Back to Languages

Urdu - Chapter 8 - Al-Anfal

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Anfal 8:1

دردیافت کتے ہیں آپ سے غنیمتوں کے متعلق آپ فرمائیے غنیمتوں کے مالک اللہ اور رسول ہیں۔ پس ڈرتے رہو اللہ تعالیٰ سے اور اصلاح کرو اپنے باہمی معاملات کی اور اطاعت کرو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اگر تم ایماندار ہو۔

Verse 2 — Surah Al-Anfal 8:2

صرف وہی سچے ایماندار ہیں کہ جب ذکر کیا جاتا ہے اللہ تعالیٰ کا تو کانپ اٹھتے ہیں ان کے دل اور جب پڑھی جاتی ہیں ان پر اللہ کی آیتیں تو یہ بڑھا دیتی ہیں ان کے ایمان کو اور صرف اپنے رب پروہ بھروسہ رکھتے ہیں۔

Verse 3 — Surah Al-Anfal 8:3

(اور) جو صحیح صحیح ادا کرتے ہیں نماز کو، نیز اس سے جو ہم نے انھیں دیا ہے خرچ کرتے رہتے ہیں۔

Verse 4 — Surah Al-Anfal 8:4

یہی لوگ سچے مومن ہیں انہی کے لیے درجے ہیں ان کے رب کے پاس اور بخشش ہے اور باعزت روزی ۔

Verse 5 — Surah Al-Anfal 8:5

جس طرح نکال لایا آپ کو آپ کا رب آپ کے گھر سے حق کے ساتھ اور بیشک اہل ایمان کا ایک گروہ (اس کو ) ناپسند کرنیوالا تھا۔

Verse 6 — Surah Al-Anfal 8:6

جھگڑرہے تھے آپ سے سچی بات میں اس کے بعد کہ وہ واضح ہوچکی تھی گویا وہ ہانکے جارہے تھے موت کی طرف درآنحال کہ وہ (موت) کو دیکھ رہے ہیں۔

Verse 7 — Surah Al-Anfal 8:7

اور یاد کرو جب وعدہ فرمایا تم سے اللہ نے ایک کا ان دوگروہوں سے کہ وہ تمھارے لیے ہے اور تم پسند کرتے تھے کہ نہتہ گروہ تمھارے حصہ میں آئے اور اللہ چاہتا تھا کہ حق کو حق کردے اپنے ارشادات سے اور کاٹ دے کافروں کی جڑ۔

Verse 8 — Surah Al-Anfal 8:8

تاکہ ثابت کردے حق کو اور مٹادے باطل کو اگرچہ ناپسند کریں (اس کو) عادی مجرم ۔

Verse 9 — Surah Al-Anfal 8:9

یاد کرو جب تم فریاد کررہے تھے اپنے رب سے تو سن لی اس نے تمھاری فریاد (اور فرمایا) یقیناً میں مدد کرنے والا ہوں تمھاری ایک ہزار فرشتوں کے ساتھ جو پے در پے آنیوالے ہیں۔

Verse 10 — Surah Al-Anfal 8:10

اور نہیں بنایا فرشتوں کے نزول کو اللہ نے مگر ایک خوشخبری اور تاکہ مطمئن ہوجائیں اس سے تمھارے دل اور نہیں ہے مد د مگر اللہ کی طرف سے، بیشک اللہ بہت غالب ہے حکمت والا ہے۔

Verse 11 — Surah Al-Anfal 8:11

یاد کرو جب اللہ نے ڈھانپ دیا تمھین غنودگی سے تاکہ باعث تسکین ہو اس کی طرف سے اور اتار ا تم پر آسمان سے پانی تاکہ پاک کردے تمھیں اس سے اور دور کردے تم سے شیطان کی نجاست اور مضبوط کردے تمھارے دلوں کو اور جمادے اس سے تمھارے قدموں کو۔

Verse 12 — Surah Al-Anfal 8:12

یاد کرو جب وحی فرمائی آپ کے رب نے فرشتوں کی طرف کہ میں تمھارے ساتھ ہوں پس تم ثابت قدم رکھو ایمان والوں کو میں ڈال دونگا کافروں کے دلوں میں (تمھارا) رعب سو تم مارو (ان کی ) گردنوں کے اوپر اور چوٹ لگاؤ ان کے ہر بند پر۔

Verse 13 — Surah Al-Anfal 8:13

یہ حکم اس لیے ہے کہ انھوں نے مخالفت کی اللہ کی اور اس کے رسول کی اور جو مخالفت کرتا ہے اللہ کی اور اس کے رسول کی تو بیشک اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔

Verse 14 — Surah Al-Anfal 8:14

(اے حق کے دشمنوں!) یہ سزا ہے پس چکھو اسے نیز (یاد رکھو) کافروں کے لیے آتشِ (جہنم) کا عذاب بھی ہے۔

Verse 15 — Surah Al-Anfal 8:15

اے ایمان والو! جب تم مقابلہ کرو کافروں کے لشکر جرار سے تو مت پھیر نا ان کی طرف (اپنی) پیٹھیں ۔

Verse 16 — Surah Al-Anfal 8:16

اور جو پھیرے گا ان کی طرف اس روز اپنی پیٹھ بجز اس صورت کے کہ پینترا بدلنے والا ہو لڑائی کے لیے یا پلٹ کر آنیوالا ہو اپنی جماعت کی طرف تو وہ مستحق ہوگا اللہ کے غضب کا اور اس کا ٹھکانہ جہنم ہے اور وہ بہت بری لوٹنے کی جگہ ہے۔

Verse 17 — Surah Al-Anfal 8:17

پس تم نے نہیں قتل کیا انھیں بلکہ اللہ نے قتل کیا انھیں اور (اے محبوب (صلی اللہ علیہ وسلم) ) نہیں پھینکی آپ نے (وہ مشت خاک) جب آپ نے پھینکی بلکہ اللہ تعالیٰ نے پھینکی تاکہ احسان فرمائے مومنوں پر اپنی جناب سے بہترین احسان۔ بیشک اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے۔

Verse 18 — Surah Al-Anfal 8:18

یہ تو ہوا اور بلاشبہ اللہ کمزور کرنے والا ہے کفار کے مکروفریب کو۔

Verse 19 — Surah Al-Anfal 8:19

(اے کفار!) اگر تم فیصلہ کے طلبگار تھے تو (لو) آگیا تمھارے پاس فیصلہ اور اگر تم (اب بھی) باز آجاؤ تو وہ بہتر ہے تمھارے لیے اور اگر تم پھر شرارت کروگے تو ہم پھر سزا دینگے اور نہ فائدہ پہنچائے گی تمیں تمھاری جماعت کچھ بھی چاہے اس کی تعداد بہت زیادہ ہو اور یقیناً اللہ تعالیٰ اہل ایمان کے ساتھ ہے۔

Verse 20 — Surah Al-Anfal 8:20

اے ایمان والو! اطاعت کرو اللہ کی اور اس کے رسول کی اور نہ روگردانی کرو اس سے حالانکہ تم سن رہے ہو ۔

Verse 21 — Surah Al-Anfal 8:21

اور نہ بن جانا ان لوگوں کی طرح جنھوں نے کہا ہم نے سن لیا حالانکہ وہ نہیں سنتے ۔

Verse 22 — Surah Al-Anfal 8:22

بیشک سب جانوروں سے بدتر اللہ کے نزدیک وہ بہرے گونگے (انسان) ہیں جو کچھ نہیں سمجھتے ۔

Verse 23 — Surah Al-Anfal 8:23

اور اگر جانتا اللہ تعالیٰ ان میں کوئی خوبی تو انھیں ضرور سنا دیتا ۔ اور اگر سنا دیتا انھیں (قبولِ حق کی استعداد کے بغیر) تو وہ پیٹھ پھیر دیتے روگردانی کرتے ہوئے۔

Verse 24 — Surah Al-Anfal 8:24

اے ایمان والو! لبیک کہو اللہ اور (اس کے ) رسول کی پکار پر جب وہ رسول بلائے تمھیں اس امر کی طرف جو زندہ کرتا ہے تمھیں اور خوب جان لو کہ اللہ (کا حکم) حائل ہوجاتا ہے انسان اور اس کے دل (کے ارادوں) کے درمیان بیشک اسی کی طرف تم اٹھائے جاؤ گے۔

Verse 25 — Surah Al-Anfal 8:25

اور ڈرتے رہو اس فتنہ سے ( جو اگر برپا ہوگیا تو ) نہ پہنچیگا صرف انھیں کو جنھوں نے ظلم کیا تم میں سے۔ اور خوب جان لو کہ اللہ تعالیٰ سخت عذاب دینے والا ہے۔

Verse 26 — Surah Al-Anfal 8:26

اور یاد کرو جب تم تھوڑے تھے کمزور اور بےبس سمجھے جاتے تھے ملک میں (ہر وقت) ڈرتے رہتے تھے کہ کہیں اچک نہ لے جائیں تمھیں لوگ ، پھر اللہ نے پناہ دی تمھیں اور طاقت بخشی تمھیں اپنی نصرت سے اور عطا کیں تمھیں پاکیزہ چیزیں تاکہ تم شکر گزار ہو جاؤ۔

Verse 27 — Surah Al-Anfal 8:27

اے ایمان والو! نہ خیانت کرو اللہ اور رسول سے اور نہ خیانت کرو اپنی امانتوں میں اس حال میں کہ تم جانتے ہو۔

Verse 28 — Surah Al-Anfal 8:28

اور خوب جان لو کہ تمھارے مال اور تمھار ی اولاد ( سب) آزمائش ہے اور بیشک اللہ اسی کے پاس اجر عظیم ہے۔

Verse 29 — Surah Al-Anfal 8:29

اے ایمان والو! اگر تم ڈرتے رہوگے اللہ سے تو وہ پیدا کردے گا تم میں حق و باطل کی تمیز کی قوت اور ڈھانپ دیگا تم سے تمھارے گناہ اور بخش دیگا تمھیں اور اللہ بڑے فضل (وکرم) والا ہے۔

Verse 30 — Surah Al-Anfal 8:30

اور یاد کرو جب خفیہ تدبیریں کررہے تھے آپکے بارے میں وہ لوگ جنھوں نے کفر کیا تھا تاکہ آپ کو قید کردیں یا آپکو شہید کردیں یا آپکو جلاوطن کردیں ۔ وہ بھی خفیہ تدبریں کررہے تھے اور اللہ بھی خفیہ تدبیر فرمارہا تھا اور اللہ سب سے بہتر خفیہ تدبیر کرنے والا ہے۔

Verse 31 — Surah Al-Anfal 8:31

اور جب پڑھی جاتی ہیں ان کے سامنے ہماری آیتیں تو کہتے ہیں (اجی رہنے دو ) سن لیا ہم نے اگر ہم چاہیں گے تو کہہ لیں ایسی آیتیں ۔ نہیں ہیں یہ مگر کہانیاں اگلے لوگوں کی۔

Verse 32 — Surah Al-Anfal 8:32

اور جب انھوں نے کہا اے اللہ ! اگر ہو یہی (قرآن ) سچ تیری طرف سے تو برسا ہم پر پتھر آسمان سے اور لے آ ہم پر دردناک عذاب۔

Verse 33 — Surah Al-Anfal 8:33

اور نہیں ہے اللہ تعالیٰ کہ عذاب دے انھیں حالانکہ آپ تشریف فرما ہیں ان میں۔ اور نہیں ہے اللہ تعالیٰ عذاب دینے والا انھیں حالانکہ وہ مغفرت طلب کررہے ہوں۔

Verse 34 — Surah Al-Anfal 8:34

(مکہ سے آپکی ہجرت کے بعد) اب کیا وجہ ہے ان کے لیے کہ نہ عذاب دے انھیں اللہ ھالانکہ وہ روکتے ہیں (مسلمانوں کو) مسجد حرام سے اور نہیں ہیں وہ اس کے متولی۔ اس کے متولی تو صرف پرہیزگار لوگ ہیں، لیکن ان کی اکثریت اس حقیقت کو نہیں جانتی۔

Verse 35 — Surah Al-Anfal 8:35

اور نہیں تھی ان کی نماز خانہ کعبہ کے پاس بجز سیٹی اور تالی بجانے کے۔ سو چکھو اب عذاب بوجہ اس کے کہ تم کفر کیا کرتے تھے۔

Verse 36 — Surah Al-Anfal 8:36

بے شک کافر خرچ کرتے ہیں اپنے مال تاکہ روکیں (لوگوں کو) اللہ کی راہ سے اور یہ آئندہ بھی (اسی طرح) خرچ کرنیگے ۔ پھر ہوجائے گا یہ خرچ کرنا ان کے لیے باعث حسرت و افسوس ۔ پھر وہ مغلوب کردئیے جاینگے اور جنھوں نے کفر اختیار کیا وہ دوزخ کی طرف اکھٹے کیے جائیں گے۔

Verse 37 — Surah Al-Anfal 8:37

تاکہ الگ کردے اللہ تعالیٰ ناپاک کو پا ک سے اور رکھ دے سب ناپاکوں کو ایک دوسرے کے اوپر۔ پھر اکھٹا کردے ان سب کو۔ پھر ڈال دے اس مجموعہ کو جہنم میں۔ یہی لوگ ہیں جو نقصان اٹھانے والے ہیں۔

Verse 38 — Surah Al-Anfal 8:38

فرمادیجیے کافروں کو کہ اگر وہ اب بھی باز آجائیں تو بخش دیا جائے گا انھیں جو ہو چکا۔ اور اگر وہ (پہلے کرتوت) دُہرائیں تو گزرچکا ہے (ہمارا) طریقہ پہلے (نافرمانوں) کے ساتھ۔

Verse 39 — Surah Al-Anfal 8:39

اور (اے مسلمانوں!) لڑتے رہو ان سے یہاں تک کہ باقی نہ رہے کوئی فساد اور ہوجائے دین پورے کا پورا اللہ کے لیے۔ تو پھر اگر وہ باز آجائیں تو یقیناً اللہ تعالیٰ جو کچھ وہ کرتے ہیں اسے خوب دیکھنے والا ہے۔

Verse 40 — Surah Al-Anfal 8:40

اور اگر وہ روگردانی کریں تو جان لو کہ اللہ تعالیٰ تمھار ا کارساز ہے۔ وہ کیا ہی بہترین کارساز ہے اور کتنا بہترین مددگار ہے۔

Verse 41 — Surah Al-Anfal 8:41

اور اگر وہ روگردانی کریں تو جان لو کہ اللہ تعالیٰ تمھار ا کارساز ہے۔ وہ کیا ہی بہترین کارساز ہے اور کتنا بہترین مددگار ہے۔

Verse 42 — Surah Al-Anfal 8:42

جب تم وادی کے نزدیک والے کنارے پر تھے اور (لشکر کفار) دور والے کنارہ پر تھا۔ اور (تجارتی) قافلہ نیچے کی طرف تھا تم سے اور اگر تم لڑائی کے لیے وقت مقرر کرتے تو پیچھے رہ جاتے وقت مقرر سے لیکن (یہ بلاارادہ جنگ اس لیے تھی) تاکہ کردکھائے اللہ تعالیٰ وہ کان جو ہوکر رہنا تھا تاکہ ہلاک ہو جسے ہلاک ہونا ہے دلیل سے اور زندہ رہے جسے زندہ رہنا ہے دلیل سے اور بیشک اللہ تعالیٰ خوب سننے والا ، جاننے والا ہے۔

Verse 43 — Surah Al-Anfal 8:43

یاد کرو جب دیکھا یا اللہ نے آپ کو لشکرکفار خواب میں قلیل اور اگر دیکھایا ہوتا آپکو لشکر کفار کثیر تعداد میں تو ضرور تم لوگ ہمت ہار دیتے اور آپس میں جھگڑنے لگتے اس معاملہ میں لیکن اللہ نے (تمھیں) بچالیا۔ بیشک وہ خوب جاننے والا ہے جو کچھ سینوں میں ہے۔

Verse 44 — Surah Al-Anfal 8:44

اور یاد کرو جب اللہ نے دیکھایا تمھیں لشکر کفار جب تمھار ا مقابلہ ہوا تمھاری نگاہوں میں قلیل اور قلیل کردیا تمھیں ان کی نظروں میں تاکہ کر دکھائے اللہ تعالیٰ وہ کام جو ہو کر رہنا تھا اور اللہ تعالیٰ کی طرف ہی لوٹائے جاتے ہیں سارے معاملات۔

Verse 45 — Surah Al-Anfal 8:45

اے ایمان والو! جب جنگ آزما ہو کسی لشکر سے تو ثابت قدم رہو اور ذکر کرو اللہ تعالیٰ کا کثرت سے تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ۔

Verse 46 — Surah Al-Anfal 8:46

اور اطاعت کرو اللہ تعالیٰ کی اور اس کے رسول کی اور آپس میں نہ جھگڑو ورنہ تم کم ہمت ہوجاؤ گے اور اکھڑ جائے گی تمھاری ہوا اور ہر مصیبت میں صبر کرو بیشک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

Verse 47 — Surah Al-Anfal 8:47

اور (دیکھو! ) نہ بن جانا ان لوگوں کی طرح جو نکلے تھے اپنے گھروں سے اتراتے ہوئے اور (محض) لوگوں کے دکھلاوے کے لیے اور روکتے تھے اللہ کی راہ سے اور اللہ تعالیٰ جو کچھ وہ کرتے ہیں اسے (اپنے علم و قدرت سے) گھیرے ہوئے ہے۔

Verse 48 — Surah Al-Anfal 8:48

اور یاد کرو جب آراستہ کردیے انکے لیے شیطان نے ان کے اعمال اور (انھیں) کہا کوئی غالب نہیں آسکتا تم پر آج ان لوگوں میں سے اور میں نگہبان ہوں تمھارا تو جب آمنے سامنے ہوئیں دونوں فوجیں تو وہ الٹے پاؤں بھاگا ، اور بولا میں بری الذمہ ہوں تم سے ۔ میں دیکھ رہا ہوں وہ جو تم نہیں دیکھ رہے ۔ میں تو ڈرتا ہوں اللہ سے اور اللہ تعالیٰ سخت عذاب دینے والا ہے۔

Verse 49 — Surah Al-Anfal 8:49

یاد کرو جب کہہ رہے تھے منافق اور وہ جن کے دلوں میں (شک کا) روگ تھا کہ مغرور کردیا ہے انہیں ان کے دین نے اور جو شخص بھروسہ کرتا ہے اللہ پر تو بیشک اللہ تعالیٰ زبردست حکمت والا ہے ۔

Verse 50 — Surah Al-Anfal 8:50

اور (اے مخاطب!) اگر تو دیکھے جب جان نکالتے ہیں کافرورں کی فرشتے (اور) مارتے ہیں ان کے چہروں اور پشتوں پر اور (کہتے ہیں اب ) چکھو آگ کا عذاب۔

Verse 51 — Surah Al-Anfal 8:51

یہ بدلہ ہے اس کا جو آگے بھیجا ہے تمھارے ہاتھوں نے اور اللہ تعالیٰ ہرگز ظلم کرنے والا نہیں ہے (اپنے ) بندوں پر۔

Verse 52 — Surah Al-Anfal 8:52

جیسے دستور تھا فرعونیوں کا اور جو (زبردست) لوگ ان سے پہلے تھے۔ انھوں نے کفر کیا آیات الٰہی کے ساتھ تو پکڑلیا انھیں اللہ نے انکے گناہوں کے باعث ۔ بیشک اللہ قوت والا سخت عذاب دینے والا ہے۔

Verse 53 — Surah Al-Anfal 8:53

یہ اس لیے کہ اللہ نہیں بدلنے والا کس نعمت کو جس کا انعام اس نے فرمایا ہو کسی قوم پر یہاں تک کہ بدل ڈالیں وہی اپنے آپ کو ۔ اور بیشک اللہ تعالیٰ سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے۔

Verse 54 — Surah Al-Anfal 8:54

(کفار مکہ کا طرز عمل بھی) فرعونیوں اور ان (سرکشوں) کا سا ہے جو پہلے گزر چکے انھوں نے جھٹلایا اپنے رب کی آیتوں کو پس ہم نے ہلاک کردیا انھیں بوجہ ان کے گناہوں کے اور ہم نے غرق کردیا فرعونیوں کو اور (وہ) سب کے سب ظالم تھے۔

Verse 55 — Surah Al-Anfal 8:55

بلاشبہ بدترین جانور اللہ کے نذدیک وہ انسان ہیں جنھوں نے کفر کیا پس وہ کسی طرح ایمان نہیں لاتے۔

Verse 56 — Surah Al-Anfal 8:56

وہ جن سے (کئی بار) آپ نے معاہدہ کیا ۔ پھر وہ توڑتے رہے اپنا عہد ہر بار اور وہ (عہد شکنی سے) ذر ا نہیں پرہیز کرتے۔

Verse 57 — Surah Al-Anfal 8:57

پس اگر آپ پائیں انھیں (میدان) جنگ میں تو (انھیں عبرتناک سزا دے کر ) منتشر کردو انھیں جو انکے پیچھے ہیں ۔ شاید وہ سمجھ جائیں۔

Verse 58 — Surah Al-Anfal 8:58

اور اگر آپ اندیشہ کریں کسی قوم سے خیانت کا تو پھینک دو ان کی طرف (ان کا معاہدہ) واضح طور پر بیشک اللہ تعالیٰ دوست نہیں رکھتا خیانت کرنے والوں کو۔

Verse 59 — Surah Al-Anfal 8:59

اور ہر گز نہ خیال کریں کافر کہ وہ بچ کر نکل گئے ۔ یقیناً وہ (اللہ تعالیٰ کو ) عاجز نہیں کرسکتے۔

Verse 60 — Surah Al-Anfal 8:60

اور تیار رکھو ان کے لیے جتنی استطاعت رکھتے ہو، قوت و طاقت اور بندھے ہوئے گھوڑے تاکہ تم خوفزدہ کردو اپنی جنگی تیاریوں سے اللہ کے دشمن کو اور اپنے دشمن کو اور دوسررے لوگوں کو ان کھلے دشمنوں کے علادوہ تم نہیں جانتے ہو انھیں (البتہ ) اللہ جانتا ہے انھیں۔ اور جو چیز خرچ کرو گے راہ خدا میں اس کا اجر پورا پورا دیا جائے گا تمھیں اور (کسی طرح) تم پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔

Verse 61 — Surah Al-Anfal 8:61

اور اگر کفار مائل ہوں صلح کی طرف تو آپ بھی مائل ہوجائیے اس کی طرف اور بھروسہ کیجیے اللہ تعالیٰ پر بیشک وہی سب کچھ سننے والا جاننے والا ہے۔

Verse 62 — Surah Al-Anfal 8:62

اور اگر وہ ارادہ کریں کہ آپ کو دھو کہ دیں (تو آپ فکر مند کیوں ہوں) بیشک کافی ہے آپکو اللہ تعالیٰ وہی ہے جس نے آپ کی تائید کی اپنی نصرت اور مومنوں (کی جماعت) سے۔

Verse 63 — Surah Al-Anfal 8:63

اور اسی نے الفت پیدا کردی ان کے دلوں میں اگر آپ خرچ کرتے ہیں جو کچھ زمین میں ہے سب کا سب تو نہ الفت پیدا کرسکتے ان کے دلوں میں ۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے الفت پیدا کردی ان کے درمیان بلاشبہ وہ ربردست ہے حکمت والا ہے۔

Verse 64 — Surah Al-Anfal 8:64

اے نبی (مکرم) کافی ہے آپ کو اللہ تعالیٰ اور جو آپ کے فرمانبردار ہیں مومنوں سے۔

Verse 65 — Surah Al-Anfal 8:65

اے نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) ! برانگخیتہ کیجیے مومنوں کو جہاد پر اگر ہوں تم سے بیس آدمی صبر کرنے والے تو وہ غالب آئیں گے دو سو پر اور اگر ہوئے تم میں سے سو آدمی (صبر کرنے والے) تو غالب آئیں گے ہزار کافروں پر کیونکہ یہ کافر وہ لوگ ہیں جو کچھ نہیں سمجھتے۔

Verse 66 — Surah Al-Anfal 8:66

(اے مسلمانوں!) اب تخفیف کردی ہے اللہ تعالیٰ نے تم پر اور وہ جانتا ہے کہ تم میں کمزوری ہے ۔ تواگر ہوئے تم میں سے سو آدمی صبر کرنے والے تو وہ غالب آئیں گے دو سو پر ۔ اور اگر ہوئے تم میں سے ایک ہزار (صابر) تو وہ غالب آئیں گے دوہزار پر اللہ کے حکم سے اور اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

Verse 67 — Surah Al-Anfal 8:67

نہیں مناسب نبی کے لیے کہ ہوں اس کے پاس جنگی قیدی یہاں تک کہ غلبہ حاصل کرلے زمین میں تم چاہتے ہو دنیا کا سامان اور اللہ تعالیٰ چاہتا ہے (تمھارے لیے ) آخرت اور اللہ تعالیٰ بڑا غالب (اور) دانا ہے۔

Verse 68 — Surah Al-Anfal 8:68

اور اگر نہ ہوتا حکمِ الٰہی پہلے سے (کہ خطاء اجتہادی معاف ہے) تو ضرور پہنچتی تمھیں بوجہ اس کے جو تم نے لیا ہے بڑی سزا۔

Verse 69 — Surah Al-Anfal 8:69

سو کھاؤ جو تم نے غنیمت حاصل کی ہے حلال (اور) پاکیزہ ۔ اور ڈرتے رہو اللہ تعالیٰ سے یقیناً اللہ تعالیٰ بہت بخشنے والا ہمیشہ رحم فرمانے والا ہے۔

Verse 70 — Surah Al-Anfal 8:70

اے نبی (کریم (صلی اللہ علیہ وسلم) ) آپ فرمائیے ان قیدیوں سے جو تمھارے قبضہ میں ہیں۔ اگر جا ن لی اللہ تعالیٰ نے تمھارے دلوں مین کوئی خوبی تو عطا فرمائے گا تمھیں بہتر اس سے جو لیا گیا ہے تم سے اور بخشے گا تمھارے (قصور) اور اللہ تعالیٰ غفور رحیم ہے۔

Verse 71 — Surah Al-Anfal 8:71

اور اگر وہ ارادہ کریں آپ سے دھوکہ بازی کا (تو حیرت کیوں ہو) انھوں نے تو دھوکہ کیا ہے اللہ سے پہلے ہی (اسی لیے) اللہ تعالیٰ نے قابو دے دیا (تمھیں ) ان پر اور اللہ تعالیٰ علیم (و) حکیم ہے ۔

Verse 72 — Surah Al-Anfal 8:72

یقیناً جو لوگ ایمان لائے، ہجرت کی، اور جہاد کیا اپنے مالوں سے اور اپنی جانوں سے راہ خدا میں اور وہ جنھوں نے پناہ دی (مہاجرین کو ) اور (ان کی ) مدد کی ۔ یہی لوگ ایک دوسرے کے دوست ہیں اور جو لوگ ایمان تو لے آئے لیکن ہجرت نہیں کی۔ نہیں تمھارے لیے ان کی وراثت سے کوئی چیز یہاں تک کہ وہ ہجرت کریں۔ اور اگر وہ مدد طلب کریں تم سے دین کے معاملہ میں تو فرض ہے تم پر ان کی امدا د مگر ان قوم کے خلاف نہیں کہ تمھارے اور انکے درمیان (صلح کا ) معاہدہ ہوچکا ہے ۔ اور اللہ تعالیٰ جو کچھ تم کرتے ہو خوب دیکھ رہا ہے۔

Verse 73 — Surah Al-Anfal 8:73

اور وہ لوگ جنھوں نے کفر اختیار کیا وہ ایک دوسرے کے حمایتی ہیں اگر تم (ان حکموں پر) عمل نہیں کروگے تو برپا ہوجایگا فتنہ ملک میں اور (پھیل جائے گا ) بڑا فساد ۔

Verse 74 — Surah Al-Anfal 8:74

اور جو ایمان لائے اور ہجرت کی اور جہاد کیا راہ خدا میں اور جنھوں نے پناہ دی اور ان کی امداد کی وہی (خوش نصیب) لوگ سچے ایماندار ہیں۔ انھیں کے لیے بخشش ہے اور باعزت روزی۔

Verse 75 — Surah Al-Anfal 8:75

یہ قطع تعلق (کا اعلان) ہے اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے ان لوگوں سے جن سے تم نے معاہدہ کیا تھا مشرکوں میں سے۔