Back to Languages

Urdu - Chapter 22 - Al-Hajj

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Hajj 22:1

اے لوگو! ڈرو اپنے پروردگار (کی ناراضگی) سے بےشک قیامت کا زلزلہ بڑی سخت چیز ہے

Verse 2 — Surah Al-Hajj 22:2

جس روز تم اس (کی ہولناکیوں) کو دیکھو گے تو غافل ہو جائیگی ہر دودھ پلانے والی (ماں) اس (لخت جگر) سے جس کو اس نے دودھ پلایا، اور گرا ددے گی ہر حاملہ اپنے حمل کو اور تجھے نظر آئیں گے لوگ جیسے وہ نشے میں مست ہوں حالانکہ وہ نشے میں مست نہیں ہوں گے بلکہ عذاب الہی بڑا سخت ہوگا (وہ اس کی ہیبت سے حواس بافتہ ہوں گے)

Verse 3 — Surah Al-Hajj 22:3

اور بعض ایسے لوگ ہیں جو جھگڑتے ہیں اللہ تعالیٰ کے بارے میں علم کے بغیر اور پیروی کرتے ہیں سرکش شیطان کی

Verse 4 — Surah Al-Hajj 22:4

جس کے مقدر میں لکھا جا چکا ہے کہ جو اس کو دوست بنائے گا تو وہ اسے گمراہ کر کے رہے گا اور راہ دکھائے گا اسے بھڑکتی ہوئی آگ کے عذاب کی طرف

Verse 5 — Surah Al-Hajj 22:5

اے لوگو! اگر تمھیں کچھ شک ہو (روز محشر) جی اٹھنے میں ذرا اس امر میں غور کرو کہ ہم نے ہی پیدا کیا تھا تمھیں مٹی سے پھر نطفہ سے پھر خون کے لوٹھرے سے پھر گوشت کے ٹکڑے سے بعض کی تخلیق مکمل ہوتی ہے اور بعض کی نامکمل تاکہ ہم ظاہر فرما دیں تمھارے لیے (اپنی قدرت کا کمال) اور ہم قرار بخشتے ہیں رحموں میں جسے ہم چاہتے ہیں ایک مقررہ معیاد تک پھر ہم نکالتے ہیں تمھیں بچہ بنا کر پھر (پرورش کرتے ہیں تمھاری) تاکہ تم پہنچ جاؤ اپنے شباب کو اور تم میں سے کچھ (پہلے ) فوت ہو جاتے ہیں اور تم میں سے بعض کو پہنچا دیا جاتا ہے نکمی عمر تک تاکہ وہ کچھ نہ جانے ہر چیز کو جاننے کے بعد اور تو دیکھتا ہے کہ زمین خشک پڑی ہے پھر جب ہم اتارتے ہیں اس پر (بارش کا ) پانی ترو تازہ ہو جاتی ہے اور پھولتی ہے اور اگاتی ہے ہر خوشنما جوڑے کو

Verse 6 — Surah Al-Hajj 22:6

یہ (رنگا رنگیاں اس کی دلیل ہیں ) کہ اللہ تعالیٰ ہی برحق ہے اور وہی زندہ کرتا ہے مردوں کو اور بلاشبہ وہی ہر چیز پر قادر ہے

Verse 7 — Surah Al-Hajj 22:7

اور یقیناً قیامت آنے والی ہے اس میں ذرا شک نہیں اور اللہ تعالیٰ زندہ کر کے اٹھائیگا ان (مُردوں ) کو جو قبروں میں ہیں

Verse 8 — Surah Al-Hajj 22:8

اور انسانوں میں ایسے لوگ بھی ہیں جو جھگڑا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کے بارے میں بغیر علم کے اور بغیر کسی دلیل کے اور بغیر کسی روشن کتاب کے

Verse 9 — Surah Al-Hajj 22:9

(تکبر سے) گردن مرورٹے ہوئے تاکہ بہکا دے (دوسروں کو بھی) اللہ کی راہ سے اس کے لیے دنیا میں بھی رسوائی ہے اور ہم چکھائیں گے اسے قیامت کے دن جلانے والی آگ کا عذاب

Verse 10 — Surah Al-Hajj 22:10

(اس روز اسے بتایا جائیگا کہ) یہ سزا ہے اس کی جو تیرے دونوں ہاتھوں نے آگے بھیجا اور بلاشبہ اللہ تعالیٰ بندوں پر ظلم کرنے والا نہیں

Verse 11 — Surah Al-Hajj 22:11

اور لوگوں میں سے وہ بھی ہے جو عبادت کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی کنارہ پر (کھڑے کھڑے) پھر اگر پہنچے اسے بھلائی (اس عبادت سے) تو مطمئن ہو جاتے ہے اس سے اور اگر پہنچے اسے کوئی آزمائش تو فوراَ (دین سے) منہ موڑ لیتا ہے اس شخص نے برباد کر دی اپنی دنیا اور آخرت یہی تو کھلا ہوا خسارہ ہے

Verse 12 — Surah Al-Hajj 22:12

وہ عبادت کرتا ہے اللہ تعالیٰ کے سوااس کی جو ضرر پہنچا سکتا ہے اسے اور نہ نفع پہنچا سکتا ہے اسے یہی تو انتہائی گمراہی ہے

Verse 13 — Surah Al-Hajj 22:13

وہ پوجتا ہے اسے جس کی ضرر رسانی زیادہ قریب ہے اس کی نفع رسانی سے یہ بہت برا دوست ہے اور بہت برا ساتھی ہے

Verse 14 — Surah Al-Hajj 22:14

بیشک اللہ تعالیٰ داخل کریگا انہیں جو ایمان لائے اور جنھوں نے نیک عمل کیے باغات میں رواں ہیں جن کے نیچے نہریں ۔ بیشک اللہ تعالیٰ کرتا ہے جو چاہتا ہے

Verse 15 — Surah Al-Hajj 22:15

اور جو شخص یہ خیال کیے بیٹھا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب کی مدد نہیں کریگا نہ دنیا میں اور نہ آخرت میں تو اسے چاہیے کہ لٹک جائے ایک رسی کے ذریعے چھت سے پھر (گلے میں پھندا ڈال کر) اسے کاٹ دے پھر دیکھے آیا دور کر دیا ہے اس کی (خود کشی کی) تدبیر نے اس کے غم و غصّہ کو

Verse 16 — Surah Al-Hajj 22:16

اور اسی طرح ہم نے اتارا ہے اس کتاب کو روشن دلیلوں کے ساتھ ۔ اور بےشک اللہ تعالیٰ ہدایت دیتا ہے جس کو چاہتا ہے

Verse 17 — Surah Al-Hajj 22:17

بیشک اہل ایمان، یہودی ستارہ پرست، عیسائی، آتش برست اور مشرک، ضرور فیصلہ فرمائے گا اللہ تعالیٰ ان سب (گروہوں ) کے درمیان قیامت کے دن بیشک اللہ تعالیٰ پر چیز کا مشاہدہ فرما رہا ہے

Verse 18 — Surah Al-Hajj 22:18

کیا تم ملاحظہ نہیں کر رہے کہ اللہ تعالیٰ کو ہی سجدہ کر رہی ہے ہر چیز جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے نیز آفتاب مہتاب، ستارے، پہاڑ، درخت اور چوپائے اور بہت سے انسان بھی (اسی کو سجدہ کرتے ہیں) اور بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جن پر عذاب مقرر ہو چکا ہے اور (دیکھو) جس کو ذلیل کر دے اللہ تعالیٰ تو کوئی اسے عزت دینے والا نہیں ہے بلاشبہ اللہ تعالیٰ کرتا ہے جو چاہتا ہے

Verse 19 — Surah Al-Hajj 22:19

یہ دو فریق ہیں جو جھگڑ رہے اپنے رب کے بارے میں تو وہ لوگ جنھوں نے کفر اختیار کیا تیار کر دیے گئے ہیں ان کے لیے کپڑے آتشِ ( جہنم ) سے ۔ انڈیلا جائیگا ان کے سروں پر کھولتا ہوا پانی

Verse 20 — Surah Al-Hajj 22:20

گل جائیگا اس کھولتے پانی سے جو کچھ ان کے شکموں میں ہے اور ان کی چمڑیاں بھی گل جائینگی

Verse 21 — Surah Al-Hajj 22:21

اور ان (کو مارنے) کے لیے گرز ہونگے لوہے کے

Verse 22 — Surah Al-Hajj 22:22

جب بھی ارادہ کرینگے اس سے نکلنے کا فرط رنج و الم کے باعث تو انھیں لوٹا دیا جائے گا اس میں اور (کہا جائیگا) کہ چکھو جلتی ہوئی آگ کا عذاب

Verse 23 — Surah Al-Hajj 22:23

یقیناً اللہ تعالیٰ داخل کریگا ان لوگوں کو جو ایمان بھی لے آئے اور عمل بھی نیک کرتے رہے جنتوں میں بہتی ہیں جن کے نیچے ندیاں انھیں پہنائے جائیں گے جنت میں سونے کے کنگن اور موتیوں کے ہار۔ اور ان کی پوشاک وہاں ریشمی ہو گی

Verse 24 — Surah Al-Hajj 22:24

اور ان کی رہنمائی کی گئی تھی پاکیزہ قول کی طرف اور دکھایا گیا تھا انھیں راستہ اللہ تعالیٰ کا جو تعریف کیا گیا ہے

Verse 25 — Surah Al-Hajj 22:25

بیشک وہ لوگ جنہوں نے کفر اختیار کیا اور (دوسروں کو) روکتے ہیں اللہ تعالیٰ کی راہ سے اور مسجد حرام سے جسے ہم نے (بلا امتیاز) سب لوگوں کے لیے (مرکز ہدایت) بنایا ہے۔ یکساں ہیں اس میں وہاں کے رہنے والے اور پردیسی۔ اور جو ارادہ کرے اس میں زیادتی کا نا حق تو ہم اسے چکھائیں گے دردناک عذاب

Verse 26 — Surah Al-Hajj 22:26

اور یاد کرو جب ہم نے مقرر کر دی ابراہیم (علیہ السلام) کے لیے اس گھرکے (تعمیر کرنے) کی جگہ اور حکم دیا کہ شریک نہ ٹھیرانا میرے ساتھ کسی چیز کو اور صاف ستھرا رکھنا میرے گھر کو طواف کرنے والوں، قیام کرنے والوں اور رکوع و سجود کرنے والوں کے لیے

Verse 27 — Surah Al-Hajj 22:27

اور اعلان عام کر دو لوگوں میں حج کا وہ آینگے آپ کے پاس پاپیادہ اور ہر دبلی اونٹنی پر سوار ہو کر جو آتی ہیں پر دور دراز راستہ سے

Verse 28 — Surah Al-Hajj 22:28

(اعلان کیجیے) تاکہ وہ حاضر ہوں اپنے (دینی دنیوی) فائدوں کے لیے اور ذکر کریں اللہ تعالیٰ کے نام کا مقررہ دنوں میں ان بےزبان چوپائیوں پر (ذبح کے وقت) جو اللہ تعالیٰ نے انھیں عطا فرمائے ہیں۔ پس خود بھی کھاؤ ان سے اور کھلاؤمصیبت زدہ محتاج کو

Verse 29 — Surah Al-Hajj 22:29

پھر چاہیے کہ دور کریں اپنی میل کچیل اور پوری کریں اپنی نذریں اور طواف کریں ایسے گھر کا جو بہت قدیم ہے

Verse 30 — Surah Al-Hajj 22:30

ان احکام کو یاد رکھو اور جو شخص تعظیم کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی حرمتوں کی تو یہ بہتر ہے اس کے لیے اس کے رب کے ہاں اور حلال کیے گئے تمھارے لیے جانور بجز ان کے جن کی حرمت پڑھی گئی تم پر پس پرہیز کرو بتوں کی نجاست سے اور بچو جھوٹی بات سے

Verse 31 — Surah Al-Hajj 22:31

یکسر مائل ہوتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی طرف ، نہ شریک ٹھیراتے ہو اللہ تعالیٰ کے ساتھ اور جو شریک ٹھیراتا ہے اللہ تعالیٰ کے ساتھ تو اس کی حالت ایسی ہے گویا وہ گرا ہو آسمان سے پس اچک لیا ہو اسے کسی پرندے یا پھینک دیا ہو اسے ہوا نے کسی دور جگہ میں

Verse 32 — Surah Al-Hajj 22:32

حقیقت یہ ہے اور جو ادب و احترام کرتا ہے اللہ تعالیٰ کی نشانیوں کا تو یہ (احترام) اس وجہ سے ہے کہ دلوں میں تقویٰ ہے

Verse 33 — Surah Al-Hajj 22:33

تمھارے لیے مویشیوں میں طرح طرح کے فائدے ہیں ایک معین مدت تک پھر انکے ذبح کرنے کا مقام بیت عتیق کے قریب ہے

Verse 34 — Surah Al-Hajj 22:34

اور ہر امت کے لیے ہم نے مقرر فرمائی ہے ایک قربانی تاکہ وہ ذکر کریں اللہ تعالیٰ کا اسم (پاک) ان بےزبان جانوروں پر ذبح کے وقت جو اللہ تعالیٰ نے انھیں عطا فرمائے ہیں پس تمھارا خدا خدا ئے واحد ہے تو اسی کے آگے سر جھکاؤ اور (اے محبوب) مثردہ سنائیے تواضع کرنے والوں کو

Verse 35 — Surah Al-Hajj 22:35

وہ لوگ جب اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان کے دل ڈرنے لگتے ہیں اور جو صبر کرنے والے ہیں ان (مصائب و آلام) پر جو پہنچتے ہیں انھیں اور جو صحیح ادا کرنے والے ہیں نماز کو اور ان چیزوں سے جو ہم نے انھیں عطا فرمائی ہیں وہ خرچ کرتے رہتے ہیں

Verse 36 — Surah Al-Hajj 22:36

اور قربانی کے فربہ جانوروں کو ہم نے بنایا ہے تمھارے لیے اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ، تمھارے لیے ان میں بھلائی ہے پس لو اللہ تعالیٰ کا نام ان پر اس حال میں کہ ان کا ایک پاؤں بندھا ہو اور تین پر کھڑے ہوں ۔ پس جب وہ گِر پڑیں کسی پہلو پر تو خود بھی کھاؤ اس سے نیز کھلاؤ قناعت کرنیوالے فقیر کو اور بھیک مانگنے والے کو اس طرح ہم نے فرمانبردار بنا دیا ان جانوروں کو تمہارے لیے تاکہ تم (اس احسان کا) شکریہ ادا کرو

Verse 37 — Surah Al-Hajj 22:37

نہیں پہنچتے اللہ تعالیٰ کو ان کے گوشت اور نہ ان کے خون البتہ پہنچتا ہے اس کے حضور تک تقوی تمہاری طرف سے یوں اس نے فرمانبردار بنادیا ہے انہین تمہارے لیے تاکہ تم برائی بیان کرو اللہ تعالیٰ کی اس نعمت پر کہ اس نے تم کو ہدایت دی اور (اے حبیب!) جخوشخبری دیجیے احسان کرنیوالوں کو

Verse 38 — Surah Al-Hajj 22:38

یقیناً اللہ تعالیٰ حفاظت کرتا ہے اہل ایمان کی (کفار کے مکر و فریب سے ) بیشک اللہ تعالیٰ دوست نہیں رکھتاکسی دھوکہ باز احسان فراموش کو

Verse 39 — Surah Al-Hajj 22:39

اذن دے دیا گیا ہے (جہاد کا) ان (مظلوموں ) کو جن سے جنگ کیجاتی ہے اس بنا پر کہ ان پر ظلم کیا گیا اور بیشک اللہ تعالیٰ ان کی نصرت پر پوری طرح قادر ہے

Verse 40 — Surah Al-Hajj 22:40

وہ (مظلوم) جن کو نکال دیا گیا تھا ان کے گھروں سے ناحق صرف اتنی بات پر کہ انھوں نے کہا کہ ہمارا پروردگار اللہ تعالیٰ ہے اور اگر اللہ تعالیٰ بچاؤ نہ کرتا لوگوں کا انھیں ایک دوسرے سے ٹکراکر تو (طاقتور کی غارتگری سے) منہدم ہو جائیں خانقاہیں اور گرجے اور کلیسے اور مسجدیں جن میں اللہ تعالیٰ کے نام کا ذکر کثرت سے کیا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ ضرور مدد فرمائیگا اس کی جو اس (کے دین) کی مدد کریگا۔ یقیناً اللہ تعالیٰ قوت والا (اور) سب پر غالب ہے

Verse 41 — Surah Al-Hajj 22:41

وہ لوگ کہ اگر ہم انھیں اقتدار بخشیں زمین میں تو وہ صحیح صحیح ادا کرتے ہیں نماز کو اور دیتے ہیں زکوٰۃ اور حکم کرتے ہیں (لوگوں کو ) نیکی کا اور روکتے ہیں (انھیں ) برائی سے اور اللہ تعالیٰ کے لیے ہے سارے کاموں کا انجام

Verse 42 — Surah Al-Hajj 22:42

اور اگر یہ کفار آپ کو جھٹلاتے ہیں (تو کیا تعجب ہے) پس جھٹلایا تھا ان سے پہلے قوم نوح نے اور عاد و ثمود نے

Verse 43 — Surah Al-Hajj 22:43

اور قوم ابراہیم نے اور قوم لوط نے

Verse 44 — Surah Al-Hajj 22:44

اور مدین کے رہنے والوں نے (اپنے اپنے نبیوں کو) اور جھٹلائے گئے موسیٰ بھی۔ تو (کچھ عرصہ) میں نے مہلت دی ان کفار کو (جب وہ باز نہ آئے) تو میں نے انھیں پکڑا (خود ہی بتاؤ) کتنا خوفناک تھا میرا عذاب

Verse 45 — Surah Al-Hajj 22:45

پس کتنی بستیاں ہیں جنھیں ہم نے تہ و بالا کر ڈالاکیونکہ وہ ظالم تھیں تو اب وہ گری پڑی ہیں اپنی چھتوں پر اور کتنے کنویں ہیں جو بیکار ہو چکے ہیں اور کتنے چونے سے بنے ہوئے مضبوط محل ہیں (جو ویران پڑے ہیں)

Verse 46 — Surah Al-Hajj 22:46

کیا انھوں نے سیر و سیاحت نہیں کی زمین میں تاکہ (ان کھنڈرات کو دیکھ کر) ان کے دل ایسے ہو جاتے جن سے وہ (حق ) کو سمجھ سکتے اور کان ایسے ہو جاتے جن سے یہ نصیحت سن سکتے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ آنکھیں اندھی نہیں ہوتیں بلکہ وہ دل اندھے ہو جاتے ہیں جو سینوں میں ہوتے ہیں

Verse 47 — Surah Al-Hajj 22:47

یہ لوگ جلدی مانگ رہے ہیں آپ سے عذاب۔ (یہ تسلی رکھیں) اللہ تعالیٰ خلاف ورزی نہیں کریگا اپنے وعدہ کی۔ اور بےشک ایک دن تیرے رب کے ہاں ایک ہزار سال کی طرح ہوتا ہے جس حساب سے تم گنتی کرتے ہو

Verse 48 — Surah Al-Hajj 22:48

اور کتنی بستیاں تھیں جنھیں میں نے (کافی عرصہ) ڈھیل دی حالانکہ وہ ظالم تھیں پھر (جب وہ باز نہ آئے) تو میں نے انھیں پکڑ لیا اور میری طرف ہی (سب کو) لوٹنا ہے

Verse 49 — Surah Al-Hajj 22:49

(اے حبیب) آپ فرمائیے اے لوگو! بس میں تو تمھیں (عذاب الٰہی سے) کھلا ڈرانیوالا ہوں

Verse 50 — Surah Al-Hajj 22:50

سو جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے نیک کام کیے تو ان کے لیے مغفرت بھی ہے اور با عزت روزی بھی

Verse 51 — Surah Al-Hajj 22:51

اور جو لوگ کوشش کرتے رہے ہماری آیتوں (کی تردید) میں اس خیال سے کہ وہ ہمیں ہرا دیں گے یہی لوگ دوزخی ہیں

Verse 52 — Surah Al-Hajj 22:52

اور نہیں بھیجا ہم نے آپ سے پہلے کوئی رسول اور نہ کوئی نبی مگر اس کے ساتھ یہ ہوا کہ جب اس نے کچھ پڑھا تو ڈال دئیے شیطان نے اسکے پڑھنے میں (شکوک) پس مٹا دیتا ہے اللہ تعالیٰ جو دخل اندازی شیطان کرتا ہے پھر پختہ کر دیتا ہے اللہ تعالیٰ اپنی آیتوں کو اور اللہ تعالیٰ سب کچھ جاننے والا بہت دانا ہے

Verse 53 — Surah Al-Hajj 22:53

یہ سب اس لیے تاکہ اللہ تعالیٰ بنا دے جو وسوسہ دالتا ہے شیطان ایک آزمائش ان لوگوں کے لیے جنکے دلوں میں بیماری ہے اور جن کے دل بہت سخت ہیں اور بےشک ظالم لوگ مخالفت میں بہت دور نکل جاتے ہیں

Verse 54 — Surah Al-Hajj 22:54

نیز ا س میں یہ حکمت بھی ہے کہ جان لیں وہ لوگ جنھیں علم بخشا گیا کہ کتاب حق ہے آپ کے رب کی طرف سے تاکہ ایمان لائیں ا س کے ساتھ اور جھک جائیں اس (کی سچائی) کے آگے ان کے دل اور بےشک اللہ تعالیٰ ہدایت دینے والا ہے ایمان والوں کو راہ راست کی طرف

Verse 55 — Surah Al-Hajj 22:55

اور ہمیشہ شک میں مبتلا رہیں گے کفار ا س کے بارے میں یہاں تک کہ آجائے ان پر قیامت اچانک یا آجائے ان پر عذاب منحوس دن کا

Verse 56 — Surah Al-Hajj 22:56

حکمرانی اس روز اللہ تعالیٰ کی ہو گی وہی فیصلہ فرمائے گا لوگوں کے درمیان پس جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے تو وہ نعمت (و احسان) کے باغوں میں (قیام پذیر ) ہونگے

Verse 57 — Surah Al-Hajj 22:57

اور جنہوں نے کفر کیا اور ہماری آیتوں کو جھٹلایاتو یہ وہ بد نصیب ہیں جن کے لیے رسوا کن عذاب ہو گا

Verse 58 — Surah Al-Hajj 22:58

اور جن لوگوں نے ہجرت کی راہ خدا میں پھر وہ (جہاد میں) قتل کر دیے گئے تا طبعی طور پر فوت ہوئے تو ضرور عطا فرمائیگا انھیں اللہ تعالیٰ بہترین رزق اور بےشک اللہ تعالیٰ ہی ہے جو سب سے بہتر روزی دینے والا ہے

Verse 59 — Surah Al-Hajj 22:59

وہ ضرور داخل کریگا انھیں ایسی جگہ جسے وہ پسند کریں گے اور یقیناً اللہ سب کچھ جاننے والا ، بڑا برد بار ہے

Verse 60 — Surah Al-Hajj 22:60

ان باتوں کو یاد رکھو! اور جس نے بدلا لیا اتنا قدر جتنی تکلیف اسے دی گئی تھی پھر (مزید ) زیادتی کی گئی اس پر تو اللہ تعالیٰ ضرور اس کی مدد فرمائیگا بیشک اللہ تعالیٰ بہت معاف فرمانیوالا بہت بخشنے والا ہے

Verse 61 — Surah Al-Hajj 22:61

اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی داخل کرتا ہے رات (کے کچھ حصوں) کو دِن میں اور داخل کرتا ہے دِن (کے کچھ حصہ ) کو رات میں اور اللہ تعالیٰ سب باتیں سننے والا اور سب کچھ دیکھنے والا ہے

Verse 62 — Surah Al-Hajj 22:62

نیز اس کی یہ وجہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی ہے جو خدائے برحق ہے اور جسے وہ پوجتے ہیں اس کے علاوہ وہ سراسر باطل ہے اور اللہ تعالیٰ ہی ہے جو سب سے بلند (اور) سب سے بڑا ہے

Verse 63 — Surah Al-Hajj 22:63

کیا تو نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے اتارا آسمان سے پانی تو ہو جاتی ہے (خشک ) زمین سر سبز و شاداب بےشک اللہ تعالیٰ ہمیشہ لطف فرمانیوالاہر چیز سے باخبر ہے

Verse 64 — Surah Al-Hajj 22:64

اسی کا ہے جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے اور بلاشبہ اللہ تعالیٰ ہی ہے جو سب سے بےپرواہ اور ہر تعریف کا مستحق ہے

Verse 65 — Surah Al-Hajj 22:65

اور کیا تو نے نہیں دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمانبردار بنا دیا ہے تمھارے لیے ہر چیز کو جو زمین میں ہے اور کشتی کو بھی کہ چلتی ہے سمندر میں اس کے حکم سے اور اس نے روکا ہوا ہے آسمان کو کہ گِر نہ پڑے زمین پر بجز اس کے فرمان کے ۔ بیشک اللہ تعالیٰ لوگوں کے ساتھ بڑی مہربانی فرمانیوالا ہمیشہ رحم کرنے والا ہے

Verse 66 — Surah Al-Hajj 22:66

اور وہی ہے جس نے تمھیں زندگی دی پھر مارے گا تمھیں پھر زندہ کریگا تمھیں بیشک انسان بڑا نا شکرا ہے

Verse 67 — Surah Al-Hajj 22:67

ہر امت کے لیے ہم نے مقرر کر دیا ہے عبادت کا طریقہ جس کے مطابق وہ عبادت کرتے ہیں تو انھیں چاہیے کہ وہ نہ جھگڑا کریں آپ سے اس معاملہ میں آپ بلاتے رہیے انھیں اپنے رب کی طرف (اے محبوب!) آپ بیشک سیدھی راہ پر (گامزن) ہیں

Verse 68 — Surah Al-Hajj 22:68

اور اگر وہ (پھر بھی) آپ سے جھگڑا کریں تو آپ (صرف اتنا) فرما دیجیے کہ اللہ تعالیٰ خوب جانتا ہے جو تم کر رہے ہو

Verse 69 — Surah Al-Hajj 22:69

اللہ تعالیٰ فیصلہ فرمائیگا تمھارے درمیان قیامت کے دن امور کے بارے میں جن میں تم اختلاف کرتے رہتے ہو

Verse 70 — Surah Al-Hajj 22:70

کیا آپ نہیں جانتے کہ اللہ تعالیٰ جانتا ہے جو کچھ آسمان اور زمین میں ہے یہ سب کچھ ایک کتاب میں (لکھا ہوا) ہے بیشک (بلندی اور پستی کی ہر چیز کو جان لینا) اللہ تعالیٰ پر آسان ہے

Verse 71 — Surah Al-Hajj 22:71

اور وہ پوجتے ہیں اللہ تعالیٰ کے سواان کو نہیں اتاری جن کے متعلق اللہ تعالیٰ نے کوئی سند۔ اور انھیں خود بھی ان کے بارے میں کوئی علم نہیں ۔ اور نہیں ہوگا ظلم و ستم کرنے والوں کا کوئی مدگار

Verse 72 — Surah Al-Hajj 22:72

اور جب تلاوت کی جاتی ہیں ان کے سامنے ہماری آیتیں صاف صاف، تو آپ پہچان لیتے ہیں کفار کے چہروں پر نا پسندیدگی کے آثار ۔ یوں پتہ چلتا ہے کہ وہ عنقریب جھپٹ پڑینگے ان لوگوں پر جو پڑھتے ہیں ان کے سامنے ہماری آیتیں ۔ آپ فرمائیے (اے چیں بہ جبیں ہونے والو!) کیا میں آگاہ کر دوں تمھیں اس سے بھی تکلیف دہ چیز پر ۔ دوزخ کی آگ! وعدہ کیا ہے اس آگ کا اللہ تعالیٰ نے کفار سے ۔ اور دوزخ بہت برا ٹھکانا ہے

Verse 73 — Surah Al-Hajj 22:73

اے لوگو! ایک مثال بیان کی جا رہی ہے پس غور سے سنو اسے! بیشک جن معبودوں کو تم پکارتے ہو اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر یہ تو مکھی بھی پیدا نہیں کر سکتے اگرچہ وہ سب جمع ہو جائیں اس (معمولی سے) کام کے لیے اور اگر چھین لے ان سے مکھی بھی کوئی چیز تو وہ نہیں چھوڑا سکتے اسے اس مکھی سے (آہ!) کتنا بےبس ہے ایسا طالب اور کتنا بےبس ہے ایسا مطلوب

Verse 74 — Surah Al-Hajj 22:74

نہ قدر پہچانی انہوں نے اللہ تعالیٰ کی جیسے اس کی قدر پہچاننے کا حق تھا بیشک اللہ تعالیٰ بڑا طاقتور (اور ) سب پر غالب ہے

Verse 75 — Surah Al-Hajj 22:75

اللہ تعالیٰ چُن لیتا ہے فرشتوں سے بعض پیغام پہچانے والے اور انسانوں سے بھی بعض کو رسول بےشک اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا اور سب دیکھنے والا ہے

Verse 76 — Surah Al-Hajj 22:76

وہ جانتا ہے جو کچھ ان کے آگے ہے اور جو کچھ ان کے پیچھے ہے اور اللہ تعالیٰ کی طرف ہی لوٹائے جائینگے سارے معاملات

Verse 77 — Surah Al-Hajj 22:77

اے ایمان والو! رکوع کرو اور سجدہ کرو اور عبادت کرو اپنے پروردگار کی اور (ہمیشہ) مفید کام کیا کروتاکہ تم (دین و دنیا میں) کامیاب ہو جاؤ

Verse 78 — Surah Al-Hajj 22:78

اور (سر توڑ) کر کوشش کرو اللہ تعالیٰ کی راہ میں جس طرح کوشش کرنے کا حق ہے اس نے چُن لیا ہے تمھیں (حق کی پاسبانی اور اشاعت کے لیے ) اور نہیں روا رکھی اس نے تم پر دین کے معاملہ میں کوئی تنگی ۔ پیروی کرو اپنے باپ ابراہیم کے دین کی اسی نے تمھارا نام مسلم (سر اطاعت خم کرنے والا) رکھا ہے اس سے پہلے اور اس قرآن میں بھی تمھارا یہی نام ہے تاکہ ہو جائے رسول (کریم) گواہ تم پر اور تم گواہ ہو جاؤ لوگوں پر پس (اے دین حق کے علمبردارو!) صحیح صحیح ادا کیا کرو نماز اور دیا کرو زکوٰۃ اور مضبوط پکڑ لو اللہ تعالیٰ (کے دامن رحمت) کو وہی تمھارا کارساز ہے ۔ پس وہ بہترین کارساز ہے اور بہترین مدد فرمانیوالا ہے