Back to Languages

Urdu - Chapter 29 - Al-Ankabut

Translation by Muhammad Karam Shah Al Azhari — Permalink

Verse 1 — Surah Al-Ankabut 29:1

الف ۔ لام ۔ میم

Verse 2 — Surah Al-Ankabut 29:2

کیا لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ انھیں صرف اتنی بات پر چھوڑ دیا جائیگا کہ وہ کہیں ہم ایمان لے آئے اور انھیں آزمایا نہیں جائیگا

Verse 3 — Surah Al-Ankabut 29:3

اور بےشک ہم نے آزمایا تھا ان لوگوں کو جو ان سے پہلے گزرے پس اللہ تعالیٰ ضرور دیکھے گا انھیں جو (دعوائے ایمان میں) سچے تھے اور ضرور دیکھے گا (ایمان کے ) جھوٹے (دعویداروں ) کو

Verse 4 — Surah Al-Ankabut 29:4

کیا خیال کر رکھا ہے انھوں نے جو کر ہے ہیں برے کرتوت کہ وہ ہم سے آگے نکل جائیں گے بڑا غلط فیصلہ ہے جو وہ کر رہے ہیں

Verse 5 — Surah Al-Ankabut 29:5

جو شخص امید رکھتا ہے اللہ تعالیٰ سے ملنے کی تو (وہ سن لے) کہ اللہ تعالیٰ کی ملاقات کا وقت ضرور آنے والا ہے اور وہی ہر بات سننے والا ، ہر چیز کو جاننے والا ہے

Verse 6 — Surah Al-Ankabut 29:6

اور جو شخص کوشش کرتا ہے (حق کو سر بلند کرنے کی) تو وہ اپنے فائدے کے لیے ہی کوشاں ہے بیشک اللہ تعالیٰ غنی ہے تمام کائنات سے

Verse 7 — Surah Al-Ankabut 29:7

اور جو لوگ ایمان لائے اور جنھوں نے نیک عمل کیے تو ہم دور کر دیں گے ان سے ان کی برائیوں (کی نحوست) کو اور ہم انھیں بہت عمدہ بدلہ دیں گے ان (اعمال حسنہ) کا جو وہ کیا کرتے تھے

Verse 8 — Surah Al-Ankabut 29:8

اور ہم نے حکم دیا انسان کو کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرے اور اگر وہ یہ کوشش کریں تیرے ساتھ کہ تو شریک بنائے کسی کو میرا جس کے متعلق تجھے کوئی علم نہیں تو ( اس بات میں) ان کی اطاعت نہ کر میری طرف ہی تمھیں لوٹنا ہے ۔ پھر میں آگاہ کرونگا تمھیں ان اعمال سے جو تم کیا کرتے تھے

Verse 9 — Surah Al-Ankabut 29:9

اور جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے نیک اعمال بھی کیے تو ہم ضرور شامل کر لیں گے ۔ انھیں نیکوں (کے زمرہ) میں

Verse 10 — Surah Al-Ankabut 29:10

اور بعض لوگ ہیں جو کہتے ہیں ہم ایمان لے آئے اللہ تعالیٰ پر ۔ پھر جب ستایا جائے اسے راہ خدا میں تو بنا لیتا ہے لوگوں کی آزمائش کو اللہ تعالیٰ کے عذاب کے برابر اور اگر آجائے نصرت آپ کے رب کی طرف سے تو وہ کہنے لگتے ہیں ہم تو تمھارے ساتھ تھے کیا نہیں ہے اللہ تعالیٰ خوب جاننے والا ہر اس چیز کو جو لوگوں کے سینوں میں (پنہاں ) ہے

Verse 11 — Surah Al-Ankabut 29:11

اور ضرور دیکھ لے گا اللہ تعالیٰ انھیں جو ایمان لائے اور ضرور دیکھ لے گا منافقوں کو

Verse 12 — Surah Al-Ankabut 29:12

اور کہا کافروں نے ایمان والوں سے تم چلو ہماری راہ پر اور ہم اٹھا لیں گے تمھارے گناہوں (کے بوجھ) کو اور وہ نہیں اٹھا سکتے ان کے گناہوں سے کچھ بھی وہ بالکل جھوٹ بول رہے ہیں

Verse 13 — Surah Al-Ankabut 29:13

اور وہ ضرور اٹھائیں گے اپنے بوجھ اور دوسرے کئی بوجھ اپنے (گناہوں کے ) بوجھوں کے ساتھ اور ان سے باز پرس ہو گی قیامت کے دن ان (جھوٹوں) کے متعلق جو وہ گھڑا کرتے تھے

Verse 14 — Surah Al-Ankabut 29:14

اور بےشک ہم نے بھیجا نوح (علیہ السلام ) کو ان کی قوم کی طرف تو وہ ٹھیرے رہے ان میں پچا س کم ہزار سال ۔ آخر کا ر آلیا انھیں طوفان نے اس حال میں کہ وہ ظالم تھے

Verse 15 — Surah Al-Ankabut 29:15

پس ہم نے نجات دی نوح کو اور کشتی والوں کو اور ہم نے بنا دیا اس کشتی کو ایک نشانی سارے جہان والوں کے لیے

Verse 16 — Surah Al-Ankabut 29:16

اور ابراہیم کو یاد کرو جب آپ نے فرمایا اپنی قوم کو کہ عبادت کرو اللہ تعالیٰ کی اور اس سے ڈرتے رہا کرو۔ یہی بہتر ہے تمھارے لیے اگر تم (حقیقت کو) جانتے ہو

Verse 17 — Surah Al-Ankabut 29:17

تم تو پوجا کرتے ہو اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر بتوں کی اور تم گھڑا کرتے ہو نرا جھوٹ بیشک جن کو تم پوجتے ہو اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر وہ مالک نہیں تمھارے رزق کے پس طلب کیا کرو اللہ تعالیٰ سے رزق کو اور اس کی عبادت کیا کرو اور اس کا شکر ادا کیا کرو اسی کی طرف تم لوٹائے جاؤ گے

Verse 18 — Surah Al-Ankabut 29:18

اور اگر تم جھٹلاتے ہو تو (یہ کوئی نئی بات نہیں) جھٹلایا (اپنے نبیوں کو) ان امتوں نے بھی جو تم سے پہلے تھیں ۔ اور رسول پر فرض نہیں بجز اس کے کہ وہ (اللہ کا حکم) صاف طور پر پہنچا دے ۔

Verse 19 — Surah Al-Ankabut 29:19

کیا انھوں نے کبھی نہیں دیکھا کہ کس طرح آغاذ فرماتا ہے اللہ تعالیٰ پیدا کرنے کا ۔ پھر وہ (کس طرح) اس کا اعادہ کرتا ہے بلاشبہ یہ بات اللہ تعالیٰ کے لیے بالکل آسان ہے

Verse 20 — Surah Al-Ankabut 29:20

فرمائیے سیر وسیاحت کرو زمین میں اور غور سے دیکھو کس طرح اس نے خلق کی ابتدا فرمائی پھر اللہ تعالیٰ (اسی طرح) پیدا فرمائے گا دوسری بار۔ بیشک اللہ تعالیٰ پر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے

Verse 21 — Surah Al-Ankabut 29:21

سزا دیتا ہے جسے چاہتا ہے اور رحم فرماتا ہے جس پر چاہتا ہے اور اسی کی طرف تم پھیرے جاؤ گے

Verse 22 — Surah Al-Ankabut 29:22

اور نہیں ہو تم بےبس کرنے والے (اللہ تعالیٰ کو) زمین میں (بھاگ کر) اور نہ آسمان میں (پناہ لے کر) اور نہیں ہے تمھارے لیے اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی دوست اور نہ کوئی مددگار

Verse 23 — Surah Al-Ankabut 29:23

اور جن لوگوں نے انکار کیا اللہ تعالیٰ کی آیات کا اور اس کی ملاقات کا ، وہ لوگ مایوس ہو گئے ہیں میری رحمت سے اور وہی لوگ ہیں جن کے لیے عذاب الیم ہے

Verse 24 — Surah Al-Ankabut 29:24

آپ کی قوم سے کوئی جواب نہ بن پایا بجز اس کے کہ انھوں نے کہا اسے قتل کر ڈالو یا اسے جلا دو۔ سو بچا لیا اسے اللہ تعالیٰ نے آگ سے بیشک اس واقعہ میں نشانیاں ہیں ان لوگوں کے لیے جو ایمان لائے ہیں

Verse 25 — Surah Al-Ankabut 29:25

اور ابراہیم نے کہا کہ تم نے بنا لیے ہے اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر بتوں کو باہمی محبت (و پیار) کا ذریعہ اس دنیوی زندگی میں پھر قیامت کے دن تم انکار کرو گے ایک دوسرے کا اور پھٹکار بھیجو گے ایک دوسرے پر اور تمھارا ٹھکانا آتشِ (جہنم ) ہوگا اور نہیں ہوگا تمھارا کوئی مددگار

Verse 26 — Surah Al-Ankabut 29:26

تو ایمان لائے ان پر لوط اور ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا میں ہجرت کرنے والا ہوں اپنے رب کی طرف بیشک وہی سب پر غالب بڑا دانا ہے

Verse 27 — Surah Al-Ankabut 29:27

اور ہم نے عطا فرمایا آپ کو اسحق (جیسا فرزند) اور یعقوب (جیسا پوتا) اور ہم نے رکھ دی ان کی اولادمیں نبوت اور کتاب۔ اور ہم نے دیا ان کو ان ( کی جانثاری) کا اجر اس دنیا میں اور بلاشبہ وہ آخرت میں صالحین (کے زمرہ ) میں ہوں گے

Verse 28 — Surah Al-Ankabut 29:28

اور (ہم نے ) لوط کو رسول بنا کر بھیجا جب انھوں نے اپنی قوم سے کہا تم ایسی بےحیائی کا ارتکاب کرتے ہو کہ نہیں پہل کی تم سے اس (بے حیائی ) کی طرف کسی قوم نے دنیا بھر میں

Verse 29 — Surah Al-Ankabut 29:29

کیا تم بد فعلی کرتے ہو مردوں کے ساتھ اور ڈاکے ڈالتے ہو عام راستوں پر ۔ اور اپنی کھلی مجلسوں میں گناہ کرتے ہو تو نہیں تھا کوئی جواب آپ کی قوم کے پاس بجز اس کے کہ انھوں نے کہا اے لوط! لے آؤ ہم پر اللہ کا عذاب اگر تم (اپنے دعویٰ میں ) سچے ہو

Verse 30 — Surah Al-Ankabut 29:30

آپ نے عرض کی میرے مالک ! مدد فرما میری ان فسادی لوگوں کے مقابلہ میں

Verse 31 — Surah Al-Ankabut 29:31

اور جب آئے ہمارے فرشتے ابراہیم کے پاس خوشخبری لے کر ۔ انھوں نے بتایا کہ ہم ہلاک کر نے والے ہیں ۔ اس گاؤں کے باشندوں کو بیشک یہاں کے رہنے والے بڑے ظالم تھے

Verse 32 — Surah Al-Ankabut 29:32

آپ نے کہا اس میں تو لوط بھی رہتا ہے ۔ فرشتوں نے عرض کی ہم خوب جانتے ہیں جو وہاں رہتے ہیں ۔ ہم ضرور بچا لیں گے اسے اور اس کے گھر والوں کو سوائے اس کی عورت کے وہ پیچھے رہ جانے والوں میں سے ہے

Verse 33 — Surah Al-Ankabut 29:33

اور جب آئے ہمارے فرشتے لوط (علیہ السلام) کے پاس تو بڑے غمزدہ ہوئے ان کی آمد سے اور دل تنگ ہوئے اور (انھیں پریشان دیکھ کر) فرشتوں نے کہا نہ خوفزدہ ہو اور نہ رنجیدہ خاطرہم نجات دینے والے ہیں تجھے اور تیرے کنبہ کو سوائے تمھاری بیوی کے ، وہ پیچھے رہ جانے والوں میں ہے

Verse 34 — Surah Al-Ankabut 29:34

بیشک ہم اتارنے والے ہیں اس بستی کے باشندوں پر عذاب آسمان سے اس وجہ سے کہ وہ نافرمانیاں کیا کرتے تھے

Verse 35 — Surah Al-Ankabut 29:35

اور بےشک ہم نے باقی رہنے دئیے اس بستی کے کچھ واضح آثار ان لوگوں (کی عبرت) کے لیے جو عقلمند ہیں

Verse 36 — Surah Al-Ankabut 29:36

اور (ہم نے بھیجا) مدین کی طرف ان کے بھائی شعیب کو آپ نے کہا اے میری قوم! عبادت کرو اللہ تعالیٰ کی اور امید رکھو پیچھے آنے والے دن کی اور ملک میں فتنہ و فساد برپا نہ کرو

Verse 37 — Surah Al-Ankabut 29:37

پھر انھوں نے آپ کو جھٹلایا تو آلیا انھیں زلزلہ (کے جھٹکوں ) نے، پس صبح ہوئی تو وہ اپنے گھروں میں گھٹنوں کے بل گرے پڑے تھے

Verse 38 — Surah Al-Ankabut 29:38

اور (ہم نے برباد کیا) عاد اور ثمود کو ۔ اور واضح ہیں تمھارے لیے ان کے مکانات۔ اور آراستہ کر دیا ان کے لیے شیطان نے ان کے (بُرے ) عملوں کو اور روک لیا انھیں راہ (راست) سے حالانکہ وہ اچھے بھلے سمجھدار تھے

Verse 39 — Surah Al-Ankabut 29:39

اور (ہم نے ہلاک کر دیا) قارون ، فرعون اور ہامان کو۔ اور بلاشبہ تشریف لائے ان کے پاس موسیٰ روشن دلیلوں کے ساتھ پھر بھی وہ غرور تکبر کرتے رہے زمین میں اور وہ (ہم سے) آگے بڑھ جانیوالے نہ تھے

Verse 40 — Surah Al-Ankabut 29:40

پس ہر (سر کش ) کو ہم نے پکڑا اس کے گناہ کے باعث ۔ پس ان میں سے بعض پر ہم نے برسائے پتھر اور ان میں سے بعض کو آلیا شدید کڑک نے اور بعض کو ہم نے غرق کر دیا زمین میں ۔ اور بعض کو ہم نے (دریا میں ) ڈبو دیا۔ اور اللہ تعالیٰ کا یہ طریقہ نہیں کہ وہ ان پر ظلم کرے بلکہ وہ اپنی جانوں پر ظلم ڈھاتے رہے تھے

Verse 41 — Surah Al-Ankabut 29:41

ان نادانوں کی مثال جنھوں نے بنا لیے اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر اور دوست، مکڑی کی سی ہے اس نے (جالے کا) گھر بنایا۔ اور (تم سب جانتے ہو) کہ تمام گھروں سے کمزور ترین مکڑی کا گھر ہوا کرتا ہے ۔ کاش! وہ بھی اس (حقیقت ) کو جانتے

Verse 42 — Surah Al-Ankabut 29:42

یقیناً اللہ تعالیٰ جانتا ہے جس چیز کو وہ پوجتے ہیں اس کو چھوڑ کر اور وہی سب پر غالب حکمت والا ہے

Verse 43 — Surah Al-Ankabut 29:43

اور یہ مثالیں ہیں ہم بیان کرتے ہیں انھیں لوگوں (کو سمجھانے) کے لیے اور نہیں سمجھتے انھیں مگر اہل علم

Verse 44 — Surah Al-Ankabut 29:44

پیدا فرمایا ہے اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ ۔ بیشک اس میں (اس کی قدرت کی) نشانی ہے ایمان والوں کے لیے

Verse 45 — Surah Al-Ankabut 29:45

پیدا فرمایا ہے اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو حق کے ساتھ ۔ بیشک اس میں (اس کی قدرت کی) نشانی ہے ایمان والوں کے لیے

Verse 46 — Surah Al-Ankabut 29:46

اور (اے مسلمانو!) بحث مباحثہ نہ کیا کرو اہل کتاب سے مگر شائستہ طریقہ سے مگر وہ جنھوں نے ظلم کیا ان سے اور تم کہو ہم ایمان لاتے ہیں اس پر جو اتارا گیا ہماری طرف اور ہمارا خدا اور تمھارا خدا ایک ہی ہے اور ہم اس کے سامنے گردن جھکا نیوالے ہیں

Verse 47 — Surah Al-Ankabut 29:47

اور (اے حبیب!) اس طرح ہم نے نازل کی آپ کی طرف کتاب۔ پس وہ جنھیں ہم نے دی تھی کتاب (تورات) وہ ایمان لاتے ہیں قرآن پر ۔ اور ان اہل مکہ سے بھی کئی لوگ ایمان لا رہے ہیں قرآن پر اور نہیں انکار کرتے ہماری آیتوں کا مگر کفار

Verse 48 — Surah Al-Ankabut 29:48

اور نہ آپ پڑھ سکتے تھے اس سے پہلے کوئی کتاب اور نہ ہی اسے لکھ سکتے تھے اپنے دائیں ہاتھ سے (اگر آپ لکھ پڑھ سکتے ) تو ضرور شک کرتے اہل باطل

Verse 49 — Surah Al-Ankabut 29:49

بلکہ وہ روشن آیتیں ہیں جو ان کے سینوں میں محفوظ ہے جنھیں علم دیا گیا ۔ اور ظالموں کے بغیر ہماری آیتوں کا کوئی انکار نہیں کر سکتا

Verse 50 — Surah Al-Ankabut 29:50

اور انہوں نے کہا کیوں نہ اتاری گئیں ان پر نشانیاں ان کے رب کی طرف سے ۔ آپ فرمائیے نشانیاں تو اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہیں۔ اور میں تو صاف صاف ڈرانے والا ہوں

Verse 51 — Surah Al-Ankabut 29:51

کیا انھیں یہ کافی نہیں کہ ہم نے آپ پر اتاری ہے کتاب جو انھیں پڑھ کر سنائی جاتی ہے۔ بےشک اس میں رحمت اور نصیحت ہے مومنوں کے لیے

Verse 52 — Surah Al-Ankabut 29:52

آپ فرمائیے کافی ہے اللہ تعالیٰ میرے اور تمھارے درمیان گواہ۔ وہ جانتا ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے اور وہ لوگ جو ایمان لائے ہیں باطل پر اور انکار کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کا ۔ وہی لوگ گھاٹے میں ہیں

Verse 53 — Surah Al-Ankabut 29:53

وہ آپ سے جلدی عذاب نازل ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ اور اگر میعاد مقرر نہ ہوتی تو آجاتا ان پر عذاب اور (اپنے وقت پر) وہ ان پر اچانک آئیگا اور انھیں ہوش تک نہ ہو گا

Verse 54 — Surah Al-Ankabut 29:54

وہ آپ سے جلدی عذاب لانے کا مطالبہ کرتے ہیں (ذرا سی دیر ہے) جہنم یقینا گھیر لے گا ان کافروں کو

Verse 55 — Surah Al-Ankabut 29:55

جس دن ڈھانپ لے گا انھیں عذاب ان کے عذاب کے اوپر سے اور ان کے پاؤں کے نیچے سے اور اللہ تعالیٰ فرمائیگا لو اب چکھو اپنے کرتوتوں کا مزہ

Verse 56 — Surah Al-Ankabut 29:56

اے میرے بندو! جو ایمان لائے ہو میری زمین بڑی کشادہ ہے سو میری ہی تم عبادت کیا کرو

Verse 57 — Surah Al-Ankabut 29:57

ہر ایک موت کا مزہ چکھنے والا ہے پھر ہماری طرف ہی تم لوٹائے جاؤ گے

Verse 58 — Surah Al-Ankabut 29:58

اور جو لوگ ایمان لائے اور انھوں نے نیک عمل کیے ، انھیں ہم ٹھہرائیں گے جنت کے بالاخانوں میں رواں ہوں گی جن کے نیچے نہریں وہ وہاں ہمیشہ ہمیشہ رہیں گے ۔ کتنا عمدہ صلہ ہے نیک کام کرنے والوں کا

Verse 59 — Surah Al-Ankabut 29:59

وہ جنھوں نے (ہر حال میں ) صبر کیا اور صرف اپنے رب پر بھروسہ کیے ہوئے ہیں

Verse 60 — Surah Al-Ankabut 29:60

اور کتنے ہی زمین پر چلنے والے ہیں جو اٹھائے نہیں پھرتے اپنا رزق۔ اللہ تعالیٰ رزق دیتا ہے انھیں بھی اور تمھیں بھی اور وہ سب باتیں سننے والا سب کچھ جاننے والا ہے

Verse 61 — Surah Al-Ankabut 29:61

اور (اے حبیب!) اگر آپ پوچھیں ان (مشرکوں) سے کہ کس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو اور کس نے فرمانبردار بنا دیا ہے سورج اور چاند کو تو وہ ضرور کہیں گے ، اللہ تعالیٰ نے ، پھر وہ کہاں توحید سے پھیرے جاتے ہیں

Verse 62 — Surah Al-Ankabut 29:62

اللہ تعالیٰ کشادہ کرتا ہے رزق کو جس کے لیے چاہتا ہے اپنے بندوں سے اور تنگ کرتا ہے جس کے لیے چاہتا ہے ۔ بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز کو خوب جاننے والا ہے

Verse 63 — Surah Al-Ankabut 29:63

اور اگر پوچھیں ان سے کہ کس نے اتارا آسمان سے پانی ، پھر زندہ کر دیا اس کے ساتھ زمین کو اس کے بنجر بن جانے کے بعد تو ضرور کہیں گے اللہ تعالیٰ نے آپ فرمائیے الحمد للہ (حق واضح ہو گیا) بلکہ ان میں سے اکثر لوگ نادان ہیں

Verse 64 — Surah Al-Ankabut 29:64

اور نہیں یہ دنیوی زندگی مگر لہو و لعب اور دار آخرت کی زندگی ہی حقیقی زندگی ہے (جسے موت نہیں) کاش! وہ اس حقیقت کو جانتے

Verse 65 — Surah Al-Ankabut 29:65

پھر جب سوار ہوتے ہیں کشتی میں تو دعا مانگتے ہیں اللہ تعالیٰ سے خالص کرتے ہوئے اس کے لیے اپنے دین کو پھر جب وہ سلامتی سے پہنچاتا ہے انھیں خشکی پر تو اس وقت وہ شرک کرنے لگتے ہیں

Verse 66 — Surah Al-Ankabut 29:66

وہ ناشکری کر لیں جو نعمت ہم نے انھیں دی ہے اور لطف اٹھا لیں (اس سے ) وہ عنقریب جان لیں گے (حقیقت کو)

Verse 67 — Surah Al-Ankabut 29:67

کیا انھوں نے (غور سے) نہیں دیکھا کہ ہم نے بنا دیا ہے حرم کو امن والا حالانکہ اچک لیا جاتا ہے لوگوں کو ان کے آس پاس سے کیا وہ باطل پر ایمان لاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی نعمت کی نا شکری کرتے ہیں

Verse 68 — Surah Al-Ankabut 29:68

اور کون زیادہ ظالم ہے اس شخص سے جس نے اللہ تعالیٰ پر جھوٹا بہتان لگایا یا حق کو جھٹلایا جب وہ اس کے پاس آیا کیا نہیں ہے جہنم میں ٹھکانا کفار کے لیے

Verse 69 — Surah Al-Ankabut 29:69

اور جو (بلند ہمت) مصروف جہاد رہتے ہیں ہمیں راضی کرنے کے لیے ہم ضرور دکھا دینگے انھیں اپنے راستے ۔ اور بلا شبہ اللہ تعالیٰ (ہر وقت) محسنین کے ساتھ ہے