لاتا ہے، پھر (وہ تمہاری پرورش کرتا ہے) تاکہ تم اپنی بھر پور طاقت کو پہنچ جاؤ اور پھر بوڑھے ہوجاؤ اور تم میں سے کچھ وہ بھی ہیں جو اس سے پہلے ہی وفات پا جاتے ہیں اور تاکہ تم ایک مقرر میعاد تک پہنچو اور تاکہ تم عقل سے کام لو

Verse 68 — Surah Ghafir 40:68

وہی ہے جو زندگی دیتا اور موت دیتا ہے اور جب وہ کسی کام کا فیصلہ کرلیتا ہے تو اس سے صرف اتنا کہتا ہے کہ ہوجا، بس وہ ہوجاتا ہے

Verse 69 — Surah Ghafir 40:69

کیا تم نے ان لوگوں کو دیکھا جو اللہ کی آیتوں میں جھگڑے نکالتے ہیں ؟ کوئی کہاں سے ان کا رخ پھیر دیتا ہے ؟

Verse 70 — Surah Ghafir 40:70

یہ لوگ وہ ہیں جنہوں نے اس کتاب کو بھی جھٹلایا ہے، اور اس (تعلیم) کو بھی جس کا حامل بنا کر ہم نے اپنے پیغمبر بھیجے تھے۔ چنانچہ انہیں عنقریب پتہ لگ جائے گا

Verse 71 — Surah Ghafir 40:71

جب ان کے گلوں میں طوق اور زنجیریں ہوں گی، انہیں گھسیٹا جائے گا،

Verse 72 — Surah Ghafir 40:72

گرم پانی میں، پھر آگ میں جھونک دیا جائے گا۔

Verse 73 — Surah Ghafir 40:73

پھر ان سے کہا جائے گا : کہاں ہیں وہ (تمہارے معبود) جنہیں تم خدائی میں اس کا شریک مانا کرتے تھے ؟

Verse 74 — Surah Ghafir 40:74

اللہ کے سوا۔ یہ کہیں گے وہ سب تو ہم سے کھوئے گئے بلکہ ہم پہلے کسی چیز کو نہی پکارا کرتے تھے اس طرح اللہ کافروں کو بد حواس کردیتا ہے۔

Verse 75 — Surah Ghafir 40:75

ان سے یہ پہلے ہی کہہ دیا گیا ہوگا کہ : یہ سب کچھ اس لیے ہوا کہ تم زمین میں ناحق بات پر اترایا کرتے تھے اور اس لیے کہ تم زمین میں اکڑ دکھاتے تھے۔

Verse 76 — Surah Ghafir 40:76

جاؤ، جہنم کے دروازوں میں ہمیشہ رہنے کے لیے داخل ہوجاؤ، کیونکہ تکبر کرنے والوں کا ٹھکانا بہت ہی برا ہے

Verse 77 — Surah Ghafir 40:77

لہذا (اے پیغمبر !) تم صبر سے کام لو۔ یقین رکھو کہ اللہ کا وعدہ سچا ہے۔ اب ہم ان (کافروں کو) جس (عذاب) سے ڈرا رہے ہیں، چاہے اس کا کچھ حصہ ہم تمہیں بھی (تمہاری زندگی میں) دکھلا دیں، یا تمہیں دنیا سے اٹھالیں، بہر صورت ان کو ہمارے پاس ہی واپس لایا جائے گا۔

Verse 78 — Surah Ghafir 40:78

اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے تم سے پہلے بھی بہت سے پیغمبر بھیجے ہیں۔ ان میں سے کچھ وہ ہیں جن کے واقعات ہم نے تمہیں بتا دئیے ہیں اور کچھ وہ ہیں جن کے واقعات ہم نے تمہیں نہیں بتائے اور کسی پیغمبر کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ اللہ کی اجازت کے بغیر کوئی معجزہ لے آئے پھر جب اللہ کا حکم آئے گا تو سچائی کا فیصلہ ہوجائے گا، اور جو لوگ باطل کی پیروی کر رہے ہیں، وہ اس موقع پر سخت نقصان اٹھائیں گے

Verse 79 — Surah Ghafir 40:79

اللہ وہ ہے جس نے تمہارے لیے مویشی پیدا کیے تاکہ ان میں سے کچھ پر تم سواری کرو اور انہی میں سے وہ بھی ہیں جنہیں تم کھاتے ہو

Verse 80 — Surah Ghafir 40:80

اور تمہارے لیے ان میں بہت سے فائدے ہیں۔ اور ان کا مقصد یہ بھی ہے کہ تمہارے دلوں میں (کہیں جانے کی) جو حاجت ہو اس تک پہنچ سکو۔ اور تمہیں ان جانوروں پر اور کشتیوں پر اٹھا کرلے جایا جاتا ہے

Verse 81 — Surah Ghafir 40:81

اور اللہ تمہیں اپنی نشانیاں دکھا رہا ہے پھر تم اللہ کی کن کن نشانیوں کا انکار کرو گے

Verse 82 — Surah Ghafir 40:82

بھلا کیا انہوں نے زمین میں چل پھر کر نہیں دیکھا کہ ان سے پہلے جو لوگ تھے، ان کا انجام کیسا ہوا وہ ان سے تعداد میں زیادہ تھے، اور طاقت میں بھی ان سے بڑھے ہوئے تھے، اور ان یادگاروں میں بھی جو وہ زمین میں چھوڑ کر گئے ہیں۔ پھر بھی جو کچھ وہ کماتے تھے، وہ ان کے کچھ کام نہیں آیا

Verse 83 — Surah Ghafir 40:83

چنانچہ جب ان کے پیغمبر ان کے پاس کھلی کھلی دلیلیں لے کر آئے تب بھی وہ اپنے اس علم پر ہی ناز کرتے رہے جو ان کے پاس تھا، اور جس چیز کا وہ مذاق اڑایا کرتے تھے، اسی نے ان کو آگھیرا۔

Verse 84 — Surah Ghafir 40:84

پھر جب انہوں نے ہمارا عذاب آنکھوں سے دیکھ لیا تو اس وقت کہا کہ : ہم خدائے واحد پر ایمان لے آئے، اور ان سب کا ہم نے انکار کردیا جن کو ہم اللہ کے ساتھ شریک ٹھہرایا کرتے تھے۔

Verse 85 — Surah Ghafir 40:85

لیکن جب ہمارا عذاب انہوں نے دیکھ لیا تھا تو اس کے بعد ان کا ایمان لانا انہیں فائدہ نہیں پہنچا سکتا تھا، خبر دار رہو کہ اللہ تعالیٰ کا یہی معمول ہے جو اس کے بندوں میں پہلے سے چلا آتا ہے۔ اور اس موقع پر کافروں نے سخت نقصان اٹھایا