Back to LanguagesPrevious ChapterNext Chapter
Urdu - Chapter 78 - An-Naba
Translation by Muhammad Taqi Usmani — Permalink
Verse 1 — Surah An-Naba 78:1
یہ (کافر) لوگ کس چیز کے بارے میں سوالات کر رہے ہیں ؟
Verse 2 — Surah An-Naba 78:2
اس زبردست واقعے کے بارے میں
Verse 3 — Surah An-Naba 78:3
جس میں خود ان کی باتیں مختلف ہیں۔
Verse 4 — Surah An-Naba 78:4
خبردار ! انہیں بہت جلد پتہ لگ جائے گا۔
Verse 5 — Surah An-Naba 78:5
دوبارہ خبردار ! انہیں بہت جل پتہ لگ جائے گا۔
Verse 6 — Surah An-Naba 78:6
کیا ہم نے زمین کو ایک بچھونا نہیں بنایا ؟
Verse 7 — Surah An-Naba 78:7
اور پہاڑوں کو (زمین میں گڑی ہوئی) میخیں ؟
Verse 8 — Surah An-Naba 78:8
اور تمہیں (مرد و عورت کے) جوڑوں کی شکل میں ہم نے پید ا کیا۔
Verse 9 — Surah An-Naba 78:9
اور تمہاری نیند کو تھکن دور کرنے کا ذریعہ ہم نے بنایا۔
Verse 10 — Surah An-Naba 78:10
اور رات کو پردے کا سبب ہم نے بنایا۔
Verse 11 — Surah An-Naba 78:11
اور دن کو روزی حاصل کرنے کا وقت ہم نے قرار دیا۔
Verse 12 — Surah An-Naba 78:12
اور ہم نے ہی تمہارے اوپر سات مضبوط وجود (آسمان) تعمیر کیے۔
Verse 13 — Surah An-Naba 78:13
اور ہم نے ہی ایک دہکتا ہوا چراغ (سورج) پیدا کیا۔
Verse 14 — Surah An-Naba 78:14
اور ہم نے ہی بھرے ہوئے بادلوں سے موسلا دھار پانی برسایا۔
Verse 15 — Surah An-Naba 78:15
تاکہ اس سے غلہ اور دوسری سبزیاں بھی اگائیں۔
Verse 16 — Surah An-Naba 78:16
اور گھنے باغات بھی۔
Verse 17 — Surah An-Naba 78:17
یقین جانو فیصلے کا دن ایک متعین وقت ہے۔
Verse 18 — Surah An-Naba 78:18
وہ دن جب صور پھونکا جائے گا تو تم سب فوج در فوج چلے آؤ گے۔
Verse 19 — Surah An-Naba 78:19
اور آسمان کھول دیا جائے گا تو اس کے دروازے ہی دروازے بن جائیں گے۔
Verse 20 — Surah An-Naba 78:20
اور پہاڑوں کو چلایا جائے گا تو وہ ریت کے سراب کی شکل اختیار کرلیں گے۔
Verse 21 — Surah An-Naba 78:21
یقین جانو جہنم گھات لگائے بیٹھی ہے۔
Verse 22 — Surah An-Naba 78:22
وہ سرکشوں کا ٹھکانا ہے۔
Verse 23 — Surah An-Naba 78:23
جس میں وہ مدتوں اس طرح رہیں گے۔
Verse 24 — Surah An-Naba 78:24
کہ اس میں نہ وہ کسی ٹھنڈک کا مزہ چکھیں گے، اور نہ کسی پینے کے قابل چیز کا ہے۔
Verse 25 — Surah An-Naba 78:25
سوائے گرم پانی اور پیپ لہو کے۔
Verse 26 — Surah An-Naba 78:26
یہ ان کا پورا پورا بدلہ ہوگا۔
Verse 27 — Surah An-Naba 78:27
وہ (اپنے اعمال کے) حساب کا عقیدہ نہیں رکھتے تھے۔
Verse 28 — Surah An-Naba 78:28
اور انہوں نے ہماری آیتوں کو بڑھ چڑھ کر جھٹلایا تھا۔
Verse 29 — Surah An-Naba 78:29
اور ہم نے ہر ہر چیز کو لکھ کر محفوظ کر رکھا ہے۔
Verse 30 — Surah An-Naba 78:30
اب مزہ چکھو ! اس لئے کہ ہم تمہارے لیے سزا کے سوا کسی چیز میں اضافہ نہیں کریں گے۔
Verse 31 — Surah An-Naba 78:31
جن لوگوں نے تقوی اختیار کیا تھا، ان کی بیشک بڑی جیت ہے۔
Verse 32 — Surah An-Naba 78:32
باغات اور انگور۔
Verse 33 — Surah An-Naba 78:33
اور نو خیز ہم عمر لڑکیاں۔
Verse 34 — Surah An-Naba 78:34
اور چھلکتے ہوئے پیمانے۔
Verse 35 — Surah An-Naba 78:35
وہاں پر وہ نہ کوئی بےہودہ بات سنیں گے، اور نہ کوئی جھوٹی بات۔
Verse 36 — Surah An-Naba 78:36
یہ تمہارے پروردگار کی طرف سے صلہ ہوگا۔ (اللہ کی) ایسی دین ہوگی جو لوگوں کے اعمال کے حساب سے دی جائے گی۔
Verse 37 — Surah An-Naba 78:37
اسی پروردگار کی طرف سے جو سارے آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان ہر چیز کا مالک، بہت مہربان ہے ! کسی کی مجال نہیں ہے کہ اس کے سامنے بول سکے۔
Verse 38 — Surah An-Naba 78:38
جس دن ساری روحیں اور فرشتے قطاریں بنا کر کھڑے ہوں گے، اس دن سوائے اس کے کوئی نہیں بول سکے گا۔ جسے خدائے رحمن نے اجازت دی ہو، اور وہ بات بھی ٹھیک کہے۔
Verse 39 — Surah An-Naba 78:39
وہ دن ہے جو برحق ہے۔ اب جو چاہے وہ اپنے پروردگار کے پاس ٹھکانا بنا رکھے۔
Verse 40 — Surah An-Naba 78:40
حقیقت یہ ہے کہ ہم نے تمہیں ایک ایسے عذاب سے خبردار کردیا ہے جو قریب آنے والا ہے جس دن ہر شخص وہ اعمال آنکھوں سے دیکھ لے گا جو اس کے ہاتھوں نے آگے بھیج رکھے ہیں، اور کافر یہ کہے گا کہ کاش ! میں مٹی ہوجاتا۔