Back to Languages

Urdu - Chapter 64 - At-Taghabun

Translation by Muhammad Taqi Usmani — Permalink

Verse 1 — Surah At-Taghabun 64:1

آسمانوں اور زمین میں جو چیز بھی ہے وہ اللہ کی تسبیح کرتی ہے، اور بادشاہی اسی کی ہے، اور تعریف اسی کی، اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔

Verse 2 — Surah At-Taghabun 64:2

وہی ہے جس نے تمہیں پیدا کیا، پھر تم میں سے کوئی کافر ہے، اور کوئی مومن، اور جو کچھ تم کرتے ہو، اللہ اسے خوب دیکھتا ہے۔

Verse 3 — Surah At-Taghabun 64:3

اس نے آسمانوں اور زمین کو برحق پیدا کیا ہے، اور تمہاری صورتیں بنائی ہیں اور تمہاری صورتیں اچھی بنائی ہیں، اور اسی کی طرف آخر کار (سب کو) پلٹ کر جانا ہے۔

Verse 4 — Surah At-Taghabun 64:4

آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، وہ اسے جانتا ہے، اور جو کچھ تم چھپ کر کرتے ہو اور جو کچھ کھلم کھلا کرتے ہو، اس کا بھی اسے پورا علم ہے، اور اللہ دلوں کی باتوں تک کا خوب جاننے والا ہے۔

Verse 5 — Surah At-Taghabun 64:5

کیا تمہارے پاس ان لوگوں کے واقعات نہیں پہنچے جنہوں نے پہلے کفر اختیار کیا تھا، پھر اپنے کاموں کا وبال چکھا، اور (آئندہ) ان کے حصے میں ایک دردناک عذاب ہے ؟

Verse 6 — Surah At-Taghabun 64:6

یہ سب کچھ اس لیے ہوا کہ ان کے پاس ان کے پیغمبر روشن دلائل لے کر آتے تھے تو وہ کہتے تھے کہ : کیا (ہم جیسے) انسان ہیں جو ہمیں ہدایت دیں گے ؟ غرض انہوں نے کفر اختیار کیا اور منہ موڑا، اور اللہ نے بھی بےنیازی برتی، اور اللہ بالکل بےنیاز ہے بذات خود قابل تعریف۔

Verse 7 — Surah At-Taghabun 64:7

جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے، وہ یہ دعوی کرتے ہیں کہ انہیں کبھی دوبارہ زندہ نہیں کیا جائے گا۔ کہہ دو : کیوں نہیں ؟ میرے پروردگار کی قسم ! تمہیں ضرور زندہ کیا جائے گا، پھر تمہیں بتایا جائے گا کہ تم نے کیا کچھ کیا تھا، اور یہ اللہ کے لیے معمولی سی بات ہے۔

Verse 8 — Surah At-Taghabun 64:8

لہذا اللہ پر اور اس کے رسول پر اور اس روشنی پر ایمان لاؤ جو ہم نے نازل کی ہے، اور تم جو کچھ کرتے ہو، اللہ اس سے پوری طرح باخبر ہے۔

Verse 9 — Surah At-Taghabun 64:9

(یہ دوسری زندگی) اس دن (ہوگی) جب اللہ تمہیں روز حشر میں اکٹھا کرے گا۔ وہ ایسا دن ہوگا جس میں کچھ لوگ دوسروں کو حسرت میں ڈال دیں گے۔ اور جو شخص اللہ پر ایمان لایا ہوگا، اور اس نے نیک عمل کیے ہوں گے، اللہ اس کے گناہوں کو معاف کردے گا، اور اس کو ایسے باغوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی، جن میں وہ ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے۔ یہ ہے بڑی کامیابی۔

Verse 10 — Surah At-Taghabun 64:10

اور جن لوگوں نے کفر اختیار کیا ہوگا، اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا ہوگا وہ دوزخ والے ہوں گے جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔

Verse 11 — Surah At-Taghabun 64:11

کوئی مصیبت اللہ کے حکم کے بغیر نہیں آتی، اور جو کوئی اللہ پر ایمان لاتا ہے وہ اس کے دل کو ہدایت بخشتا ہے، اور اللہ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے۔

Verse 12 — Surah At-Taghabun 64:12

اور تم اللہ کی فرمانبرداری کرو، اور رسول کی فرمانبرداری کرو۔ پھر اگر تم نے منہ موڑا تو ہمارے رسول کی ذمہ داری صرف یہ ہے کہ وہ صاف صاف بات پہنچا دے۔

Verse 13 — Surah At-Taghabun 64:13

اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، اور مومنوں کو اللہ ہی پر بھروسہ کرنا چاہیے۔

Verse 14 — Surah At-Taghabun 64:14

اے ایمان والو ! تمہاری بیویوں اور تمہاری اولاد میں سے کچھ تمہارے دشمن ہیں، اس لیے ان سے ہوشیار رہو۔ اور اگر تم معاف کردو اور درگزر کرو، اور بخش دو تو اللہ بہت بخشنے والا، بہت مہربان ہے۔

Verse 15 — Surah At-Taghabun 64:15

تمہارے مال اور تمہاری اولاد تو تمہارے لیے ایک آزمائش ہیں۔ اور وہ اللہ ہی ہے جس کے پاس بڑا اجر ہے۔

Verse 16 — Surah At-Taghabun 64:16

لہذا جہاں تک تم سے ہوسکے اللہ سے ڈرتے رہو، اور سنو اور مانو اور (اللہ کے حکم کے مطابق) خرچ کرو، یہ تمہارے ہی لیے بہتر ہے، اور جو لوگ اپنے دل کی لالچ سے محفوظ ہوجائیں، وہی فلاح پانے والے ہیں۔

Verse 17 — Surah At-Taghabun 64:17

اگر تم اللہ کو اچھی طرح قرض دو گے تو اللہ تمہارے لیے اس کو کئی گنا بڑھا دے گا، اور تمہارے گناہ بخش دے گا، اور اللہ بڑا قدردان، بہت بردبار ہے۔

Verse 18 — Surah At-Taghabun 64:18

وہ ہر بھید کا اور ہر کھلی ہوئی چیز کا جاننے والا ہے، بڑے اقتدار کا، بڑی حکمت کا مالک۔