Back to Languages

Urdu - Chapter 89 - Al-Fajr

Translation by Muhammad Tahir Ul Qadri — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Fajr 89:1

اس صبح کی قَسم (جس سے ظلمتِ شب چھٹ گئی)٭o٭ مراد ہر روز کی صبح یا نمازِ فجر ہے یا بطورِ خاص ماہ ذی الحجہ کی پہلی صبح یا یکم محرم کی صبح ہے یا عید الاضحٰی کی صبح۔ اس سے مراد سیدنا محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی بھی ہے جن کی بعثت سے شبِ ظلمت کا خاتمہ ہوا اور صبحِ ایمان پھوٹی

Verse 2 — Surah Al-Fajr 89:2

اور دس (مبارک) راتوں کی قَسم٭o٭ مراد ماہِ رمضان کے آخری عشرہ کی راتیں یا پہلے عشرۂ محرّم کی راتیں ہیں یا اوّل عشرۂ ذی الحجہ کی راتیں ہیں جو برکات و درجات سے معمور ہیں

Verse 3 — Surah Al-Fajr 89:3

اور جفت کی قَسم اور طاق کی قَسم٭o٭ جفت (جوڑا) سے مراد کل مخلوق ہے جو جوڑوں کی صورت میں پیدا کی گئی ہے، اور طاق (فرد و تنہا) سے مراد خالق ہے جو وحدہ لا شریک ہے۔ یا شَفع یومِ نحر (قربانی) اور وَتر یومِ عرفہ (حج) ہے، یا شَفع سے مراد دنیا کے شب و روز ہیں اور وَتر سے مراد یومِ قیامت ہے جس کی کوئی شب نہ ہوگی۔ یا شَفع سے مراد سال بھر کی عام جفت راتیں ہیں اور وَتر سے مراد سال بھر کی برکت والی طاق راتیں ہیں، مثلاً شبِ معراج، شبِ برات اور شبِ قدر وغیرہ جو پے در پے رجب، شعبان اور رمضان میں آتی ہیں۔ یا شَفع سے مراد حضرت آدم علیہ السلام اور حضرت حواء علیہا السلام کا پہلا جوڑا ہے اور وَتر سے مراد تنہا حضرت آدم علیہ السلام، جن سے تخلیقِ انسانیت کی ابتداء ہوئی

Verse 4 — Surah Al-Fajr 89:4

اور رات کی قسم جب گزر چلے (مراد ہر شب ہے یا بطورِ خاص شبِ مزدلفہ یا شبِ قدر)

Verse 5 — Surah Al-Fajr 89:5

بیشک ان میں عقل مند کے لئے بڑی قسم ہے

Verse 6 — Surah Al-Fajr 89:6

کیا آپ نے نہیں دیکھا کہ آپ کے رب نے (قومِ) عاد کے ساتھ کیسا (سلوک) کیا؟

Verse 7 — Surah Al-Fajr 89:7

(جو اہلِ) اِرم تھے (اور) بڑے بڑے ستونوں (کی طرح دراز قد اور اونچے محلات) والے تھے

Verse 8 — Surah Al-Fajr 89:8

جن کا مثل (دنیا کے) ملکوں میں (کوئی بھی) پیدا نہیں کیا گیا

Verse 9 — Surah Al-Fajr 89:9

اور ثمود (کے ساتھ کیا سلوک ہوا) جنہوں نے وادئ (قری) میں چٹانوں کو کاٹ (کر پتھروں سے سینکڑوں شہروں کو تعمیر کر) ڈالا تھا

Verse 10 — Surah Al-Fajr 89:10

اور فرعون (کا کیا حشر ہوا) جو بڑے لشکروں والا (یا لوگوں کو میخوں سے سزا دینے والا) تھا

Verse 11 — Surah Al-Fajr 89:11

(یہ) وہ لوگ (تھے) جنہوں نے (اپنے اپنے) ملکوں میں سرکشی کی تھی

Verse 12 — Surah Al-Fajr 89:12

پھر ان میں بڑی فساد انگیزی کی تھی

Verse 13 — Surah Al-Fajr 89:13

تو آپ کے رب نے ان پر عذاب کا کوڑا برسایا

Verse 14 — Surah Al-Fajr 89:14

بیشک آپ کا رب (سرکشوں اور نافرمانوں کی) خوب تاک میں ہے

Verse 15 — Surah Al-Fajr 89:15

مگر انسان (ایسا ہے) کہ جب اس کا رب اسے (راحت و آسائش دے کر) آزماتا ہے اور اسے عزت سے نوازتا ہے اور اسے نعمتیں بخشتا ہے تو وہ کہتا ہے: میرے رب نے مجھ پر کرم فرمایا

Verse 16 — Surah Al-Fajr 89:16

لیکن جب وہ اسے (تکلیف و مصیبت دے کر) آزماتا ہے اور اس پر اس کا رزق تنگ کرتا ہے تو وہ کہتا ہے: میرے رب نے مجھے ذلیل کر دیا

Verse 17 — Surah Al-Fajr 89:17

یہ بات نہیں بلکہ (حقیقت یہ ہے کہ عزت اور مال و دولت کے ملنے پر) تم یتیموں کی قدر و اِکرام نہیں کرتے

Verse 18 — Surah Al-Fajr 89:18

اور نہ ہی تم مسکینوں (یعنی غریبوں اور محتاجوں) کو کھانا کھلانے کی (معاشرے میں) ایک دوسرے کو ترغیب دیتے ہو

Verse 19 — Surah Al-Fajr 89:19

اور وراثت کا سارا مال سمیٹ کر (خود ہی) کھا جاتے ہو (اس میں سے افلاس زدہ لوگوں کا حق نہیں نکالتے)

Verse 20 — Surah Al-Fajr 89:20

اور تم مال و دولت سے حد درجہ محبت رکھتے ہو

Verse 21 — Surah Al-Fajr 89:21

یقیناً جب زمین پاش پاش کر کے ریزہ ریزہ کر دی جائے گی

Verse 22 — Surah Al-Fajr 89:22

اور آپ کا رب جلوہ فرما ہوگا اور فرشتے قطار در قطار (اس کے حضور) حاضر ہوں گے

Verse 23 — Surah Al-Fajr 89:23

اور اس دن دوزخ پیش کی جائے گی، اس دن انسان کو سمجھ آجائے گی مگر (اب) اسے نصیحت کہاں (فائدہ مند) ہوگی

Verse 24 — Surah Al-Fajr 89:24

وہ کہے گا: اے کاش! میں نے اپنی (اس اصل) زندگی کے لئے (کچھ) آگے بھیج دیا ہوتا (جو آج میرے کام آتا)

Verse 25 — Surah Al-Fajr 89:25

سو اس دن نہ اس کے عذاب کی طرح کوئی عذاب دے سکے گا

Verse 26 — Surah Al-Fajr 89:26

اور نہ اس کے جکڑنے کی طرح کوئی جکڑ سکے گا

Verse 27 — Surah Al-Fajr 89:27

اے اطمینان پا جانے والے نفس

Verse 28 — Surah Al-Fajr 89:28

تو اپنے رب کی طرف اس حال میں لوٹ آکہ تو اس کی رضا کا طالب بھی ہو اور اس کی رضا کا مطلوب بھی (گویا اس کی رضا تیری مطلوب ہو اور تیری رضا اس کی مطلوب)

Verse 29 — Surah Al-Fajr 89:29

پس تو میرے (کامل) بندوں میں شامل ہو جا

Verse 30 — Surah Al-Fajr 89:30

اور میری جنتِ (قربت و دیدار) میں داخل ہو جا